پنجاب : نفرت پھیلا کر گرو نانک کی سوچ پر حملہ کر رہے پی ایم مودی... راہل گاندھی

کانگریس صدر راہل گاندھی نے پنجاب واقع موگا میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے جو بنیادی مسائل ہیں اس پر کام کرنے کی جگہ مودی حکومت لوگوں کو لڑا رہی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پنجاب کے موگا میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے ایک بار پھر مودی حکومت کو پرزور طریقے سے تنقید کا نشانہ بنایا۔ کانگریس صدر اہل گاندھی نے کہا کہ ’’گرو نانک جی کی زمین پر آج ہم انھیں یاد کرتے ہیں کیونکہ گرونانک جی نے صرف پنجاب کو ہی نہیں بلکہ پورے ملک کو محبت اور بھائی چارگی کا راستہ دکھایا تھا۔ آج ملک میں جو ماحول بنایا گیا ہے، جس طرح سے بی جے پی کے لوگ اور پی ایم مودی ملک میں نفرت پھیلا رہے ہیں وہ کبھی بھی گرونانک کا نظریہ نہیں رہا۔ نفرت کو مٹانے کے لیے گرو نانک جی نے اپنی پوری زندگی لگا دی۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’گرونانک جی کی سوچ تھی کہ ملک کے لوگ محبت اور بھائی چارے کے ساتھ رہیں، اور اس نظر سے دیکھا جائے تو اس وقت گرونانک جی کی سوچ پر حملہ ہو رہا ہے۔‘‘

راہل گاندھی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ملک کے بنیاد مسائل کی طرف بھی لوگوں کی توجہ دلائی۔ انھوں نے کہا کہ جو اصل مسائل ہیں اس پر کام نہیں کیا جا رہا اور مودی حکومت صرف لوگوں کو لڑانے کا کام کر رہی ہے۔ کانگریس صدر نے کہا کہ پانچ سال قبل مودی جی نے ملک کے 2 کروڑ نوجوانوں کو روزگار دینے کا وعدہ کیا تھا جسے انھوں نے پورا نہیں کیا۔ کسانوں کو فصلوں کے لیے صحیح قیمت دینے کا جو وعدہ کیا تھا وہ بھی انھوں نے پورا نہیں کیا۔ پی ایم مودی نے جتنے بھی وعدے کیے تھے سبھی بھول گئے اور آج ہندوستانی عوام کو آپس میں لڑانے کا کام کر رہے ہیں۔

پنجاب میں کانگریس حکومت کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ پنجاب میں جب سے کانگریس برسراقتدار آئی ہے، بڑے پیمانے پر کام ہو رہا ہے، لیکن بی جے پی اقتدار والی ریاستوں کو دیکھیں تو وہاں کچھ بھی نہیں ہو رہا۔ انھوں نے مزید کہا کہ پی ایم مودی کسانوں کی بات کرتے ہیں لیکن کسانوں کا قرض معاف نہیں کرتے۔ ملک کے چند صنعت کاروں کا مودی جی نے لاکھوں کروڑ روپے معاف کر دیا، لیکن کسانوں کا قرض معاف کرنے میں انھیں تکلیف ہوتی ہے۔

حال ہی میں جن ریاستوں میں اسمبلی انتخابات ہوئے اور کانگریس برسراقتدار ہوئی، وہاں کا تذکرہ کرتے ہوئے کانگریس صدر نے کہا کہ ’’ہم نے کسانوں کا قرض معاف کرنے کا وعدہ کیا تھا اور اس کو نبھایا بھی۔ ہم نے اقتدار میں آتے ہی مدھیہ پردیش، راجستھان، چھتیس گڑھ میں اپنے وعدے کے مطابق 10 دن کے اندر کسانوں کا قرض معاف کیا۔‘‘ راہل گاندھی نے مرکز کی مودی ھوکمت پر کانگریس حکمراں ریاستوں کے ساتھ تفریق آمیز رویہ اختیار کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔ انھوں نے کہا کہ پی ایم مودی پنجاب کے ساتھ تفریق کر رہے ہیں، اس کے حصے کا پیسہ نہیں دے رہے ہیں، لیکن صنعت کاروں کو دل کھول کر پیسہ دے رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 07 Mar 2019, 4:09 PM