امریکہ: حلف برداری کے بعد بائڈن نے نسلی تفریق، کیپٹل تشدد اور جمہوریت کا کیا تذکرہ

یو ایس کیپٹل میں گزشتہ دنوں ہوئے تشدد کے تعلق سے بات کرتے ہوئے بائڈن نے کہا کہ ’’ایسا تشدد پھر کبھی نہیں ہوگا۔ میں سبھی امریکیوں کا صدر ہوں۔ ہمیں آئین اور جمہوریت کی حفاظت کرنی ہوگی۔‘‘

حلف برداری کے بعد تقریر کرتے امریکی صدر جو بائڈن
حلف برداری کے بعد تقریر کرتے امریکی صدر جو بائڈن
user

قومی آوازبیورو

جو بائڈن نے امریکی صدر کی شکل میں حلف لے لیا ہے اور اس کے ساتھ ہی وہ امریکہ کے 46ویں صدر بن گئے ہیں۔ حلف برداری کے بعد اپنی تقریر میں انھوں نے کئی اہم موضوعات کو احاطہ میں لیا اور امریکی عوام کے سامنے ظاہر کیا کہ آنے والا دن ایک روشن باب ہوگا۔ انھوں نے تقریر کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم امریکہ میں نسلی تفریق سے لڑیں گے اور امریکہ کو پوری طرح متحد کرنا ہمارا ہدف ہوگا۔‘‘ بائڈن نے مزید کہا کہ ’’امریکہ بحران کے دور سے گزر رہا ہے، لیکن امریکی فوج مضبوط ہے اور ہر طرح کے چیلنج سے نمٹنے میں اہل بھی ہے۔ ضروری ہے کہ ہم متحد رہیں کیونکہ اس میں امن کا راز پوشیدہ ہے۔‘‘

یو ایس کیپٹل میں گزشتہ دنوں ہوئے تشدد کے تعلق سے بات کرتے ہوئے بائڈن نے کہا کہ ’’ایسا تشدد پھر کبھی نہیں ہوگا۔ میں سبھی امریکیوں کا صدر ہوں۔ ہمیں آئین اور جمہوریت کی حفاظت کرنی ہوگی۔‘‘ ملک میں پیدا بے روزگاری کے تعلق سے انھوں نے کہا کہ ’’جن کی ملازمت گئی ہے، ان کو لے کر فکر مند ہوں۔ جلد حالات بہتر ہوں گے۔‘‘


اپنی تقریر کے دوران بائڈن نے نائب صدر کملا ہیرس کی تعریف میں بھی کچھ جملے کہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’آج امریکہ کو پہلی خاتون نائب صدر ملی ہے، یہ ایک تاریخی لمحہ ہے۔‘‘ واضح رہے کہ کملا ہیرس امریکہ کی تاریخ میں پہلی خاتون نائب صدر ہونے کے ساتھ ساتھ پہلی سیاہ فام اور ہند نژاد نائب صدر بھی ہیں۔

بہر حال، قوم کے نام اپنے خطاب میں جو بائڈن نے سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا نام لیے بغیر انھیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔ بائڈن نے کہا کہ ’’اقتدار اور فائدہ کے لیے بہت سارے جھوٹ بولے گئے۔ اب اس سے باہر نکلنے کا وقت ہے۔‘‘ انھوں نے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’’اب ہمیں ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑنے کی ضرورت ہے۔ یہ امتحان کا وقت ہے اور ہمیں آگے چلنا ہوگا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔