مالدیپ کے صدارتی انتخابات میں اپوزیشن امیدوار صالح فتحیاب

مسٹر صالح نے اپنی کامیابی کے بعد کہا کہ ’’ میں صدر یامین سے لوگوں کی خواہش کو قبول کرنے اور آئین کے مطابق اقتدار کی منتقلی کا عمل شروع کرنے کی درخواست کرنا چاہتا ہوں۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

مالے: مالدیپ میں صدر کے عہدہ کے لئے اتوار کو ہوئے متنازعہ انتخابات میں اپوزیشن امیدوار ابراہیم محمد صالح نے جیت حاصل کرلی۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق طویل عرصہ سے رکن پارلیمان مسٹر صالح کی جیت کا اعلان یہاں واقع ان کی پارٹی کے ہیڈکوارٹر میں کیا گیا۔ رپورٹوں کے مطابق نصف شب تک ہوئی 92 فیصد ووٹوں کی گنتی کے بعد مسٹر صالح نے 58.3 فیصد ووٹ حاصل کرلئے تھے۔ بعد ازاں انتخابات پر نظر رکھنے والے ٹرانسپرینسی مالدیپ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ مسٹر صالح نے فیصلہ کن فرق سے جیت حاصل کرلی ہے۔

اس سے قبل ہندستانی میڈیا کارکنان کو انتخابات کور کرنے کے لئے ویزا دینے سے انکار کردیا گیا تھا۔ لیکن ہندستانی حکومت نے الیکشن مہم اور پورے انتخابی عمل پر قریبی نظر بنائے رکھی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ مالدیپ کے الیکشن کمیشن نے کہاکہ سرکاری نتائج کا اعلان ایک ہفتے تک نہیں کیا جائے گا۔ اس مدت میں پارٹیاں نتائج کو چیلنج کرنے والی عرضیاں عدالت میں داخل کرسکتی ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ اپوزیشن کو اندیشہ تھا کہ صدرعبداللہ یامین کے حق میں انتخابات میں دھاندلی کی جائے گی کیونکہ ان کے دفتر میں سیاسی حریفوں، عدالتوں اور میڈیا کے خلاف مہم چلائی گئی تھی۔ موجودہ صدر یامین کے خلاف تلخ انتخابی مہم چلانے والے ایبو کے نام سے مقبول مسٹر صالح نے کہاکہ یہ خوشی اور امید کا لمحہ ہے۔ یہ ایک ایسا سفر ہے جو بیلٹ باکس میں جاکر ختم ہوگیا ہے کیونکہ لوگوں نے اس سے اپنی خواہش ظاہر کردی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پیغام زور دار اور واضح ہے۔ مالدیپ کے لوگ تبدیلی، امن اور انصاف چاہتے ہیں۔ میں صدر یامین سے لوگوں کی خواہش کو قبول کرنے اور آئین کے مطابق اقتدار کی منتقلی کا عمل شروع کرنے کی درخواست کرنا چاہتا ہوں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */