روسی شہریوں کو تین ہفتے ٹھنڈے پانی سے کیوں نہانا پڑتا ہے؟

روسی دارالحکومت ماسکو اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے۔ اس گرمی میں مقامی شہری ٹھنڈے پانی سے نہانے کا لطف اٹھا رہے ہیں۔

روسی شہریوں کو تین ہفتے ٹھنڈے پانی سے کیوں نہانا پڑتا ہے؟
روسی شہریوں کو تین ہفتے ٹھنڈے پانی سے کیوں نہانا پڑتا ہے؟
user

Dw

ہر برس گرمیوں میں ماسکو میں دس سے تین ہفتوں کے لیے گرم پانی کی فراہمی بند کر دی جاتی ہے۔ گرم پانی کی سپلائی اچانک نہیں بند کر دی جاتی بلکہ تمام افراد اس سے باخبر ہوتے ہیں۔

بعض مغربی لوگ اکیسویں صدی میں گرم پانی کی سپلائی کو روکنا محض ایک مذاق خیال کرتے ہیں۔ روس میں گرم پانی کی سپلائی سابقہ کمیونسٹ دور کا ورثہ ہے۔ یہ سپلائی صرف ماسکو ہی میں نہیں بلکہ بقیہ سبھی شہروں میں بھی روکی جاتی ہے۔ ہر شہر کو گرم پانی کی فراہمی مقامی سطح پر قائم پاور کمپنی سے کی جاتی ہے۔ روسی دارالحکومت میں گرم پانی کی سپلائی ماسکو انٹیگریٹڈ پاور کمپنی (MOEK) کی ذمہ داری ہے۔


ایک پیچیدہ نظام

روس میں سینٹرل ہیٹنگ سسٹم سے گرم پانی کی سپلائی جڑی ہوئی ہے۔ ملک کے سبھی شہروں میں ہائیڈرو الیکٹرک پاور پلانٹس سے مکینوں کو ان کے گھروں تک گرم پانی فراہم کیا جاتا ہے۔ یہ ایک پیچیدہ نظام ہے اور اس میں بے شمار پائپس کئی میٹر تک استعمال کیے گئے ہیں۔ سردیوں میں اس نظام کو بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رکھنے کے لیے موسم گرما میں معائنے کے لیے اس سپلائی کو بند کر دیا جاتا ہے۔

اس بندش کے دوران تمام پائپس کا مکمل چیک اپ کیا جاتا ہے۔ جہاں جہاں سے گرم پانی رستا ہے، اس کی مرمت کی جاتی ہے تا کہ کم سے کم پانی ضائع ہو۔ اس معائنے کے دوران پائپس کئی جگہ پر تبدیل بھی کیے جاتے ہیں۔ ان پائپ کے ذریعے لوگوں تک چالیس ڈگری سیلسیئس کا گرم پانی میسر ہوتا ہے۔ اس بندش کے دوران پانی کا پریشر بھی چیک کیا جاتا ہے۔ نگران کمپنی کا کہنا ہے کہ تمام پائپوں کے معائنے کے لیے کم از کم دس روز درکار ہوتے ہیں اور مسلسل یہ کام جاری رکھنے میں مشکلات بھی حائل ہو سکتی ہیں۔


نیا اپارٹمنٹ اور پرانا نظام

ماسکو ایک بہت بڑا شہر ہے اور اس میں نئے رہائشی اپارٹمنٹس کی تعمیر کے کئی سلسلے جاری ہیں۔ ایسے اپارٹمنٹس میں انڈر گراؤنڈ پارکنگ، چوبیس گھنٹے چوکیداری، خرید و فروخت کے اسٹورز اور کسرتی مراکز بھی قائم ہوتے ہیں۔ تمام تر جدید سہولیات کے ساتھ ان میں بھی ایک شے پرانی ہوتی ہے اور وہ گرم پانی کی سپلائی کے نل ہیں۔

ایسے ایک جدید اپارٹمنٹ کے مالک میکسم میخنینکو کا کہنا ہے کہ مہنگے اپارٹمنٹ معیار کا مناسب مظہر نہیں ہوتے۔ ان جدید رہائشی اپارٹمنٹس میں بھی گرم پانی کی سپلائی موسم گرما میں معطل کر دی جاتی ہے اور رہائشیوں کو خاصی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔


ٹیکنیکل مسئلہ

روسی شہریوں کو گرمی کے موسم میں گرم پانی کی سپلائی کو مجبوری کے تحت برداشت کرنا پڑتا ہے اور ابھی تک اس مسئلے کے لیے کوئی متبادل بھی سامنے نہیں آیا ہے۔ حکام اس معطلی کو ایک ٹیکنیکل مسئلہ قرار دیتے ہیں۔ اس تناظر میں بیان کیا جاتا ہے کہ سلامتی و تحفظ کے معیارات کی روشنی میں سپلائی روک دی جاتی ہے تا کہ کسی بڑے حادثے سے محفوظ رہا جا سکے۔ واٹر سپلائی ایکسپرٹ سویتلانا رازووروتنیفا کا کہنا ہے کہ سالانہ چیک اپ اشد ضروری ہیں اور ہر شہری کو اس پریشانی کا سامنا رہتا ہے لیکن یہ ان کی بہتری ہی میں ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔