’مودی نے اپنی فیملی کا خیال کہاں رکھا؟‘ شرد پوار نے پی ایم مودی کے تبصرہ پر کیا جوابی حملہ

شرد پوار کا کہنا ہے کہ وہ اس پر زیادہ بات نہیں کرنا چاہتے کہ مودی جی نے اپنی فیملی کا کتنا خیال رکھا، ان کا خاندانی پس منظر فکر انگیز ہے اور ہم ان کی ذاتی چیزوں پر نہیں بولیں گے۔

شرد پوار، فائل تصویر آئی اے این ایس
شرد پوار، فائل تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

وزیر اعظم نریندر مودی گزشتہ 2 مئی کو ایک انٹرویو دیا تھا جس میں کہا تھا کہ ’’این سی پی میں ٹوٹ ہماری وجہ سے نہیں ہوئی۔ پارٹی کی قیادت کے سوال پر پوار کے گھر میں جھگڑا ہو گیا۔‘‘ ساتھ ہی پی ایم مودی نے یہ سوال بھی اٹھایا تھا کہ اس عمر میں وہ (شرد پوار) فیملی کا خیال نہیں رکھ سکتے، وہ مہاراشٹر کو کیا سنبھالیں گے؟ شرد پوار نے اب اس بیان پر جوابی حملہ کیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ’’مودی نے اپنی فیملی کا خیال کہاں رکھا؟ میں اس پر نہیں جانا چاہتا۔ ان کا خاندانی پس منظر فکر انگیز ہے۔ لیکن ہم ان کی ذاتی چیزوں پر نہیں بولیں گے۔‘‘

’ٹی وی 9 نیٹورک‘ کو دیے گئے اپنے انٹرویو میں پی ایم مودی نے ادھو ٹھاکرے سے متعلق بھی کچھ باتیں کہی تھیں۔ انھوں نے کہا تھا کہ ’’ادھو ٹھاکرے میرے دشمن نہیں ہیں۔ مشکل وقت میں ان کی مدد کرنے والا میں پہلا شخص رہوں گا۔‘‘ اس کے جواب میں شرد پوار نے کہا کہ ’’انھوں نے (پی ایم مودی نے) لاکھ یہ بات کہی ہو، لیکن ہم دعا کرتے ہیں کہ ادھو ٹھاکرے کے لیے ایسا وقت کبھی نہ آئے جب انھیں مودی سے مدد مانگنے کی ضرورت پڑے۔‘‘


این سی پی-ایس پی چیف شرد پوار نے وزیر اعظم نریندر مودی کو کچھ دوسری باتوں کو لے کر بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ پی ایم مودی نے کئی وعدے کیے، لیکن انھیں پورا نہیں کیا۔ پی ایم مودی نے منموہن سنگھ کی تنقید کی اور ان پر تبصرہ کیا، لیکن آج وہ انہی کے فیصلوں کو نافذ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پی ایم مودی سے عوام ناخوش ہیں اور یہ انتخابی نتائج میں دکھائی دے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔