بہار میں جرائم پر کشمیر کے گورنر کا ’یو-ٹرن‘، پہلے کی تنقید اور اب کر رہے تعریف

بہار میں لگاتار بڑھ رہے جرائم کے درمیان ریاست کے سابق اور جموں و کشمیر کے موجودہ گورنر ستیہ پال ملک نے ’یو-ٹرن‘ کی حد پار کر دی ہے۔ بہار کو جرائم میں آگے بتانے کے بعد اب وہ اس کی تعریف کر رہے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بہار کے گورنر رہ چکے جموں و کشمیر کے ستیہ پال ملک نے بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی تعریف میں آج جم کر قصیدے پڑھے۔ انھوں نے بہار کی سڑکوں پر روز بہتے خون کو نظر انداز کرتے ہوئے متاثرین کے زخموں پر نمک پاشی کی اور کہا کہ ’’نتیش کمار کے اقتدار میں آنے کے بعد بہار میں جرائم تقریباً ختم ہو گیا ہے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہہ ڈالا کہ لیڈروں کو سیاست میں ایمانداری اور اخلاقیات نتیش کمار سے سیکھنی چاہیے۔

ستیہ پال ملک کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب بہار میں بے لگام ہو رہے جرائم کو لے کر نتیش کمار کے سُشاسن پر سوال کھڑے ہونے لگے ہیں۔ بہار کے لوگ اسے جنگل راج کی واپسی قرار دے رہے ہیں۔ یہ سوال اٹھانے لازمی بھی ہیں کیونکہ گزشتہ دو مہینوں میں ریاست میں کئی ہائی پروفائل لوگوں سمیت بے شمار قتل ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ کئی ڈکیتی کے واقعات بھی ہوئے ہیں۔ راجدھانی پٹنہ سے لے کر دور دراز کے گاؤں میں قتل، اغوا اور ڈکیتی کے واقعات معمول کا حصہ بن گئے ہیں۔

حال ہی میں 9 جنوری کو لکھی سرائے میں نظامِ قانون کو چکمہ دیتے ہوئے 15 نقاب پوش جرائم پیشوں نے چلتی ٹرین میں بندوق کی نوک پر تقریباً 200 مسافروں سے لوٹ پاٹ کی۔ اس دوران احتجاج کرنے پر ان کے ساتھ مار پیٹ بھی کی گئی۔ یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے جس پر ہنگامہ برپا ہوا ہو۔ اعداد و شمار کو دیکھیں تو گزشتہ مہینے بے لگام جرائم پیشے کئی قتل کو انجام دے چکے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس سے قبل ستیہ پال ملک نے جموں و کشمیر میں جرائم کے واردات کا موازنہ بہار کی راجدھانی پٹنہ سے کیا تھا۔ جنوری کے پہلے ہفتہ میں ہی انھوں نے بیان دیا تھا کہ پٹنہ میں ایک دن میں جتنے قتل ہو جاتے ہیں اتنے قتل کشمیر میں ایک ہفتہ میں ہوتے ہیں۔ ان کے اس بیان پر بہار میں سیاسی ہنگامہ بھی برپا ہو گیا تھا۔ لیکن اب وہی ستیہ پال ملک نے ’یو-ٹرن‘ لیتے ہوئے نتیش کمار کی تعریف میں قصیدے پڑھتے ہوئے بہار کے لوگوں کے زخم پر نمک پاشی کا کام کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔