ہندوستان کا مواصلاتی سٹلائیٹ جی سیٹ۔30 خلا کی طرف روانہ

جی سیٹ-30 نئے سال میں اسرو کا چھوڑے جانے والا پہلا سٹلائیٹ ہے، اس کا وزن 3450 کلو ہے اور یہ انسیٹ 4A سٹلائیٹ کا بدل ہوگا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

حیدرآباد: ہندوستان نے خلائی میدان میں ایک اہم باب کا اضافہ کیا ہے کیونکہ اس کا مواصلاتی سٹلائیٹ جی سیٹ۔30، یوروپی خلائی بندرگاہ فرنچ گوانا سے کل شب کامیابی کے ساتھ مدار میں چھوڑا گیا۔ یہ نئے سال میں ہندوستانی خلائی جانچ ایجنسی (اسرو) کا چھوڑے جانے والا پہلا سٹلائیٹ ہے۔ جی سیٹ-30 کا وزن 3450 کلو ہے اور یہ انسیٹ 4A سٹلائیٹ کا بدل ہوگا۔

اسرو کے یو آر راو سٹلائیٹ سنٹر کے ڈائرکٹر پی کُنی کرششن جو سٹلائیٹ کو چھوڑے جانے کے وقت موجود تھے، نے اس کو کامیابی کے ساتھ چھوڑے جانے پر ایرین خلائی ٹیم اور اسرو کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے اس کوسال 2020کے لئے بہترین شروعات قراردیتے ہوئے کہا کہ اس مشن کی ٹیم نے ماسٹر کنٹرول مرکز سے اس کو چھوڑے جانے کے بعد کے عمل کو فوری طورپر مکمل کیا ہے۔


بنگلورو کے اسرو کے ہیڈکوارٹرس نے کہاکہ جی سیٹ 30 کو مخصوص انداز میں ڈیزائن کیا گیا تھا تاکہ خلا میں ٹرانسپونڈرس کی تعداد میں اضافہ کیاجاسکے۔ اسرو نے بھی اس سٹلائیٹ کو چھوڑے جانے کی توثیق کی اور سائنسدانوں کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔اس سٹلائیٹ کو چھوڑے جانے کے فوری بعد کرناٹک کے ہاسن میں واقع اسرو کے ماسٹر کنٹرول روم نے جی سیٹ30کا کنٹرول حاصل کرلیا۔یہ سٹلائیٹ معمول کے مطابق کام کررہا ہے۔

خلائی ایجنسی، جاریہ سال جی سیٹ 20 کو بھی چھوڑنے کی تیاری کر رہا ہے۔ دیگر تین سٹلائیٹس جو بینڈ کے یو اور بینڈ کے اے کی فریکونسی کی طرز کے ہیں کو پہلے ہی چھوڑا جاچکا ہے۔ ان سٹلائیٹس میں جی۔سیٹ 19 کو 5 جنوری 2017، جی سیٹ۔29 کو 14 نومبر 2018 کو چھوڑا گیا تھا جبکہ جی سیٹ-11 جو اسرو کا بھاری بھرکم سٹلائیٹ تھا کو 5 دسمبر 2018 کو چھوڑا گیا۔ ان چاروں نے مل کر ہندوستان بالخصوص دیہی علاقوں میں انٹرنیٹ کا انقلاب لایا تھا۔ ان کے ذریعہ 100 جی بی پی ایس ہائی براڈ بینڈ رابطہ بشمول ان فلائٹ اور سمندری رابطہ فراہم کیا گیا تھا۔


جی سیٹ جیسی سٹلائیٹ کا مقصد خصوصی قسم کے ٹرانسپورنڈرس کی تیاری بھی ہے جس کے ذریعہ ہائی فریکونسی کے ساتھ انٹرنیٹ کی رفتار اوررابطہ بڑھایاجاسکتا ہے۔جی سیٹ۔30اور جی سیٹ20،ان 25مشنس میں شامل ہیں جن کو چھوڑنے کی منصوبہ بندی جاریہ سال کی گئی تھی۔ جی سیٹ30کے ساتھ ایک اور مواصلاتی سٹلائٹ EUTELSAT KONNECTبھی چھوڑا گیا۔ اس مشن کا مکمل وقت38منٹ 25سکنڈ تھا۔ ایرین خلائی ایجنسی کا یہ پانچواں مشن ہے۔ سٹلائٹ کو چھوڑنے کی تیاری کا جائزہ14جنوری کو لیاگیا تھا تاکہ الٹی گنتی کی شروعات کی جاسکے۔ ایک سال پہلے اسرو نے جی سیٹ 31کو چھوڑا تھا اب اس سال جی سیٹ30کو چھوڑاگیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔