حیدر علی پاکستان کی تاریخ کا پہلا پیرالمپکس طلائی تمغہ اپنے نام کرنے میں کامیاب

حیدر علی نے فتح کے بعد اپنے پیغام میں اپنے رب تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے اپنے مداحوں، سپورٹس بورڈ اور نیشنل پیرالمپکس کمیٹی سمیت تمام متعلقہ اداروں کی حمایت پر شکریہ ادا کیا

حیدر علی / ٹوئٹر
حیدر علی / ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

اسلام آباد: پاکستان سے تعلق رکھنے والے حیدر علی نے ٹوکیو میں جاری پیرالمپکس مقابلوں میں ڈسکس تھرو کے کھیل میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے طلائی تمغہ جیت لیا ہے۔ پاکستان کی جانب سے پہلی بار کسی ایتھلیٹ نے پیرالمپکس میں طلائی تمغہ حاصل کیا ہے۔

گجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے 35 سالہ حیدر علی اپنی چوتھی پیرالمپکس میں شرکت کر رہے ہیں اور وہ اس سے قبل پاکستان کے لئے بیجنگ 2008 پیرالمپکس میں چاندی کا تمغہ اور ریو 2016 پیرالمپکس میں کانسی کا تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔ انہوں نے یہ دونوں تمغے لانگ جمپ کے مقابلوں میں حاصل کئے تھے۔


حیدر علی نے فتح کے بعد اپنے پیغام میں اپنے رب تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے اپنے مداحوں، پاکستان سپورٹس بورڈ، پنجاب سپورٹس بورڈ اور نیشنل پیرالمپکس کمیٹی سمیت تمام متعلقہ اداروں کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اپنا میڈل پاکستان کے نام کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔