کیا پاکستان کو صحرائی ٹڈی دل سے ایک بار پھر خطرہ ہے؟

چند روزقبل ایک خبر گردش کر رہی تھی کہ ایران اور بھارت کے ساتھ پاکستانی سرحد پر صحرائی ٹڈی دل موجود ہیں اور یہ پاکستان میں داخل ہو کر فصلوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

کیا پاکستان کو صحرائی ٹڈی دل سے ایک بار پھر خطرہ ہے؟
کیا پاکستان کو صحرائی ٹڈی دل سے ایک بار پھر خطرہ ہے؟
user

Dw

صحرائی ٹڈی دل کی پاکستان ممکنہ آمد کی خبر کے بعد پاکستان کے کاشتکاروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ ضلع بدین کے خادم حسین کا شمار بھی ان کاشتکاروں میں ہوتا ہے جن کی فصلوں کو صحرائی ٹڈی دل نے نقصان پہنچایا تھا۔ خادم حسین نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ’’دو سال پہلے مکڑ (بدین میں ٹڈی دل کو مکڑ کہا جاتا ہے) نے ہماری اور کئی غریب کاشتکاروں کی فصلیں تباہ کر دیں اور اب پانی نہ ہونے کے باعث ہمارے کھیت خشک ہو رہے ہیں۔ ٹدی دل کی آمد کی خبر سنی تو بہت پریشان ہو گئے کہ ہم لوگ اب کہاں جائیں۔‘‘

دو برس قبل فروری 2020 کی بات ہے جب صحرائی ٹڈی دل نے پاکستان پر حملہ کیا۔ سندھ میں تباہ کاری کے بعد پنجاب اور پھر خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں یہ حملہ آور ہوگئے اور دیکھتے ہی دیکھتے ٹڈی دل کھڑی فصلیں چٹ کر گئے، سبزہ اجاڑ دیا، پھل دار درختوں کا صفایا کر ڈالا۔


اُس وقت عالمی ادارہ برائے خوراک و ذراعت (ایف اے او) نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ صحرائی ٹڈی دل کے حملے کی وجہ سے پاکستان کی فصلوں کو پہنچنے والا مجموعی نقصان ایک ہزار ارب روپے کے برابر ہو سکتا ہے۔ ڈی آئی خان میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ یہ مناظر کاشتکاروں کے لیے بہت خوف ناک تھے۔

اس سال پاکستان کو ٹڈی دل کے حملے کا کتنا خطرہ لاحق ہے؟

ڈیپارٹمننٹ آف پلانٹ پروٹیکشن (ڈی پی پی ) کے ڈی جی عابد اللہ دتہ نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کیا کہ اس وقت پاکستان کو ٹڈی دل سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔اس وقت پاکستان کے پڑوسی ملک بھارت میں ٹڈی دل کی کوئی سرگرمی نہیں ہے جبکہ ایران اور افغانستان میں بھی ٹڈی دل کی صورتحال بھی پرسکون ہے اور ان کی تعداد کم ہونے کے باعث ان سے خطرہ نہیں ہوگا۔ تاہم ڈی جی عابد اللہ دتہ کے مطابق مون سون کی بارش کے دوران پاکستان کے صحرا چولستان اور تھرپارکر میں ٹڈی دل ظاہر ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مستقبل میں ٹڈی دل کے خطرے سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لیے ڈی پی پی کے پاس وسائل کا کافی ذخیرہ موجود ہے۔


اقوام متحدہ کے ادارہء خوراک و زراعت سن 1945 سے کام کررہا ہے اور تمام دلچسپی رکھنے والے ممالک کو ٹڈی دل کی عمومی صورت حال کے بارے میں معلومات فراہم کرتا ہے ۔وہ ممالک جہاں ٹٹدی دل کے حملے کا خطرہ ہے، وہاں بروقت معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔

بجٹ میں ٹڈی دل سے نمٹنے کے لیے رقم مختص

مقامی سطح پر محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کے پاس پاکستان کے تمام صحرائی علاقوں میں ٹڈی دل کی نگرانی اور کنٹرول کی کارروائیوں کو مؤثر بنانے کا مینڈیٹ ہے۔ تاہم تاریخ میں پہلی بار پاکستانی بجٹ میں ٹڈی دل سے نمٹنے کے لیے بھی فنڈز رکھیں گے ۔بجٹ 2022 میں ٹڈی دل ایمرجنسی اور تحفظ خوراک منصوبے کے لیے 80 کروڑ روپے کا فنڈ مختص کیا گیا ہے۔


عابد اللہ دتہ نے بتایا کہ لوکسٹ ایمرجنسی اینڈ فوڈ سیکیورٹی (LEAFS) پروجیکٹ ورلڈ بینک کی جانب سے تیار اور منظور کردہ پروگرام ہے جس کی مالیت تقریباً 96 ملین ڈالر ہے۔ اس منصوبے کا مقصد پاکستان کے تمام صوبوں میں ٹڈی دل کے خطرے سے نمٹنے کے لیے مستقل اور پائیدار بنیادوں پر قومی صلاحیت کو بڑھانا ہے۔اس پراجیکٹ کی منصوبہ بندی اور عملدرآمد کے لیے ایف اے او تیکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔

صحرائی ٹڈی دَل کی افزائش کا موسم

صحرائی ٹڈی دل موسم گرما اور موسم بہار میں انڈے دیتے ہیں۔ ایک مادہ ایک دن میں اپنی دم ریت میں گاڑ کر 10سے 15 سینٹی میٹر لمبی ایک مخصوص تھیلی میں 95 سے 158 انڈے دیتی ہے۔ ایک مربع میٹر میں تقریباً ایک ہزار انڈوں والی تھیلیاں موجود ہوتی ہیں جن سے دو سے تین ہفتوں کے بعد بچے نکلنا شروع ہو جاتے ہیں۔ تو اس بڑے پیمانے پر افزائش کی وجہ سے اس کی تعداد کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔


ممبر کوارڈینیشن آف پاکستان ایگریکلچر ریسرچ سسٹم اور ڈیپارٹمننٹ آف پلانٹ پروٹیکشن کے سابق ڈی جی فلک ناز نے بتایا کہ صرف ٹڈی دل کی موجودگی سے خطرہ نہیں ہوتا لیکن ان کی سرگرمی پر نظر رکھی جاتی ہے۔ جب یہی بالغ ٹڈی دل جوڑی کی صورت میں ہوتے ہیں تب ان کی اندرونی جسمانیت اور رویہ تبدیل ہو جاتا ہے اور ٹڈی دل کی نسل افزائش پاتی ہے۔ ایسے میں یہ خوراک بھی زیادہ لیتے ہیں اور ان کی پرواز بھی بڑھ جاتی ہے۔

ٹڈی دَل کے فوائد

ڈیپارٹمننٹ آف پلانٹ پروٹیکشن کے مطابق صحرائی ٹڈی دَل کو انسانوں اورجانوروں کے لیے خوراک کا ایک بہترین غذائی ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔ لیکن آج کل کیمیکل کے استعمال کی وجہ سے انہیں کھانا اچھا خیال نہیں ہے۔ کچھ حکیم ٹڈیوں کو ناریل کے تیل میں ڈال کر اور زخموں اور موچ پر مرحم کے طور پر لگاتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔