کورونا بحران میں ہندوستان کی مدد کے لیے آگے آیا عالمی بینک، 1 بلین ڈالر پیکیج کا اعلان

کووڈ-19 سے جاری جنگ میں ہندوستان کو عالمی بینک نے بڑی مدد دینے کا اعلان کیا ہے۔ جمعہ کے روز عالمی بینک نے کہا کہ وہ ہندوستان کو سماجی سیکورٹی پیکیج کی شکل میں ایک بلین ڈالر دے گا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کورونا وائرس نے دنیا بھر میں تباہی مچا رکھی ہے۔ اس وبا نے معیشت کی بھی کمر توڑ دی ہے۔ ملک کی بگڑتی معیشت کو پٹری پر لانے کے لیے سبھی ممالک کی حکومتوں کی جانب سے راحت پیکیج کا اعلان بھی کیا جا رہا ہے۔ ہندوستان میں بھی پی ایم نریندر مودی نے جی ڈی پی کا 10 فیصد راحت پیکیج کے طور پر خرچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان سب کے درمیان عالمی بینک بھی اس بحران کے وقت میں مسیحا بن کر سامنے آیا ہے۔


کووڈ-19 کے خلاف جاری جنگ میں ہندوستان کو عالمی بینک نے جمعہ کو ایک بڑی مدد دینے کا اعلان کیا۔ عالمی بینک نے ہندوستان کو سماجی سیکورٹی پیکیج کی شکل میں ایک بلین ڈالر یعنی تقریباً 7500 کروڑ روپے کا پیکیج دینے کا اعلان کیا ہے۔ عالمی بینک نے یہ منظوری غریبوں اور وبا کے تئیں حساس خاندانوں کے لیے حکومت ہند کی لگاتار کوششوں کو دیکھتے ہوئے دی ہے۔ دوسری طرف ہندوستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر جنید احمد نے کہا ہے کہ سوشل ڈسٹنسنگ کی وجہ سے معیشت کی رفتار دھیمی ہو گئی ہے۔ حکومت ہند نے غریب فلاحی منصوبوں پر دھیان لگایا ہے تاکہ غریبوں کی حفاظت ہو سکے۔ جنید احمد نے کہا کہ صحت شعبہ کی طرف سے ملنے والے چیلنجز کا مقابلہ کرنا اور ایسے حالات پیدا کرنا جہاں معیشت پھر سے کھڑی ہو سکے، کافی اہم ہے۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے نیو ڈیولپمنٹ بینک یعنی این ڈی بی نے ہندوستان کو ایک ارب ڈالر کی ایمرجنسی مدد دینے کا اعلان کیا تھا۔ اس کا کہنا تھا کہ یہ قرض وہ اس لیے دے رہی ہے تاکہ ہندوستان کو کووڈ-19 کے پھیلاؤ کو روکنے میں مدد ملے اور کورونا وائرس وبا سے ہونے والی انسانی، سماجی اور معاشی نقصان کو کم کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ ایشیائی ڈیولپمنٹ بینک یعنی اے ڈی بی نے کورونا سے جنگ کے لیے ہندوستان کو 1.5 ارب ڈالر کا پیکیج دینے کا اعلان کیا تھا۔ اس کا مقصد حکومت ہند کو کووڈ-19 کے پھیلاؤ کو روکنے کی لڑائی میں شامل کرنا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔