کشمیر میں کھیل کود کے فروغ کے لئے ’حیدریہ سپورٹس و کلچر فیڈریشن‘ کا قیام

ریاست میں کھیل کلچر کو فروغ دینے کے لئے ہفتہ کے روز ’حیدریہ سپورٹس و کلچر فیڈریشن‘ کو لانچ کیا گیا۔ واضح رہے کہ یہ حکومت ہند کی وزارت کارپوریٹ امور کی طرف سے تصدیق شدہ اپنی نوعیت کی پہلی فیڈریشن ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: ریاست میں کھیل کلچر کو فروغ دینے کے لئے ہفتہ کے روز ’حیدریہ سپورٹس و کلچر فیڈریشن‘ کو لانچ کیا گیا۔ واضح رہے کہ یہ حکومت ہند کی وزارت کارپوریٹ امور کی طرف سے تصدیق شدہ اپنی نوعیت کی پہلی فیڈریشن ہے۔

اس موقع پر فیڈریشن کے ڈائریکٹر سید عقیل نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں ہے لیکن ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے پلیٹ فارم کی کمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدریہ سپورٹس و کلچر فیڈ ریشن کے قیام کا مقصد اس خلا کو پورا کرکے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بہتر سمت دینا ہے۔

ڈائریکٹر نے کہا کہ فیڈریشن 22 اپریل کے بعد مختلف ضلعوں کے کھلاڑیوں کے لئے ٹرائلز شروع کرے گی اور منتخب شدہ کھلاڑیوں کو رجسٹر کیا جائے گا انہیں مشاہرہ بھی دیا جائے گا۔

سید عقیل نے اس موقع پر نامہ نگاروں کے ایک گروپ سے بات کرتے ہوئے کہا 'ہمارے یہاں بے روزگاری بہت زیادہ ہے۔ جو بھی کھلاڑی ہمارے کلب کے لئے کھیلیں گے، ہم انہیں مشاہرہ بھی ادا کریں گے۔ ٹرائلز کے دوران کھلاڑی کسی دوسری جگہ پر کام بھی نہیں کرپائیں گے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم ان کو اعزازی تنخواہ ادا کریں گے'۔

انہوں نے کہا 'ہمارے کشمیر میں بہت سارے کھلاڑی ایسے ہیں جن کے پاس آگے بڑھنے کے لئے درکار ذرائع نہیں ہوتے ہیں۔ ہم بہت جلد ٹرائلز شروع کریں گے۔ ہم بہترین کوچوں کی خدمات حاصل کریں گے'۔

ان کا مزید کہنا تھا 'کچھ کھلاڑی ہم باہر سے بھی لائیں گے۔ ایسا کرنے سے ہمارے مقامی کھلاڑی کو بہت مدد ملے گی۔ ہمارے بچوں کے پاس ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے، لیکن انہیں ایک صحیح سمت کی جانب گامزن کرنے کی ضرورت ہے'۔ اس موقع پر رانجی ٹرافی کے کچھ سابق کھلاڑیوں کے علاوہ سٹیٹ فٹ بال ایسوسی ایشن کی بعض اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔