پاکستان: عمران حکومت کے خلاف جاری مہم کو پی ڈی ایم نے بتایا ’جہاد‘

پاکستان میں 10 اپوزیشن پارٹیوں کے اتحاد پی ڈی ایم نے اتوار کی شام بہاولپور میں ایک ریلی کی تھی جس میں رہنماؤں نے عمران حکومت کے خلاف اپنی مہم کو جہاد قرار دیا۔

مریم نواز، تصویر آئی اے این ایس
مریم نواز، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

اسلام آباد: اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے عمران خان کی زیر قیادت پاکستان تحریک انصاف پارٹی حکومت کے خلاف اپنی مہم کو 'جہاد' قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے دستبرداری ایک 'بہت بڑا گناہ' ہوگا۔ دس اپوزیشن پارٹیوں کے اتحاد کی اتوار کی شام بہاولپور میں ہوئی ایک ریلی میں رہنماؤں نے اس ضمن میں اظہار خیال کیا۔ اس ریلی میں پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمن، پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما یوسف رضا گیلانی اور دیگر رہنماؤں نے عمران حکومت کو خاص طور پر اس کی معاشی کارکردگی کو جم کر نشانہ بنایا۔

مریم نواز نے پی ڈی ایم کے لئے لوگوں کو ملنے والی حمایت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا ، ’’اگر میں ان لوگوں سے اسلام آباد کی طرف مارچ کرنے کو کہوں تو کیا ہوگا؟ ایسی صورتحال میں کٹھ پتلی وزیر اعظم کو چھپنے کی کوئی جگہ نہیں مل پائے گی۔‘‘ گیلانی نے پی ڈی ایم کے شو کو فلاپ کہنے سے پہلے بہاولپور میں 'لوگوں کے سمندر' کو دیکھنے کا چیلنج دیا۔قبل ازیں مولانا رحمان نے پی ڈی ایم کے اندر پائی جانے والی درار کے بارے میں کسی قیاس آرائی کو صاف طور پر مسترد کر دیا۔ روزنامہ ڈان نے مولانا رحمان کے حوالے سے کہا، ’’حکمت عملی میں تبدیلی کا مطلب یہ نہیں ہے کہ وہ اپنے موقف سے ہٹ گیا ہے۔ میڈیا پی ڈی ایم کے اتحادیوں کے درمیان اتحاد کے سلسلے میں قیاس آرائیاں کرکے عوام کو گمراہ کررہا ہے۔ پی ڈی ایم برقرار ہے اور ہمارے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔ جب بھی حکمت عملی میں کوئی تبدیلی آتی ہے، میڈیا اسے پیش کرتا ہے کہ جیسے پی ڈی ایم کے اسٹینڈ میں کوئی تبدیلی آرہی ہو۔‘‘


انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ارکان پارلیمنٹ کے استعفی سونپنے سمیت پی ڈی ایم کی مستقبل کی حکمت عملی 31 مارچ کو وزیر اعظم عمران خان کو استعفی دینے کے لئے دی گئی ڈیڈ لائن کے بعد، پی ڈی ایم کی اتحادی پارٹیوں کی قیادت کی مشاورت کے بعد لمبے مارچ کو تیار کیا جائے گا۔ انہوں نے اسلام آباد کے غیر قانونی قبضے میں ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم گزشتہ چھ برسوں سے زیر التواء پی ٹی آئی کو غیر ملکی فنڈنگ ​​کیس کا فیصلہ کرنے کے لئے 19 جنوری کو اسلام آباد میں ای سی پی کے دفاتر کے باہر دھرنا دے گی۔

مریم نواز نے معاشی کارکردگی پر حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے ڈھائی برسوں کے دوران قرض دوگنا کردیا ہے۔ انہوں نے کہا ، ’’ملک کے لوگ بے روزگاری اور مہنگائی سے تنگ آچکے ہیں اور چکن اور سبزیاں بھی نہیں خرید سکتے ہیں۔ گیس اور بجلی کی قیمتوں میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ سارا پیسہ ان کی جیب میں جا رہا ہے۔ ‘‘ عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما میاں افتخار نے الزام لگایا کہ پاکستان حکومت میڈیا کو خصوصی طورپر حزب اختلاف کے رہنماؤں کو دی جانے والی کوریج کو سنسر کررہی ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ اب عمران خان حکومت کے دن گنتی کے بچے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔