نیویارک میں سڑک پر چہل قدمی کر رہے جنوبی کوریائی سفیر پر حملہ، نظام قانون پر سوالیہ نشان

نیویارک پولیس محکمہ کے مطابق واقعہ مینہٹن میں پیش آیا جب جنوبی کوریائی سفیر اپنے ایک دوست کے ساتھ سڑک پر ٹہل رہے تھے، اسی دوران حملہ آور نے بغیر کسی اُکساوے کے ان پر حملہ کر دیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

امریکہ کے نیویارک شہر میں بدھ کی شب بغیر کسی اُکساوے کے ایک نامعلوم شخص نے جنوبی کوریائی سفیر پر حملہ کر دیا جس میں وہ بری طرح زخمی ہو گئے۔ اس حملے میں ان کی ناک کی ہڈی ٹوٹ گئی۔ اس واقعہ کے بعد شہر میں نظامِ قانون کو لے کر سوالیہ نشان لگ گیا ہے اور اس واقعہ نے سب کا دھیان اپنی طرف متوجہ کیا ہے۔

نیویارک پولیس محکمہ (این وائی پی ڈی) کے حوالے سے جمعرات کو میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ واقعہ مینہٹن میں بدھ کی شب 8.10 بجے اس وقت پیش آیا جب وہ سفیر اپنے ایک دوست کے ساتھ سڑک پر ٹہل رہے تھے۔ اسی دوران حملہ آور نے بغیر کسی اُکساوے کے ان پر حملہ کر دیا جس میں ان کی ناک ٹوٹ گئی۔ اس کے بعد وہ حملہ آور وہاں سے فرار ہو گیا۔


نیویارک سٹی کاؤنسل مین کیتھ پاورس نے جمعرات کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر کہا کہ ’’یہ بے وجہ حملہ خوفناک اور ناقابل قبول ہے۔ اس حملے کے پیچھے کی نفرت اور تفریق کی نہ صرف مذمت کرنی چاہیے بلکہ عوامی سیکورٹی کو ترجیح دینی چاہیے۔‘‘

نیویارک میں جنوبی کوریائی قونصلیٹ جنرل کے پریس اتاشے ہیون-سیونگ چوئی کے حوالے سے ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’’ہم اس بے وقوفی اور قابل مذمت تشدد کی مذمت کرتے ہیں اور اس افسوسناک واقعہ کے معاملے کے تیزی سے نمٹارے کا مطالبہ کرتے ہیں۔‘‘ حالانکہ اس واقعہ کو لے کر ابھی تک کسی کی گرفتاری نہیں ہوئی ہے۔


واضح رہے کہ نیویارک پولیس کی طرف سے جاری اعداد و شمار کے مطابق نیویارک شہر میں جنوری میں جرائم کے مجموعی انڈیکس میں سال در سال 38.5 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا۔ پولیس کے مطابق قتل کے معاملوں کے علاوہ ہر اہم انڈیکس میں جنوری 2022 کے مہینے میں اضافہ دیکھا گیا۔ قتل کے معاملوں میں 15.2 فیصد کی گراوٹ آئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔