یوگی راج میں عصمت دری کی شکار کو نہیں ملا انصاف، مایوسی میں کر لی خودکشی

خودکشی کرنے والی خاتون کے شوہر کا کہنا ہے کہ وہ اور ان کی بیوی انصاف کے لیے لکھنؤ بھی گئے تھے لیکن مایوسی ہاتھ لگی۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ 6 مہینے تک دوڑتے رہے لیکن انھیں انصاف نہیں ملا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش میں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی پولس سے جب انصاف نہیں ملا تو گونڈا کے کرنل گنج کوتوالی علاقہ میں عصمت دری متاثرہ خاتون نے پھانسی لگا کر خودکشی کر لی۔ متاثرہ خاتون نے اگست 2018 میں پولس میں شکایت درج کرائی تھی۔ خاتون کے شوہر کا کہنا ہے کہ گاؤں کے دو لوگوں نے ان کی بیوی کے ساتھ عصمت دری کی تھی۔ انھوں نے بتایا کہ اس بات کی شکایت انھوں نے پولس میں کی تھی لیکن کوئی فوری قدم نہیں اٹھایا گیا۔ ان کا الزام ہے کہ شکایت کے باوجود ملزمین کے خلاف پولس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ ان کا کہنا ہے کہ پولس جانچ کا یقین دلا کر معاملے کو ٹالتی رہی۔

14 جنوری کو خودکشی کرنے والی خاتون کے شوہر نے انصاف کی تلاش میں بیوی کے ساتھ لکھنؤ جانے کی بات بھی کہی۔ انھوں نے بتایا کہ وہ 6 مہینے تک دوڑتے رہے لیکن انھیں انصاف نہیں ملا۔ انھوں نے مزید کہا کہ ان کی بیوی پہلے سے ہی کہہ رہی تھی کہ اگر انصاف نہیں ملا تو وہ خودکشی کر لے گی۔

خودکشی کے بعد اس سلسلے میں پولس کا بیان بھی سامنےا ٓیا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ حال ہی میں متاثرہ کے ذریعہ دو بار شکایت کیے جانے کے بعد ضلع کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولس کو معاملے کی جانچ سونپی گئی تھی لیکن اسی درمیان متاثرہ خاتون نے خودکشی کر لی۔ بتایا جا رہا ہے کہ جس پولس کو خاتون کو انصاف دلانا تھا، اس نے اس معاملے میں دو بار فائنل رپورٹ پیش کر دی تھی۔ اُدھر اعلیٰ افسران کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں دو انسپکٹروں کو معطل کر دیا گیا ہے اور کرنل گنج کے داروغہ کو بھی لائن حاضر کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 15 Jan 2019, 10:07 AM