نوئیڈا: میٹرو اسپتال میں لگی زبردست آگ، کئی مریض اندر پھنسے

نوئیڈا کے سیکٹر 12 واقع میٹرو ہارٹ اسپتال میں زبردست آگ لگ گئی ہے۔ وہاں داخل مریضوں کو شیشہ توڑ کر باہر نکالنے کی کوشش ہو رہی ہے۔ آگ بجھانے کے لیے دمکل کی تقریباً 6 گاڑیاں موقع پر پہنچ گئی ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نوئیڈا کے سیکٹر 12 میں میٹرو اسپتال میں جمعرات کے روز زبردست آگ لگ گئی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق اسپتال میں بڑی تعداد میں مریض اور ان کے گھر والے پھنسے ہوئے ہیں۔ اسپتال کی عمارت کا شیشہ توڑ کر لوگوں کو باہر نکالا جا رہا ہے۔ جائے حادثہ پر دمکل کی کئی گاڑیاں پہنچ گئی ہیں اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔

میڈیا ذرائع کے مطابق میٹرو اسپتال کی تیسری منزل پر آگ لگی ہوئی ہے۔ اس واقعہ کے بعد مریضوں کو اسپتال سے نکال کر سیکٹر 11 واقع میٹرو اسپتال میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اسپتال میں ایمرجنسی ایکزٹ کا کوئی انتظام نہیں تھا۔ نوئیڈا کے فائر محکمہ کے افسر ارون ویر سنگھ کا کہنا ہے کہ ’’پھنسے ہوئے لوگوں کو باہر نکالا جا رہا ہے۔‘‘ ان کا کہنا ہے کہ تقریباً 3 درجن لوگوں کو نکالا گیا ہے، حالانکہ ابھی بھی سَرچ آپریشن جاری ہے۔

بتا دیں کہ نوئیڈا کے جس علاقے میں یہ اسپتال ہے وہ کافی بھیڑ بھاڑ والا علاقہ ہے۔ ایسے میں حادثہ کے بعد سے ہی علاقے میں افرا تفری کا ماحول ہے۔ عمارت کے باہر بڑی تعداد میں لوگوں کی بھیڑ جمع ہے اور عمارت سے دھوئیں کا غبار نکلتے دیکھا جا سکتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔