عمران خان نے ایک بار پھر اٹھائی ’کشمیر‘ کی آواز، کہا ’مودی اپنا آخری داؤ کھیل چکے‘

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے جمعہ کے روز کہا کہ کشمیر کو ملے خصوصی درجہ کو ختم کر ہندوستانی پی ایم نریندر مودی ’اپنا آخری داؤ‘ کھیل چکے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے جمعہ کے روز ایک بار پھر ’کشمیر‘ کا ایشو اٹھایا۔ انھوں نے کہا کہ کشمیر کو ملے خصوصی درجہ کو ختم کر ہندوستانی پی ایم نریندر مودی اپنا آخری داؤ کھیل چکے ہیں۔ پاکستانی میڈیا میں شائع رپورٹ کے مطابق ’کشمیریوں کے تئیں اتحاد‘ ظاہر کرنے کے لیے جمعہ کو اسلام آباد میں انسانی زنجیر بنائی گئی۔ اس پروگرام میں عمران خان نے بھی شرکت کی۔

پاکستانی وزیر اعظم نے پہلے کی ہی طرح ہندوستان پر بے بنیاد الزام لگاتے ہوئے کشمیر میں حقوق انسانی کی مبینہ خلاف ورزی کا ایشو اٹھایا اور کہا کہ ’’ہندوستان نے 80 لاکھ لوگوں کو دو مہینے سے بند کیا ہوا ہے۔‘‘


عمران خان نے پروگرام میں موجود لوگوں کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’مودی نے غلطی کی ہے۔ انھوں نے اپنا آخری داؤ کھیل دیا ہے۔ مودی کو لگتا ہے کہ کشمیری عوام دفعہ 370 کو منسوخ کرنے کو قبول کر لے گی۔ لیکن انھیں (مودی کو) نہیں پتہ ہے کہ پچھلی کئی دہائیوں میں کشمیر کے لوگوں نے جو کچھ برداشت کیا ہے، اس نے ان کے دلوں سے موت کا خوف نکال دیا ہے۔‘‘

کشمیر میں حالانکہ کرفیو کا نفاذ اب نہیں ہے لیکن عمران خان نے اس سلسلے میں لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہہ ڈالا کہ ’’ایک بار جب کرفیو ہٹ جائے گا تب ہزاروں کشمیری اس فیصلے کے خلاف سڑکوں پر اتر پڑیں گے۔‘‘ انھوں نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ آج یہاں پر لوگ اس لیے آئے ہیں کہ وہ کشمیریوں کو بتا سکیں کہ پاکستان ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ ایک دن آئے گا جب کشمیریوں کی مہم سمندر بن جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔