اتر پردیش: رائے بریلی جیل سپرنٹنڈنٹ سمیت 6 معطل

ڈسٹرکٹ جیل کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پرمود کمار، کاراپال گووند رام، ڈپٹی گورنر رام چندر تیواری، ہیڈ جیل وارڈ لالتا پرساد اپادھیائے، جیل وارڈر گنگا رام اور شیو منگل سنگھ کو فوری اثرات سے معطل کردیا گیا ہے۔

By یو این آئی

لکھنو: اترپردیش کے رائے بریلی ضلع میں قیدیوں کو مل رہی سہولیات سے متعلق وائرل ہوئے ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے حکومت نے ڈسٹرکٹ جیل کے سینئر سپرنٹنڈنٹ سمیت جیل کے 6 ملازمین کو معطل کردیا ہے۔ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں کچھ قیدی بیرک میں شراب پیتے اور کسی کاروباری کو موبائل فون سے دھمکاتے ہوئے دکھائے گئے تھے۔ قیدیوں کے پلنگ پر کچھ زندہ کارتوس بھی بکھرے پڑے ہوئے تھے۔ ویڈیو کی حقیقت کی تصدیق اور جیل کے احاطہ میں ملی قابل اعتراض چیزوں کے برآمد ہونے کے بعد حکومت کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل جیل اور ضلع انتظامیہ نے مذکورہ کارروائی کی ہے۔

سرکاری ذرائع نے پیر کو بتایا کہ اس معاملہ میں نرمی برتنے کے الزام میں ڈسٹرکٹ جیل کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پرمود کمار شکل، کاراپال گووند رام ورما ، ڈپٹی گورنر رام چندر تیواری، ہیڈ جیل وارڈ لالتا پرساد اپادھیائے، جیل وارڈر گنگا رام اور شیو منگل سنگھ کو فوری اثرات سے معطل کردیا گیا ہے۔ ملزم پولس ملازمین کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ویڈیو میں دکھائے گئے چار قیدی مجرموں کو گزشتہ 19 نومبر کو دیگر جیلوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ چاروں کے خلاف 21 نومبر کو کوتوالی تھانہ میں ایف آئی آر درج کی گئی۔ اسی روز حکام کے تلاشی لینے پر جیل سے چار موبائل فون اور ایک سم کارڈ برآمد کیا گیا۔ حکومت کی ہدایت پر 25نومبر کو ضلع مجسٹریٹ اور سینئر پولس سپرنٹنڈنٹ نے جیل کے احاطہ میں پھرتلاشی مہم چلائی جس میں بیرکوں سے سگریٹ، لائٹر، ماچس، مٹھائیاں، ڈرائی فروٹس سمیت کئی دیگر قابل اعتراض چیزیں برامد ہوئیں۔