ویڈیو: بی جے پی امیدوار کو جوتو ں کی مالا پہنائی گئی!

مدھیہ پردیش میں بی جے پی، شیوراج حکومت اور اس کے رہنماؤں کے خلاف اب عوام کا غصہ پھوٹنے لگا ہے۔ گزشتہ روز ووٹ مانگنے کے لئے نکلے بی جے پی کے ایک امیدوار کو لوگوں نے جوتوں کی مالا پہنا دی۔

user

قومی آوازبیورو

عوام پوری طرح بی جے پی کی پالیسیوں سے عاجز آ چکے ہیں اور ان کا غصہ صاف ظاہر ہونے لگا ہے۔ آئے دن بی جے پی رہنماؤں کے تئیں لوگوں کی ناراضگی کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ تازہ معاملہ مدھیہ پردیش کا ہے جہاں بلدیاتی انتخاب کے لئے ووٹ مانگنے نکلے بی جے پی کے ایک امیدوار کو ایک بزرگ نے جوتوں کی مالا پہنا دی۔ اس معاملہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے۔

در اصل مدھیہ پردیش کے دھمنوڈ میں بلدیاتی انتخاب میں ووٹ مانگنے کے لئے نکلے بی جے پی امیدوار دنیش شرما گھر گھر جا کر لوگوں سے رابطہ کر رہے تھے اور ووٹ دینے کی اپیل کر رہے تھے۔ رہنما کو علاقہ میں گھومتا دیکھ کر لوگوں کو اتنا غصہ آ گیا کہ انہوں نے انہیں جوتوں کی مالا پہنا دی۔ دنیش کو جوتوں کی مالا پہنانے والے بزرگ کا کہناہے ’’ یہاں پانی کا بحران ہے۔ ہم نے کئی بار شکایت کی ہے۔ ہمارے یہاں کی خواتین بھی کئی بار شکایت کرنے چیر پرسن کے پاس گئیں ،لیکن الٹا ہماری ہی خواتین خلاف شکایت درج کرا دی گئی۔‘‘

انہوں نے بتایا کہ شکایت کرنے گئیں جن خواتین کے خلاف شکایت درج کی گئی ہے انہیں با ر بار پولس اسٹیشن طلب کیا جاتا ہے۔ کئی بار تو انہیں رات کے وقت پولس اسٹیشن آنے کو کہا جاتاہے۔ انہوں نے کہا کہ ان سب باتوں سے لوگوں میں غصہ ہے اور اسی لئے امیدوار کے گلے میں جوتوں کی مالا ڈالی گئی ہے۔

ادھر بی جے پی امیدوار دنیش شرما خود کو مقامی لوگوں کا بچہ قرار دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بات سے وہاں کے لوگ ناراض تھے اس لئے انہوں نے ایسا سلوک کیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام لوگ ان کے اپنے ہیں اور ان کے مسائل پر بیٹھ کر بات کی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔