اہم خبریں: رام نومی پر فرقہ وارانہ تشدد کے بارے میں نہیں سنا، اس کے پیچھے بی جے پی اور ان کی کچھ تنظیمیں ہیں... شرد پوار

شرد پوار، فائل تصویر آئی اے این ایس
شرد پوار، فائل تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

18 Apr 2022, 8:54 PM

رام نومی پر فرقہ وارانہ تشدد کے بارے میں نہیں سنا، اس کے پیچھے بی جے پی اور ان کی کچھ تنظیمیں ہیں... شرد پوار

این سی پی کے سربراہ شرد پوار نے آج کہا کہ ہم نے کبھی بھی رام نومی کے دوران فرقہ وارانہ تشدد کے بارے میں نہیں سنا ہے۔ اس کی وجہ بی جے پی اور ان کی کچھ تنظیمیں ہیں۔ دہلی کے امن و امان کی صورتحال مرکزی حکومت کے تحت آتی ہے۔

18 Apr 2022, 3:39 PM

عوام کو مہنگائی سے نہیں مل رہی راحت، مارچ میں تھوک شرح مہنگائی ہوئی 14.55 فیصد

مہنگائی کے محاذ پر عوام کو کہیں سے کوئی راحت ملتی ہوئی دکھائی نہیں دے رہی ہے۔ مارچ 2022 میں تھوک پرائس انڈیکس پر مبنی شرح مہنگائی 14.55 فیصد رہی ہے۔ فروری 2022 میں یہ شرح 13.11 فیصد تھی۔ دیکھا جائے تو تھوک شرح مہنگائی کی موجودہ شرح گزشتہ چار مہینے کی اعلیٰ سطح پر ہے۔ اس سے پہلے جنوری 2022 میں شرح مہنگائی 12.96 فیصد رہی تھی۔ مارچ 2021 میں مہنگائی کی یہ شرح محض 7.89 فیصد پر تھی۔

18 Apr 2022, 11:58 AM

مسجد کے 100 میٹر کے دائرے میں ہنومان چالیسا بجانے کی اجازت نہیں: ناسک انتظامیہ

مسجد میں لاؤڈاسپیکر سے اذان دیے جانے کے معاملے میں ہندو تنظیموں کا اعتراض بڑھتا جا رہا ہے۔ خصوصاً مہاراشٹر میں مسجد سے لاؤڈاسپیکر نہ ہٹانے کی صورت میں ہنومان چالیسا بجائے جانے کا عزم ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اس درمیان ناسک انتظامیہ نے ایک بڑا اعلان کیا ہے۔ وہاں لاؤڈاسپیکر پر ہنومان چالیسا یا بھجن بجانے کے لیے اجازت لینی ہوگی۔ ناسک انتظامیہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ اذان سے پہلے اور بعد میں 15 منٹ تک ہنومان چالیسا یا بھجن بجانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ علاوہ ازیں مسجد کے 100 میٹر کے دائرے میں انتظامیہ کی طرف سے کسی کو بھی ہنومان چالیسا لاؤڈاسپیکر سے بجانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔


18 Apr 2022, 10:58 AM

لکھیم پور کھیری تشدد کے اہم ملزم آشیش مشرا کی ضمانت رَد، سرینڈر کا حکم

لکھیم پور کھیری میں ہوئے تشدد کے اہم ملزم آشیش مشرا کو سپریم کورٹ نے زوردار جھٹکا دیا ہے۔ آشیش مشرا کی ضمانت کو رد کر دیا گیا ہے اور انھیں ایک ہفتہ کے اندر سرینڈر کرنے کا حکم صادر بھی کیا گیا ہے۔ مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا ٹینی کے بیٹے آشیش مشرا پر لکھیم پور کھیری میں کسانوں پر گاڑی چڑھانے کا الزام ہے اور یوپی اسمبلی الیکشن سے قبل الٰہ آباد ہائی کورٹ نے انھیں ضمانت پر رِہا کیا تھا۔

18 Apr 2022, 10:31 AM

جہانگیر پوری تشدد معاملے کی جانچ کے لیے فورنسک ٹیم جائے حادثہ پر پہنچی

دہلی کے جہانگیر پوری تشدد کے بعد علاقے میں آج بھی پولیس فورس تعینات ہے۔ اس درمیان معاملے کی جانچ کے لیے فورنسک کی ایک ٹیم جہانگیر پور کے سی بلاک پہنچی ہے۔ خبروں میں یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ دہلی کرائم برانچ کی ایک ٹیم بھی جائے حادثہ پر پہنچی ہے اور پورے واقعہ کی تفصیل جاننے کی کوشش کر رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */