پاکستان کے چھ کرکٹر تین جولائی کو انگلینڈ روانہ ہوں گے

ان چھ کرکٹروں کی جانچ رپورٹ 26 جون کو نگیٹیو آئی تھی اور اس کے بعد 29 جون کو بھی ان کی جانچ کی گئی جس کی رپورٹ نگیٹیو آئی ہے۔

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا
user

یو این آئی

آل راونڈر محمدحفیظ اور تیزگیندباز وہاب ریاض سمیت پاکستان کے چھ کرکٹ کھلاڑی اپنی کورونا وائرس کی جانچ رپورٹ نگیٹیو آنے پر اب انگلینڈ دورہ پر گئی پاکستانی ٹیم میں شامل ہونے کے لئے تین جولائی کو مینچسٹر روانہ ہوں گے۔

ٹیم میں شامل ہونے والے ان چھ کھلاڑیوں میں آل راونڈر محمدحفیظ اور تیزگیندباز وہاب ریاض کے علاوہ فخر زمان ، محمدحسنین ، محمدرضوان اور لیگ اسپنر شاداب خان شامل ہیں۔ یہ سبھی تین جولائی کو پاکستان کے لاہور سے انگلینڈ کے مینچیسٹر کے لئے روانہ ہوں گے۔


مینچیسٹر پہنچنے کے بعد یہ کھلاڑی وارسیسٹرشائر جائیں گے اور ٹیم میں شامل ہوں گے۔ کرکٹروں نے تین دنوں میں کورونا وائرس کی دو مرتبہ جانچ کرائی تھی اور دونوں رپورٹ نگیٹیو آئی تھیں۔ پاکستان کے چھ کرکٹر کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی وجہ سے پہلے پاک ٹیم کے ساتھ انگلینڈ دورہ پر نہیں جاسکے تھے۔ اس وقت ان کی رپورٹ مثبت آئی تھی اور ٹیم میں شامل ہونے کے لئے دو مرتبہ جانچ رپورٹ کا نگیٹیو آنا ضروری تھا۔

ان چھ کرکٹروں کی جانچ رپورٹ 26 جون کو نگیٹیو آئی تھی اور اس کے بعد 29 جون کو بھی ان کی جانچ کی گئی جس کی رپورٹ نگیٹیو آئی ہے۔ پاکستان میں شروعاتی دور کی جانچ میں دس کھلاڑی اور ایک اسٹاف کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے تھے۔


خیال رہے کہ 28 جون کو پاکستانی ٹیم 3 ٹیسٹ اور تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کے لیے دورہ انگلینڈ پر روانہ ہوئی تھی، جس میں وہ 10 کھلاڑی شامل نہیں تھے جن کے کورونا کے ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔

دورہ انگلینڈ کے لیے قومی ٹیم کے ابتدائی طور پر 29رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا گیا تھا تاہم اعلان کردہ کھلاڑیوں کے ٹیسٹ لیے گئے تو 10 کھلاڑیوں اور ایک اسٹاف کے رکن میں کورونا کی تصدیق ہوئی تھی۔ بعد ازاں پاکستان کرکٹ بورڈ نے کورونا وائرس کا شکار ان 10 کھلاڑیوں کے بغیر 20 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا حالانکہ ان میں سے 6 کھلاڑیوں کے ٹیسٹ 27 جون کو منفی آنے کا انکشاف ہوا تھا۔ اس حوالے سے ایک بیان میں پی سی بی نے بتایا تھا کہ محمد حسنین، شاداب خان، فخر زمان، محمد رضوان، محمد حفیظ اور وہاب ریاض کا ٹیسٹ منفی آیا ہے تاہم وہ انگلینڈ جانے والی 20 رکنی ٹیم میں شامل ہونے سے قبل ایک مرتبہ پھر ٹیسٹ کے عمل سے گزریں گے۔


یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ نے جس 20 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا اس میں اظہر علی، بابر اعظم، عابد علی، اسد شفیق، فہیم اشرف، فواد عالم، عامد وسیم، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد موسیٰ، محمد عباس، نسیم شاہ، روحیل نذیر، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، سہیل خان، عثمان شنواری، اور یاسر شاہ شامل ہیں۔

اس کے علاوہ اسپورٹس اسٹاف مصباح الحق، یونس خان، منیجر منصور رانا، مشتاق احمد، شاہد اسلم، عبدالمجید، طلحہٰ بٹ، یاسر ملک، ڈاکٹر سہیل سلیم، کرنل ریٹائرڈ عثمان انوری اور رضا کچلیو شامل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔