پونچھ میں آئی اے ایف کے قافلے پر دہشت گردانہ حملہ، ایک جوان  شہید

پونچھ کے جنگلات میں چھپے دہشت گردوں نے فضائیہ کے جوانوں پر گھات لگا کر حملہ کیا۔ حملے  میں  زخمی ہوئے فوجیوں کو ادھم پور کے اسپتال لے جایا گیا۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

کل 04 مئی کو جموں و کشمیر کے پونچھ علاقے میں ہندوستانی فضائیہ کے قافلے پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک فوجی شہید ہوگیا، جب کہ دوسرے کی حالت تشویشناک ہے۔ ساتھ ہی باقی تین فوجیوں کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔ یہ حملہ اس وقت ہوا جب سیکورٹی فورسز کی گاڑیاں سورن کوٹ علاقے میں سنائی ٹاپ کی طرف بڑھ رہی تھیں۔

نیو ز پورٹل ’اے بی پی ‘ پر شائع خبر کے مطابق ہندوستانی فضائیہ نے اس معاملے پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا، "دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پانچ فضا ئیہ کے اہل کاروں کو گولی لگ گئی جس میں ایک اپنے زخموں کی تاب نہ لا سکا اور وہ شہید ہو گیا ۔‘‘


دہشت گردوں کی اس بزدلانہ کارروائی پر کئی ردعمل بھی سامنے آئے۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر حملے کی مذمت کی۔ راہل گاندھی نے کہا، "جموں و کشمیر کے پونچھ میں ہمارے فوجی قافلے پر بزدلانہ دہشت گردانہ حملہ انتہائی شرمناک اور افسوسناک ہے۔ میں شہید فوجی کو عاجزانہ خراج عقیدت پیش کرتا ہوں اور ان کے سوگوار خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ زخمی فوجیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔"

پرینکا گاندھی نے کہا، "جموں و کشمیر کے پونچھ میں فوجی قافلے پر دہشت گردانہ حملہ ایک انتہائی افسوسناک، شرمناک اور بزدلانہ کارروائی ہے۔ مہذب معاشرے میں تشدد اور دہشت کے لیے کوئی جگہ نہیں ہو سکتی۔ اس طرح کی کارروائیوں کی کتنی ہی سختی سے مذمت کی جائے۔ ، شہید فوجی کو میری عاجزانہ خراج عقیدت اور سوگوار خاندان کے ساتھ میری گہری تعزیت۔‘‘


جائے وقوعہ پر ہندوستانی فضائیہ کی گروڈ اسپیشل فورس کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔ فوج اور جموں و کشمیر کے جوان اس واقعہ میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف تلاشی آپریشن میں مصروف ہیں۔ اس کے ساتھ بھارتی فوج کی اضافی نفری بھی بھیجی گئی ہے۔ فضائیہ کے قافلے پر حملے کی منظر عام پر آنے والی تصاویر میں گولیوں کے نشانات واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔

قبل ازیں، فضائیہ نے ٹویٹر پر ایک پوسٹ میں کہا، ’پونچھ ضلع میں شاہستار کے قریب دہشت گردوں نے ہندوستانی فضائیہ کی گاڑی پر حملہ کیا۔ مقامی فوجی یونٹوں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ قافلہ محفوظ ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔  دوپہر، دہشت گردوں نے ضلع کے مینڈھر علاقے میں گرسائی جنگلات کے قریب فضائیہ کی گاڑی پر فائرنگ شروع کر دی۔ راشٹریہ رائفلز اور دیگر سیکورٹی فورسز کے دستے فوراً موقع پر پہنچ گئے اور دہشت گردوں کے خلاف جوابی کارروائی شروع کردی۔‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔