مولانا انجم فاونڈیشن کی جانب سے ڈاکٹر سید احمد خاں سے اظہار تعزیت

دہلی اردو اکادمی کے سابق وائس چیئرمین پروفیسر خالد محمود نے ڈاکٹر سید احمد خان کی اہلیہ کے انتقال پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف سید احمد خان کا غم نہیں بلکہ ہم تمام اردو والوں کا غم ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

پریس ریلیز

نئی دہلی: ادبی و صحافتی تنظیم مولانا انجم فاونڈیشن نے اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے اعزازی جنرل سکریٹری اور معروف طبیب ڈاکٹر سید احمد خاں کی اہلیہ کے اچانک انتقال پر ان سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ فاونڈیشن کے سرپرست شعبہ اردو جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سابق صدر اور دہلی اردو اکادمی کے سابق وائس چیئرمین پروفیسر خالد محمود نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ صرف ڈاکٹر سید احمد خاں کا غم نہیں بلکہ ہم تمام اردو والوں کا غم ہے۔ اردو کے تعلق سے ان کی خدمات میں ان کی مرحوم اہلیہ کا بھی زبردست ہاتھ رہا ہے۔ انھوں نے کبھی بھی ان کے کاموں میں رکاوٹ بننے کی کوشش نہیں کی۔ اگر انھوں نے سید احمد خاں کو کام کرنے کی آزادی نہ دی ہوتی تو وہ اس قدر کام نہیں کر پاتے۔ تنظیم کے جنرل سکریٹری اور صحافی سہیل انجم نے کہا کہ یہ میرے لیے ایک ذاتی غم ہے۔ کیونکہ مرحومہ سے میرے اہل خانہ کے ذاتی مراسم تھے۔ مرحومہ نے ڈاکٹر سید احمد خاں کی ادبی و طبی سرگرمیوں میں مزاحم بننے کے بجائے ہمیشہ ان کی حوصلہ افزائی ہی کی۔ وہ انتہائی نیک سیرت اور صوم و صلوۃ کی پابند اور صبر و شکر والی خاتون تھیں۔ ان کی زبان پر کبھی بھی حرف شکایت نہیں آیا۔ فاونڈیشن کے رکن اور سید احمد خاں کے قریبی دوست و صحافی جلال الدین اسلم نے کہا کہ مرحومہ انتہائی نیک صالح خاتون تھیں۔ انھوں نے جس طرح اپنی بچیوں کی تربیت کی وہ قابل قدر ہے۔ ان کی تربیت کی وجہ سے ہی بچیاں تعلیم کے میدان میں ترقی کے منازل طے کر رہی ہیں۔ اللہ تعالی ان کی لغزشوں کو درگزر کرے اور ڈاکٹر سید احمد خاں اور ان کی بیٹیوں کو اس عظیم حادثے پر صبر جمیل کی توفیق عطا فرمائے۔ خیال رہے کہ ان کا انتقال ۵ جون کی شب میں ۹ بجے دل کا دورہ پڑنے سے دہلی میں ہوا۔ پسماندگان میں شوہر اور تین بیٹیاں ہیں۔ ان کی میت ایمبولینس کے ذریعے ان کے آبائی وطن خلیل آباد یو پی لے جائی گئی جہاں آج یعنی ۶ جون کو ان کی تدفین عمل میں آئی۔تدفین میں بڑی تعداد میں علاقے کی سرکردہ شخصیات نے شرکت کی اور ڈاکٹر سید احمد خاں سے اظہار تعزیت کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */