تیجسوی کے یوم پیدائش پر ’لاپتہ‘ تیج پرتاپ دے سکتے ہیں ’سرپرائز گفٹ‘

اپنی بیوی ایشوریہ سے طلاق کی عرضی عدالت میں داخل کرنے کے بعد ’لاپتہ‘ تیج پرتاپ اپنے چھوٹے بھائی اور بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو کے یوم پیدائش کے موقع پر ساتھ میں نظر آ سکتے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کے چھوٹے بیٹے اور بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو کا آج یعنی 9 نومبر کو یوم پیدائش ہے۔ اس موقع پر آر جے ڈی فیملی اور اس پارٹی کے حامیوں کو امید ہے کہ کئی دنوں سے غائب تیج پرتاپ یادو ضرور پہنچیں گے۔ قابل ذکر ہے کہ تیج پرتاپ یادو عدالت میں ایشوریہ سے طلاق کی عرضی داخل کرنے کے بعد غائب ہو گئے اور دیوالی کے موقع پر بھی گھر نہیں لوٹے تھے۔

گزشتہ مرتبہ جب تیجسوی کا یوم پیدائش تھا تو تیج پرتاپ نے چھوٹے بھائی کی طویل عمر کے لیے پٹنہ کے ایک مندر میں خصوصی پوجا کی تھی۔ لیکن اپنی ازدواجی زندگی میں چل رہی اتھل پتھل سے پریشان تیج پرتاپ ان دنوں گھر سے دور ہیں۔ اس کا اثر لالو فیملی پر بلاواسطہ طور پر دیکھنے کو مل رہا ہے۔ ہر خاص موقع پر ساتھ رہنے والے دونوں بھائی آج کل الگ الگ نظر آ رہے ہیں۔ بیوی ایشوریہ سے طلاق لینے کا اعلان کر چکے تیج پرتاپ یادو بار بار فیملی کے کئی قریبیوں پر بھائی-بھائی کو لڑانے کا الزام لگاتے رہے ہیں۔

خبروں کے مطابق رانچی میں اپنے والد لالو پرساد یادو سے تیج پرتاپ یادو ملنے گئے تھے۔ مل کر لوٹنے کے دوران گیا پہنچے تیج پرتاپ یادو اچانک سے غائب ہو گئے۔ ان کے کبھی بنارس، کبھی ورنداون تو کبھی وندھیاچل میں دیکھے جانے کی بات کہی جا رہی ہے۔ وہ بار بار اپنا ٹھکانہ بدل رہے ہیں۔ فون پر کسی سے وہ بات نہیں کر رہے۔ ایسا لگ رہا ہے کہ وہ طلاق کے معاملے میں کسی کی بھی بات ماننے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ تیج پرتاپ یادو کی چھ مہینے قبل ایشوریہ رائے سے شادی ہوئی تھی۔ لیکن اب تیج پرتاپ طلاق چاہتے ہیں اور اس کے لیے انھوں نے فیملی کورٹ میں طلاق کی عرضی داخل کی ہے۔ اس قدم سے لالو کی فیملی کے ساتھ ساتھ ایشوریہ رائے کے والد چندریکا رائے کی فیملی بھی حیران ہے۔ طلاق کی عرضی داخل کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے تیج پرتاپ نے کہا تھا کہ ’’میں گھُٹ گھُٹ کر نہیں جی سکتا کیونکہ اس کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ اس لیے میں نے عدالت میں طلاق کی عرضی داخل کی ہے۔‘‘ تیج پرتاپ یادو اور ایشوریہ رائے کے طلاق کے معاملے میں سماعت 29 نومبر کو ہونی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 09 Nov 2018, 2:09 PM