اہم خبریں: سسر نے اپنی بیوی اور بہو کو کلہاڑی سے کاٹ کر قتل کردیا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

14 Jul 2020, 8:38 PM

سسر نے اپنی بیوی اور بہو کو کلہاڑی سے کاٹ کر قتل کردیا

بھیوانی: ہریانہ کے بھیوانی ضلع کے پالوواس گاؤں میں ایک سسر نے آج اپنی بیوی اور بہو کو کلہاڑی سے کاٹ کر قتل کردیا۔ پولس نے بتایا کہ یہ واقعہ صبح پیش آیا۔ ملزم کی شناخت سکھبیر کے طور پر ہوئی ہے اور اس نے بھی واقعہ کے بعد خود زہرپی کر خودکشی کرنے کی کوشش کی، لیکن اب سنگین حالت میں اسپتال میں بھرتی ہے۔ مرنے والوں کی شناخت سکھبیر کی بیوی سمن اور بہو سنجو کے طور پر ہوئی ہے۔ واقعہ کی وجوہات کا فی الحال پتہ نہیں چل سکا ہے۔ پولس نے سکھبیر کے خلاف معاملہ درج کرلیا ہے اور وہ اس کا بیان لے کر واردات کی وجوہات جاننے کی کوشش کرے گی۔

14 Jul 2020, 7:25 PM

بارہ بنکی: ایک ہی کنبے کے 4 افراد نے خودکشی کی

بارہ بنکی: اترپردیش کے ضلع بارہ بنکی کے شہر کوتوالی علاقے میں منگل کو ایک ہی کنبے کے 4 افراد نے پھانسی لگا کر خودکشی کرلی۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈاکٹر اروند چترویدی نے یہاں بتایا کہ کوتوالی شہر علاقے میں آواس وکاس کالونی میں کرایہ پر رہنے والے بلیا باشندہ ایک ہی کنبے کے چار اراکین کی لاشیں پھانسی کے پھندے پر لٹکی ہوئی ملی ہیں۔ مہلوکین میں میاں۔بیوی اور ان کے دو بچے شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بلیا باشندہ للت کشور گوڑ اپنےکنبے کے ساتھ آواس وکاس میں کرایہ پر مکان لے کر رہ رہے تھے۔ اس نے کئی جگہ کام کرنے کے بعد آج کل ایل ای ڈی بلب بنانے کی فرم کھولی تھی۔ صبح اس کی لاش اپنے کمرے میں پریوار کے ساتھ لٹکی ہوئی ملی ہے۔ اطلاع ملنے پر پہنچی پولیس نے لاشیں نیچے اتاریں۔

چترویدی نے بتایا کہ مہلوکین بلیا باشندہ للت کشور گوڑ(4)ان کی بیوی پریتی(35) دوبیٹے پریم(12) اور ارپت(08) شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کمرے سے ملے سوسائڈ نوٹ میں متوفی گوڑ نے خودکشی کی وجہ پریوار میں ملکیت تنازع کو بتایا ہے۔ اس کا اپنے بھائی سے ملکیت کے معاملے میں کچھ تنازع تھا۔پولیس نے لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دی ہیں۔

14 Jul 2020, 6:26 PM

ممبئی میں اسٹیل فیکٹری میں دھماکہ، 2 ہلاک، ایک شدید زخمی

ممبئی : ممبئی کے کھپولی علاقے میں ایک اسٹیل فیکٹری میں ہوئے دھماکے کے بعد 2 افراد ہلاک اور ایک شخص شدید زخمی ہو گیا ہے۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق یہ دھماکہ منگل کو صبح میں ہوا جس کی وجہ سے فیکٹری میں کام کر رہے دو افراد ہلاک ہو گئے۔

اس ضمن میں تھانہ کھپولی کے پولیس انسپکٹر دھناجی کشیرسگر کے مطابق یہ دھماکہ آج صبح ایک جبکر 15 منٹ پر ہوا۔ کھپولی میں واقع انڈین اسٹیل ورکس لمیٹڈ پلانٹ میں ہوئے اس دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد بری طرح متاثر ہوئے جس میں سے دو ہلاک ہوگے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ فیکٹری میں کچے لوہے کو پگھلانے کا عمل جاری تھا، اس دوران ایک پی جی گیس سلنڈر سے گیس رسنے کے باعث یہ دھماکہ ہوا ہوگا۔ شدید زخمی کو اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔


14 Jul 2020, 6:16 PM

بہار میں کورونا وائرس کے 1432 نئے معاملے

بہار میں کورونا وائرس کتے معاملے لگاتار بڑھ رہے ہیں، آج کورونا کے 1432 نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔ متاثرہ افراد کی کل تعداد 18853 ہوگئی ہے۔ ریاست میں اب تک 12364 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔

14 Jul 2020, 5:01 PM

بہار میں کورونا کے سبب 16 سے 31 جولائی تک لاک ڈاؤن، مذہبی مقامات بند

بہار حکومت نے ریاست میں 16 سے 31 جولائی تک لاک ڈاؤن نافذ کردیا ہے اسر اس سلسلے میں رہنما ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔ رہنما خطوط کے مطابق لاک ڈاؤن کے دوران زراعت اور تعمیر سے متعلقہ کاموں پر پابندی نہیں ہوگی۔ لاک ڈاؤن کے دوران مذہبی مقامات بند رہیں گے۔ اس دوران ضروری خدمات کی اجازت دی گئی ہے۔


14 Jul 2020, 4:45 PM

اننت ناگ میں محکمہ سیاحت کی کیفٹیریہ نذر آتش

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے سری گفوارہ علاقے میں محکمہ سیاحت کی ایک کیفٹیریہ نذر آتش ہوگئی ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سری گفوارہ میں محکمہ سیاحت کی ایک کیفٹیریہ پیر اور منگل کی درمیانی شب نذر آتش ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ فائر بریگیڈ کے جائے واردات پر پہنچنے سے قبل کیفٹیریہ خاکستر ہوچکی تھی۔ مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجوہات ابھی معلوم نہیں ہوسکی ہیں تاہم پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔

14 Jul 2020, 4:05 PM

اتر پردیش میں جمعہ کی رات 10 بجے سے پیر کی صبح 5 بجے تک رہے گا لاک ڈاؤن

یوپی کے ایڈیشنل چیف سکریٹری ہوم اونیش اوسھتی نے کہا کہ جمعہ کی رات 10 بجے سے پیر کی صبح 5 بجے تک کچھ پابندیاں عائد کی جائیں گی۔ یہ پابندیاں ہر ہفتہ و اتوار کو رہیں گی۔ اس مدت کے دوران تمام سرکاری دفاتر کو لازمی خدمات اور بینکوں کے علاوہ بند کردیا جائے گا۔


14 Jul 2020, 1:26 PM

کورونا انفیکشن: بہار میں ایک بار پھر لگ سکتا ہے مکمل لاَک ڈاؤن

بہار میں بڑھتے کورونا انفیکشن کو دیکھتے ہوئے ایک بار پھر مکمل لاک ڈاؤن کی تیاری چل رہی ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آج ہی کسی وقت لاک ڈاؤن کا اعلان ہو سکتا ہے۔ ابھی اس بات پر فیصلہ نہیں ہو سکا ہے کہ لاک ڈاؤن کتنے دنوں کا ہو یا پھر اس کا لائحہ عمل کیا کچھ ہوگا۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق بہار میں 15 دن تک کے لیے لاک ڈاؤن ہو سکتا ہے۔ اس سلسلے میں آج چیف سکریٹری دیپک کمار کی صدارت میں ہونے والی کرائسس مینجمنٹ گروپ (سی ایم جی) کی میٹنگ میں فیصلہ لیا جائے گا۔ یہاں قابل ذکر ہے کہ یہ لاک ڈاؤن پوری طرح سے ریاستی حکومت کے ذریعہ اپنی سطح پر لیا گیا فیصلہ ہوگا، اس سے مرکزی حکومت کا کوئی تعلق نہیں ہوگا۔

14 Jul 2020, 12:46 PM

سی بی ایس ای 10ویں امتحانات کے نتائج کا کل اعلان ہوگا

سی بی ایس ای کی 10 ویں جماعت کے امتحانات کے نتائج کا اعلان کل یعنی 15 جولائی 2020 کو کیا جائے گا۔ مرکزی وزیر رمیش پوکھریال نشنک نے یہ اطلاع دی۔ انہوں نے طلبا، والدین اور اساتذہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ تنائج کا اعلان کر کیا جائے گا۔ ساتھ ہی انہوں نے طلبا کے لے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔


14 Jul 2020, 10:56 AM

لودی اسٹیٹ واقع گھر سے متعلق پرینکا گاندھی نے پی ایم مودی کو نہیں لکھا کوئی خط

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے اس خبر کی تردید کر دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ انھوں نے پی ایم سے گزارش کی تھی کہ انھیں 35 لودی اسٹیٹ میں کچھ دن کے لیے رہنے دیا جائے۔ کانگریس جنرل سکریٹری نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے ”یہ جھوٹی خبر ہے۔ میں نے حکومت سے ایسی کوئی گزارش نہیں کی ہے۔ یکم جولائی کو مجھے حاصل نوٹس کے مطابق میں یکم اگست تک 35 لودی اسٹیٹ میں سرکاری رہائش خالی کر دوں گی۔“

14 Jul 2020, 9:59 AM

اس ہفتہ ہندوستان میں کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد 10 لاکھ کے پار ہوگی: راہل گاندھی

کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے ہندوستان میں کورونا انفیکشن کے بڑھتے اثرات کے درمیان ٹوئٹ کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ملک میں کورونا مریضوں کی تعداد اس ہفتہ 10 لاکھ کے پار ہو جائے گی۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹ کے ساتھ ڈبلیو ایچ او کے بیان پر مبنی ایک خبر کا لنک بھی شیئر کیا ہے جس میں ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ کورونا ابھی بد سے بدتر ہوگا ویکسین و قوت مدافعت کے تعلق سے اب تک مایوسی ہاتھ لگی ہے۔


14 Jul 2020, 8:35 AM

امریکہ: کورونا کی تباہی جاری، گزشتہ 24 گھنٹوں میں تقریباً 65 ہزار نئے کیسز درج

امریکہ میں کورونا کی تباہی ختم ہوتی ہوئی نظر نہیں آ رہی ہے۔ روزانہ ہو رہی اموات میں کچھ کمی ضرور درج کی گئی ہے لیکن نئے معاملے ریکارڈ سطح پر سامنے آ رہے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تقریباً 65 ہزار نئے کیسز درج کیے جانے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں جب کہ اس درمیان 465 لوگوں کی موت ہو گئی۔ قابل ذکر ہے کہ امریکہ میں کورونا سے اب تک 1 لاکھ 38 ہزار لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔

14 Jul 2020, 8:01 AM

وزراء کے محکموں کی تقسیم پر کمل ناتھ نے اٹھائے سوال

کانگریس کے سینئر لیڈر و مدھیہ پردیش کے سابق وزیراعلیٰ کمل ناتھ نے وزراء کے محکموں کی تقسیم سے متعلق آج ریاست کی حکمراں پارٹی بھارتیہ جنتا پرٹیپر نشانہ لگاتے ہوئے کہا ہے کہ طویل غوروخوض کے بعد محکموں کی جو تقسیم کی گئی ہے،اس کی سچائی آنے والے وقت میں سامنے آئے گی۔

مسٹر کمل ناتھ نے ٹویٹ کر کہا،’23 مارچ کو وزیراعلیٰ عہدہ کی حلف ،ہمارے بار بار مطالبہ کے بعد ،تقریباً ایک ماہ بعد محض 5 رکنی کابینہ کی تشکیل۔پھر لمبا غورخوض،پھر 102 روز بعد 2جولائی کو کابینہ کی توسیع اور اس کے بعد روز تاریخ پر تاریخ،طویل غور وفکر،11دن بعد آج محکموں کی تقسیم ۔اب پتا نہیں اس لمبے منتھن میں کس کے حصے میں کیا آیا،کس نے کیا پایا،کیا کھویا،کس نے کیا سمجھوتا کیا۔اس کی سچائی تو اب آنے والے وقت میں ہی سامنے آئے گی۔

سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ ریاست کے سبھی نو منتخب وزراء کو محکمہ ملنے پر مبارک باد دیتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ سبھی وزراءاپنے محکموں کے ذریعہ ریاست کی ترقی میں اپنا اہم تعاون فراہم کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔