ہریانہ میں ووٹنگ فیصد بڑھانے کے لیے الیکٹورل افسر کا دلچسپ منصوبہ، شادی-بیاہ کی طرح ووٹروں کو بھیجا جائے گا دعوت نامہ

ریاستی الیکٹورل آفیسرنے اس بار ہریانہ میں ووٹنگ فیصد 75 تک لے جانے کا ہدف رکھا ہے۔ ریاست میں چھٹے مرحلے میں 25 مئی کو ووٹنگ ہونی ہے اور انتخابات کا نوٹیفکیشن 29 اپریل کو جاری کیا جائے گا۔

<div class="paragraphs"><p>ووٹنگ کی علامتی تصویر</p></div>

ووٹنگ کی علامتی تصویر

user

قومی آوازبیورو

ہریانہ میں لوک سبھا انتخابات کے دوران ووٹنگ فیصد میں اضافہ کے لیے ہریانہ کے چیف الیکٹورل آفیسر انوراگ اگروال نے ایک دلچسپ منصوبہ تیار کیا ہے۔ انہوں نے ووٹروں کو ووٹنگ کے  لیے مدعو کرنے کے لیے باقاعدہ طور پر ایک دعوت نامہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ دعوت نامہ شادی-بیاہ کے دعوت نامے کی طرح ہوگا اور ووٹ دینے کے لیے آنے والے ووٹروں کا بوتھ سطح کے افسران بالکل شادی-بیاہ کی تقریب کی ہی طرح استقبال کریں گے۔

ریاستی الیکٹورل آفیسر انوراگ اگروال نے اپنے اس انوکھے طریقے کے بارے میں بتایا کہ دعوت نامہ ایک شادی کے دعوت نامے کی طرح ہی تیار کیا گیا ہے، جس میں لکھا ہوا ہے ’بھیج رہے ہیں سنیہ نمنترن (محبت بھرا دعوت نامہ) مت داتا (ووٹرس)  تمہیں بلانے کو، 25 مئی کو بھول نہ جانا، ووٹ ڈالنے آنے کو‘۔ اتنا ہی نہیں بلکہ دعوت نامے میں ووٹروں کو یہ پیغام بھی دیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے مقرر کردہ شیڈول کے مطابق لوک سبھا انتخاب 2024 کو ’منگل اتسو‘ کے مبارک موقع پر ووٹ ڈالنے کی دعوت دی جاتی ہے۔ پروگرام کی جگہ آپ کا پولنگ اسٹیشن ہے۔


انوراگ اگروال نے بتایا کہ ووٹرس کو ووٹ ڈالنے کی ترغیب دینے کے لیے ہر ضلع میں حلف بھی دلایا جا رہا ہے اور حلف برداری کی تقریبات میں شہری جوش و خروش سے حصہ لے رہے ہیں۔ ووٹروں کے ذریعے ’چناؤ کا پرو- دیش کا گرو‘ کے تحت حلف لیا جا رہا ہے کہ ’ہم ہندوستان کے شہری جمہوریت پر اپنا پورا اعتقاد رکھتے ہوئے یہ حلف لیتے ہیں کہ ہم اپنے ملک کی جمہوری روایات کے وقار کو برقرار رکھیں گے اور آزادانہ، منصفانہ اور پرامن انتخابات کے روایات کی پاسداری کرتے ہوئے، مذہب، نسل، ذات، برادری، زبان یا کسی اور لالچ سے متاثر ہوئے بغیر، بلا خوف و خطر تمام انتخابات میں اپنی حقِ رائے دہی کا استعمال کریں گے۔‘

چیف الیکٹورل آفیسر نے کہا کہ کمیشن نے ووٹروں کو ڈیجیٹل طور پر بااختیار بنانے کے لیے کئی موبائل ایپس بھی لانچ کیے ہیں۔ ان میں ’ناؤ یور کنڈیڈیٹ‘ (کے وائی سی) اور ’ووٹر ہیلپ لائن‘ ایپ نمایاں ہیں۔ کے وائی سی ایپ کے ذریعے ووٹر اپنے لوک سبھا حلقے کے امیدواروں کے بارے میں معلومات حاصل کر سکتے ہیں اور اگر امیدوار کا کوئی مجرمانہ پسِ منظر ہے تو وہ اسے چیک بھی کر سکتے ہیں۔ اسی طرح ووٹرس اپنے پولنگ اسٹیشن کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے ووٹر ہیلپ لائن ایپ ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔


انوراگ اگروال نے مزید بتایا کہ شہری علاقوں میں ووٹنگ فیصد بڑھانے کے لیے پہلی بار 30 اسمبلی حلقوں میں ’ووٹر اِن کیو موبائل‘ ایپ بھی لانچ گئی ہے۔ جس پر ووٹر بی ایل او سے رابطہ کرے گا اور بی ایل او ووٹر کو بتائے گا کہ اس وقت کتنے لوگ اپنا ووٹ ڈالنے کے لیے قطار میں کھڑے ہیں۔ ووٹرس اپنی سہولت کے مطابق بھیڑ کم ہونے پر ووٹ ڈالنے آسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں دیکھا گیا تھا کہ بعض اوقات ووٹرس پولنگ اسٹیشن پر ہجوم کو دیکھ کر ووٹ ڈالے بغیر واپس چلے جاتے تھے، اس لیے اس بار یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ ووٹنگ کا فیصد بڑھایا جا سکے۔

چیف الیکٹورل آفیسر نے کہا کہ ریاست میں نئے ووٹرس کے اندراج کی آخری تاریخ 26 اپریل 2024 ہے، اس لیے اگر کسی اہل شہری نے ابھی تک اپنا ووٹر کارڈ نہیں بنوایا ہے، تو وہ اسے فوری طور پر بنوالے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک ریاست میں رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد 1 کروڑ 99 لاکھ 81 ہزار 982 ہے۔ ان میں 1 کروڑ 6 لاکھ 4 ہزار 276 مرد اور 93 لاکھ 77 ہزار 244 خواتین ووٹرس ہیں۔ اس کے علاوہ 462 ٹرانس جینڈر(مخنس) ووٹرز بھی رجسٹرڈ ہیں۔ واضح رہے کہ ریاستی الیکٹورل آفیسرنے اس بار ہریانہ میں ووٹنگ فیصد 75 تک لے جانے کا ہدف رکھا ہے۔ ریاست میں چھٹے مرحلے میں 25 مئی کو ووٹنگ ہونی ہے اور انتخابات کا نوٹیفکیشن 29 اپریل کو جاری کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔