جرمنی: ریل گاڑیوں کی ٹکٹ مشینیں چاٹ کر کورونا پھیلانے والا گرفتار

جرمن پولیس نے اُس شخص کو گرفتار کر لیا ہے، جو ریلوے اسٹیشن پر ٹکٹ مشینوں کو چاٹتا تھا۔ یہ شخص کورونا وائرس پھیلانے کی کوشش میں تھا۔

جرمنی: ریل گاڑیوں کی ٹکٹ مشینیں چاٹ کر کورونا پھیلانے والا گرفتار
جرمنی: ریل گاڑیوں کی ٹکٹ مشینیں چاٹ کر کورونا پھیلانے والا گرفتار
user

ڈی. ڈبلیو

جنوبی جرمن صوبے باویریا کے دارالحکومت میونخ میں مقامی پولیس نے ایک ایسے شخص کو حراست میں لیا ہے، جو اسٹیشن پر نصب ٹکٹ مشینوں کو زبان سے چاٹ کر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی خواہش رکھتا تھا۔ اُس نے پولیس کو دیے گئے اعترافی بیان میں یہی موقف بیان کیا۔

اس شخص نے ایسا کرنے کی اپنی ویڈیوز بھی شیئر کی ہیں۔ میونخ پولیس نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ مبینہ شخص نے ریل گاڑیوں کے دروازوں کے ہینڈل چاٹنے سے بھی گریز نہیں کیا۔


گرفتاری کے بعد اس شخص پر کسی دوسرے انسان کو شدید نقصان پہچانے کے جرم میں ملوث ہونی کی فردِ جرم عائد کر دی ہے۔ میونخ پولیس کی خاتون ترجمان کے مطابق ابھی یہ واضح نہیں کیا کہ آیا گرفتار کیا گیا شخص کورونا وائرس کی بیماری کووڈ انیس میں مبتلا ہے۔

پولیس نے تفتیشی عمل شروع کر دیا ہے۔ تفتیشی اہلکاروں نے اِس پہلُو پر بھی غور کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے کہ ریل گاڑیوں کے ہینڈل اور ٹکٹ مشینوں کو چاٹنے والا صرف ایک شخص ہے یا کوئی گروپ بھی اس عمل میں ملوث ہے۔ پولیس نے گرفتار کیے گئے شخص کا نام جرمن پرائیویسی قانون کے تحت مخفی رکھا ہے۔


جنوبی ریاست باویریا کو کورونا وائرس کی نئی قسم کی وبا پھیلنے کے بعد شدید صورت حال کا سامنا ہے۔ اس ریاست میں اِس وبا کا پھیلاؤ ستائیس جنوری سے شروع ہے۔ باویریا میں اِس مرض میں مبتلا مریضوں کی تعداد چھ ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔

جرمنی کی سبھی ریاستوں میں وائرس کی وبا پھیل گئی ہے اور مریضوں کی تعداد تیس ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ اس وبا سے پھیلنے والی بیماری سے ہونے والی ہلاکتیں ایک سو بتیس ہو گئی ہیں۔ سب سے زیادہ متاثرہ ریاست نارتھ رائن ویسٹ فیلیا ہے۔ اس میں بیمار افراد کی تعدا ساڑھے آٹھ ہزار سے زائد ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔