ٹرمپ نے قسمت کا رونا رویا، کہا وبا کی صورتحال بہتر ہونے سے پہلے بدقسمتی سے مزید خراب ہوگی

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بریفنگ کے دوران خود ماسک نہیں پہنا لیکن ماسک پہننے کی انتہائی سخت ترغیب دے ڈالی

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ
user

قومی آوازبیورو

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کوپہلی مرتبہ وبا کی خراب ہوتی صورتحال سے پریشان دیکھا گیا اور اس کی وجہ شائدامریکی صدارتی انتخابات کی تاریخوں کا قریب آ نا ہوسکتا ہے۔انہوں نےوہائٹ ہاؤس کی پریس بریفنگ کے دوران کہا ''ملک کے بعض حصوں میں حالات بہت بہتر ہیں۔ کچھ میں کم بہتر ہیں۔ یہ صورتحال غالباً بہتر ہونے سے قبل بدقسمتی سے مزید خراب ہوگی۔ میں اس طرح کی باتیں کہنا پسند نہیں کرتا۔ لیکن صورتحال کچھ ایسی ہی ہے''۔

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جو بیان دیا ہے کہ کرونا وائرس کی صورتحال بہتر ہونے سے پہلے غالباً مزید خراب ہوگی اس کی وجہ وبا سے صحیح طرح سے ڈیل نہ کرنے کے تعلق سےان کی مقبولیت میں آنے والی کمی ہو سکتی ہے۔


انھوں نے عوامی رائے کوحق میں بنانے کےلئے ایک مرتبہ پھر دنیا کاسہارا لیتے ہوئے کہا کہ’’ آپ پوری دنیا کا حال دیکھ سکتے ہیں۔ پوری دنیا میں یہی صورتحال ہے۔‘‘ حقیقت یہ کہ چندممالک کو چھوڑدیں توباقی جگہ پراس وبا کوپھیلنے سے روکا ہوا نظر آ رہاہے ۔یوروپی ممالک خاص طورسے اٹلی میں صورتحال قابو میں ہے،فرانس کی صورتحال بہت بہتر ہے اور خودچین جہاں سےمبینہ طورپریہ وائرس پھیلا ہے وہاں اس پرقابو پالیا گیا ہے۔

ماضی کے برعکس کرونا وائرس سے متعلق بریفنگ میں صدر ٹرمپ نے ماسک پہننے سے متعلق انتہائی سخت ترغیب دی اور کہا کہ ماسک کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے میں موثر ثابت ہوئے ہیں۔ لیکن، یہ بھی حقیقت ہے کہ خود انھوں نے بریفنگ کے دوران ماسک نہیں پہنا ہوا تھا۔


صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہم ہر شخص سے کہہ رہے ہیں کہ جب آپ سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے قابل نہ ہوں تو ماسک پہنیں۔ چاہے آپ پسند کریں یا نہ کریں، ماسک موثر ثابت ہوتے ہیں۔

ان سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ خود ماسک پہن کر دوسروں کے لیے مثال فراہم کریں گے؟ اس پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ انھوں نے ایسا کیا ہے۔ پھر انھوں نے اپنی جیب سے نیلے رنگ کا ماسک نکال کر دکھایا۔


صدر ٹرمپ نے کہا کہ میں اسے اپنے ساتھ رکھتا ہوں۔ جب لفٹ میں سیکورٹی اہلکاروں کے ساتھ جاتا ہوں تو انھیں محفوظ رکھنے کے لیے ماسک پہنتا ہوں۔ میں اس کا عادی ہورہا ہوں۔ حب الوطنی کے بارے میں سوچیں۔ ممکن ہے کہ اس سے فائدہ ہو۔ اس سے فائدہ ہوتا ہے۔

صدر ٹرمپ نے اپریل کے بعد منگل کو وائٹ ہاؤس میں کرونا وائرس کی پہلی نیوز بریفنگ کی ہے۔ اپریل تک وہ تقریباً روزانہ وبا کی صورتحال پر میڈیا سے گفتگو کرتے تھے جس میں وائٹ ہاؤس کی کرونا وائرس ٹاسک فورس کے ارکان بھی شرکت کرتے تھے۔

(وائس آف امریکہ اردو کےانپٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔