دہلی فساد: 64 چھوٹے تاجروں کی بازآبادکاری کے لیے جمعیۃ علماء ہند کی طرف سے چیک تقسیم

جمعیۃ علماء ہند شیووہار میں لاک ڈاؤن کی دوہری مار کا سامنا کر رہے فساد زدہ خاندانوں کے درمیان راشن تقسیم کررہی ہے۔ گزشتہ 2 دنوں میں 1758 خاندانوں تک راشن پہنچایا گیا جن میں 287 غیر مسلم خاندان ہیں۔

تصویر پریس ریلیز
تصویر پریس ریلیز
user

پریس ریلیز

نئی دہلی: قومی لاک ڈاؤن کے درمیان جمعیۃ علما ء ہند، دہلی فساد زدگان کے لیے مسلسل کام کررہی ہے۔ چنانچہ جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی کے زیر قیادت’جمعیۃ ریلیف کمیٹی‘نے 64 چھوٹے تاجروں کی بازآبادکاری کے لیے چودہ لاکھ اکیس ہزار روپے بذریعہ چیک یا ڈرافٹ تقسیم کیے ہیں۔ ان تاجروں کو ان کی انفرادی تجارتی ضرور ت کے مطابق سات ہزار سے ڈیرھ لاکھ روپے تک دیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ جمعیۃ علماء ہند شیووہار (دہلی) میں لاک ڈاؤن کی دوہری مار کا سامنا کر رہے فساد زدہ خاندانوں کے درمیان راشن تقسیم کررہی ہے۔ گزشتہ دو دنوں میں 1758 خاندانوں تک راشن پہنچایا گیا ہے جن میں 287 غیر مسلم خاندان بھی شامل ہے۔ نیز ان خاندانوں میں میوات سے آئے ہوئے اعلی قسم کے بستر بھی فردا فردا تقسیم کئے گئے۔ شیو وہار میں رہائشی بازآبادکاری پر کام جاری ہے تا کہ وہ جلد ازجلد اپنے گھروں میں رہنے کے قا بل ہوسکیں۔


اس سلسلے میں جمعیۃ علماء ہند کے سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی نے کہا کہ چھوٹے تاجروں کو چیک دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ ابھی اور لوگوں کی فہرست تیار کی جارہی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ حالاں کہ 80فی صد فساد زدہ افراد شیووہار واپس آ چکے ہیں تاہم ہمارے کچھ ایسے بھائی ہیں جو واپس نہیں آسکے۔ ہم ان سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنے گھر واپس آئیں۔ جمعیۃ علماء ہند کا قافلہ بشمول اس کے رضا کار اور وکلاء آپ کی کالونی (گلی نمبر 16 داؤد بھائی مدنی منزل) میں خیمہ زن ہیں۔ آپ کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ہمارے ساتھ یہاں ہمارے ساتھی مولانا داؤد امینی نائب صدرجمعیۃ علماء صوبہ دہلی، جمعیۃ علماء ہند کے آرگنائزرس مولانا جمال قاسمی، مولانا عرفان قاسمی،مولاغیور قاسمی اور جمعیۃ یوتھ کلب کے ٹرینر وعظ امن، مولانا طالب اور آصف بھائی اور مولانا رفاقت کے زیر نگرانی بھارت اسکاؤٹ اینڈ گائیڈ کے تربیت یافتہ نوجوان اور جناب داؤد بھائی بنارسی کی نگرانی میں مقامی ریلیف کمیٹی کے نوجوان شبانہ روز کام کررہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔