لوک سبھا اسپیکر نے ‘بھارت جوڑو’ تحریک کی اپیل کی

خبر لوک سبھا

سمترا مہاجن
سمترا مہاجن
user

علی حیدر

دہلی، 09 اگست (یو این آئی) لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن نے بھارت چھوڑو تحریک کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر مجاہدین آزادی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے 'بھارت جوڑو تحریک' شروع کرنے کی آج ا پیل کی اور "سوراج ہمارا پیدائشی حق ہے اور میں اسے پورا کروں گا ہی "کا نیا نعرہ دیا۔ محترمہ مہاجن نے ایوان میں اس موقع پر منعقد خصوصی بحث کے شروع میں کہا کہ آج ہم سب بھارت چھوڑو تحریک میں شہید ہوئے ان بینام بہادروں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن کے دل میں حب الوطنی کا جذبہ ہمیشہ روشن رہا اور مشعل جلتی رہی، جن آنکھوں میں آزاد ہندوستان کے خواب تھے۔ ان بہادروں، عظیم لوگوں اور ان کے نقطہ نظر کو سمجھنے نیز اس کی تبلیغ کرنے کا فرض ہمارا ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس جوش، ہمت، قرارداد، ایمان، عزم اور اعتماد کے ساتھ ہم نے آزادی پائی تھی، انہی خصوصیات کو دوبارہ زندہ کرکے ہم اپنے خواب کا بہترین، مضبوط، خوشحال اور عالمی اہمیت کا حامل ہندوستان بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا، "ہمارے مجاہدین آزادی نے تب کہا تھا، 'بھارت چھوڑو'۔ اب ہمیں بھارت جوڑوتحریک کی ضرورت ہے۔"انہوں نے کہا کہ یہ ایک ایسی تحریک ہے، جو کشمیرسے کنیا کماری تک ملک کے تمام حصوں میں چلائی جائے تاکہ ایک طاقتور اور منظم ملک کی تعمیر کی جا سکے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔