مودی پر راہل کا طنز ’نالے میں پائپ لگاؤ، گیس نکالو اور پکوڑے بناؤ‘

کرناٹک دورے پر گئے کانگریس صدر راہل گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کے نوجوانوں سے وعدہ کیا تھا کہ وہ ہر سال 2 کروڑ لوگوں کو روزگار دیں گے لیکن یہ وعدہ جملہ بن کر رہ گیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کانگریس صدر راہل گاندھی نے پیر کے روز کرناٹک کے بیدر ضلع میں ایک کسان ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی حکومت پر جم کر حملہ کیا۔ راہل گاندھی نے حال ہی میں نریندر مودی کے ذریعہ سنائے گئے ایک قصہ پر طنز بھی کیا۔ انھوں نے کہا کہ مودی حکومت نے دو کروڑ نوجوانوں کو روزگار دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن ان کا یہ وعدہ جملہ بن کر رہ گیا۔ راہل گاندھی نے مزید کہا کہ ’’ان کا وعدہ تو پورا نہیں ہوا لیکن اب وہ نوجوانوں کو پکوڑے بنانے کے لیے کہہ رہے ہیں۔ ساتھ ہی یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ ہم آپ کو گیس نہیں دیں گے، گیس بھی آپ کو نالے سے نکال کر کوکر میں ڈالنی پڑے گی۔‘‘

کانگریس صدر نے اپنی تقریر کے دوران نریندر مودی کو چیلنج پیش کرتے ہوئے کہا ’’انتخابات کے دوران ہم نے کہا تھا کہ جیسے ہی کرناٹک میں کانگریس کی حکومت آئے گی، ہمارا پہلا کام کسانوں کا قرض معاف کرنا ہوگا، اور ہم نے ایسا کر کے دکھایا۔ لیکن نریندر مودی جی کسانوں کا قرض معاف نہیں کر سکتے۔ بڑی بڑی تقریریں کریں گے لیکن کام کی بات نہیں کریں گے۔ میں مودی جی کو چیلنج دیتا ہوں کہ کرناٹک کی حکومت نے کسانوں کا جتنا قرض معاف کیا ہے وہ اس کا نصف قرض ہندوستان کے کسانوں کا معاف کر کے دکھا دیں۔‘‘

کانگریس صدر نے رافیل معاہدہ سے متعلق بھی نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’انل امبانی کی کمپنی نے کبھی ہوائی جہاز نہیں بنایا۔ جس کمپنی کو نریندر مودی نے ٹھیکہ دلوایا وہ 10 دن پہلے بنائی گئی تھی۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’یہ ساری باتیں میں نے لوک سبھا میں پی ایم مودی کے سامنے کہیں۔ میں نے بتایا کہ کس طرح مرکزی وزیر دفاع نرملا سیتارمن نے جھوٹ بولا کہ ہوائی جہاز کی قیمت بتائی نہیں جا سکتی، کیونکہ ایک خفیہ معاہدہ ہوا ہے۔ لیکن جب میں نے فرانس کے صدر سے ایسے کسی سمجھوتے کے بارے میں پوچھا تو انھوں نے منع کر دیا۔‘‘

یو پی اور بہار میں حال ہی میں پیش آئے عصمت دری کے واقعات پر بھی کانگریس صدر نے سوال اٹھائے۔ انھوں نے کہا کہ ’’نریندر مودی جی ایک نیا نعرہ لائے تھے کہ ’بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ‘ لیکن یہ نہیں بتایا کہ بیٹی کو کس سے بچانا ہے۔ یو پی میں عصمت دری ہوئی اور بی جے پی رکن اسمبلی پر الزام لگا۔ پی ایم مودی بہار اور یو پی عصمت دری کے واقعات پر ایک لفظ بھی نہیں بولے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */