اہم خبر: جی ایس لکشمی پہلی خاتون میچ ریفری

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

14 May 2019, 9:01 PM

جی ایس لکشمی پہلی خاتون میچ ریفری

دبئی: انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے تاریخ میں پہلی بار خاتون میچ ریفری ہندستان کی جی ایس لکشمی کی تقرری کی ہے۔ وہ فوری طور پر مردوں کے میچوں میں پوسٹنگ کی اہل ہوں گی۔

آسٹریلیا کی خاتون امپائر کلئیر پلوسک پہلی مرتبہ مردوں کے ون ڈے میچ میں امپائرنگ کر چکی ہیں۔لکشمی کی تقرری کے بعدآئی سی سی ڈیولپمنٹ امپائر پینل میں خواتین امپائرز کی تعداد 8 ہو گئی ہے۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کی ایلوئس شیریڈن کو پینل میں شامل کیا گیا ہے ۔آئی سی سی کا کہنا ہے کہ51سالہ لکشمی نے پہلی بار2009 میں میچ ریفری کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔وہ خواتین کے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں میچ ریفری کی ذمہ داریاں سنبھال چکی ہیں۔

لکشمی کا کہنا ہے کہ یہ پوسٹنگ آئی سی سی کا مجھ پر اعتماد ہے اور میرے لئے اعزاز ہے۔میں کرکٹر اور میچ ریفری کا طویل تجربہ رکھتی ہوں امید ہے کہ مجھے اپنے تجربے سے فائدہ ہوگا۔

14 May 2019, 6:10 PM

سہارنپور میں عبدالستار کا مکان منہدم کرنے کے سلسلہ میں ایس ڈی ایم پر مقدمہ درج

سہارنپور: اترپردیش کے ضلع سہارنپور کے بہاری گڑھ علاقے میں فور لین سڑک کی تعمیر کے دوران انتظامیہ کے عملے کے ذریعہ بغیر نوٹس کے مکان منہدم کرنے کے معاملے میں عدالت کی ہدایت پر بیہٹ کے اس وقت کے ایس ڈی ایم شیو نارائن شرما سمیت سات لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کرایا گیا ہے۔

پولس ذرائع نے منگل کو بتایا کہ 19 نومبر 2018 کو بہاری گڑھ میں قومی شاہراہ کی تعمیر کے وقت بغیر نوٹس دیئے عبد الستار کا مکان منہدم کردیا گیا تھا۔ اس معاملے میں متاثر نے چیف جو ڈیشیل مجسٹریٹ (سی جے ایم) کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا عدالت کی ہدایت پر اس وقت کے ایس ڈی ایم شیو نارائن شرما کے علاوہ تحصیل دار سدھیر کمار، قومی شاہراہ پروجکٹ کے ڈائریکٹر جی ایس گوسائی اور تعمیر کرنے والی کمپنی کے ڈائریکٹر رام کشن سمیت سات لوگوں کے خلاف، بلوہ، جان لیوا حملہ، سازش کرنا، دھمکی دینا اور ملکیت کو نقصان پہنچانے کے دفعات 147،307،120بی،506 اور427 آئی پی سی کے تحت بہاری گڑھ تھانے میں رپورٹ درج کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ الزام ہے کہ بغیر نوٹس اور معاوضہ دیئے بغیر بہاری گڑھ عبد الستار کا مکان منہدم کردیا گیا تھا۔ پولیس نے معاملے کی جانچ شروع کردی ہے۔

14 May 2019, 4:10 PM

صرافہ کاروباری کے قتل کے خلاف کاروباریوں کا احتجاج

پرتاپ گڑھ: اترپردیش کے ضلع پرتاپ گڑھ کے شہر کوتوالی علاقے کے پٹی قصبے میں صرافہ کاروباری کی گولی مار کر قتل کئے جانے سے مشتعل کاروباریوں نے منگل کو قومی شاہراہ پر جام لگا دیا۔ پولس اطلاعات کے مطابق بدمعاشوں نے پیر کی شام کو صرافہ کاروبایوں کی گنگا رام کو گولی مار دی جس سے اس کی موت ہوگئی۔ کاروباری کے قتل سے مشتعل کاروباریوں نے آج شام قومی شاہراہ پر لاش کو رکھ کر چکا جام کیا۔ دھرنے پر بیٹھے کاروباریوں نے 24 گھنٹوں کے اندر قتل کا خلاصہ، مقتول کے اہل خانہ کو ہتھیار کا لائسنس،50 لاکھ روپئے کا معاوضہ، مہلوک کی بیوی کو سرکاری نوکری دئے جانے اور کنبے کے سیکورٹی کے لئے مناسب اقدام کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ مارکنڈے شاہی و پولیس سپرٹنڈنٹ بھی دھرنے کے مقام پر پہنچ کر مشتعل افراد کو سمجھا بجھا کر معاملے کو رفع دفع کیا۔


14 May 2019, 3:10 PM

اتر پردیش: مہوبہ میں لڑکی کے ساتھ عصمت دری

مہوبہ: اترپردیش کے ضلع مہوبہ کے کبرئی علاقے میں ایک دبنگ کے ذریعہ کھیت میں کام کرنے گئی لڑکی کے ساتھ عصمت دری کا معاملہ روشنی میں آیا ہے۔ ڈپٹی سپرٹنڈنٹ آف پولیس جٹا شنکر راؤ نے منگل کو بتایا کہ پنڈارای گاؤں کی رہنے والی ایک لڑکی پیر کی شام کو مویشیوں کے لئے چارہ لینے کھیت گئی تھے۔ اس درمیان تیز آندھی طوفان کے ساتھ بارش شروع ہوجانے پر وہ بچنے کے لئے پاس میں ہی واقع جھونپڑی میں چلی گئی۔ اسی دوران گاؤں کا ایک دبنگ نوجوان دھرم راج وہاں پہنچا اور ڈرا دھمکا کر اس کے ساتھ منھ کالا کیا۔ ڈپٹی سپرٹنڈنٹ آف پولیس نے بتایا کہ متأثرہ لڑکی نے شکایت پر پولیس نے ملزم کے خلاف نامزد مقدمہ درج کیا ہے۔ لڑکی کو طبی معائنے کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے اسے جیل بھیج دیا ہے۔ پورے معاملے کی جانچ کی جارہی ہے۔

14 May 2019, 1:08 PM

جیٹ ائیر ویز کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹیو افسر اور چیف فنانشیل افسر نے دیا استعفیٰ

جیٹ ائیرویز کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹیو افسر اور چیف فنانشیل افسر امت اگرواہ نے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ استعفیٰ کے پیچھے انھوں نے ذاتی وجوہ کا حوالہ دیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ جیٹ ائیر ویز کی پروازیں بند کی جا چکی ہیں۔ کئی مہینوں سے ملازمین کی تنخواہ بھی نہیں آئی ہے۔


14 May 2019, 11:59 AM

سری لنکا: مسلم مخالف فساد نے سنگین رخ اختیار کیا، ایک مسلم ہلاک، کرفیو جاری

سری لنکا میں مسجدوں پر تازہ حملے کے بعد حالات کافی سنگین ہو گئے ہیں۔ پورے ملک میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے لیکن شرپسند عناصر کا مسلمانوں اور ان کی دکانوں پر حملہ رکنے کا نام نہیں لے رہا۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق ایک سملم کا گلا ریت کر قتل کر دیا گیا ہے۔ معاملہ پتّلم ضلع کا ہے جہاں فسادیوں نے 45 سالہ دکاندار پر تیز دھار والے ہتھیاروں سے حملہ کر دیا۔ اس زخمی شخص کو اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں اس کی موت ہو گئی۔

سنگین ہوتے حالات کے پیش نظر سری لنکا کے وزیر اعظم رانیل وکرما سنگھے نے ملک سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالات قابو کرنے کے لیے سیکورٹی فورسز اور پولس کو مکمل آزادی دے دی گئی ہے۔ آرمی چیف مہیش سینانایک نے کہا ہے کہ فوجیوں کو کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر کوئی کرفیو کی خلاف ورزی کرتا ہے تو فوج اسے دیکھتے ہی گولی مار دے گی۔

14 May 2019, 10:06 AM

الاسکا میں دو طیارے گر کر تباہ، 5 افراد ہلاک

واشنگٹن: امریکہ کے الاسکا میں دو طیاروں کے حادثہ کا شکار ہونے کے بعد 5 افراد ہلاک ہو گئے۔ ان دونوں طیاروں میں کل 16 افراد سوار تھے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق جنوب مشرقی الاسکا کے کیٹی چکان کے قریب امریکی کوسٹ گارڈ نے ریسکیو آپریشن شروع کیا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق 3 افراد زخمی ہوئے ہیں اور بقیہ لاپتہ بتائے جاتے ہیں۔


14 May 2019, 8:50 AM

پاکستان: کوئٹہ میں مسجد کے قریب زبردست بم دھماکہ، 4 پولس اہلکار ہلاک

پاکستان میں دوسرے رمضان کو صوفی درگاہ داتا دربار کے قریب پولس گاڑی کو نشانہ بنا کر زبردست دھماکہ کیا گیا تھا اور اب ایک بار پھر اس پاک مہینہ میں پاکستان کے کوئٹہ واقع ایک مسجد کے قریب بم دھماکے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ اس تازہ دھماکے میں 4 پولس اہلکار کے شہید ہونے کی خبریں ہیں اور 11 افراد اس حادثہ میں زخمی بھی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو قریب کے اسپتال میں علاج کے لیے داخل کرایا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔