اہم خبریں LIVE: جسٹس یو یو للت ہوں گے اگلے چیف جسٹس آف انڈیا، صدر جمہوریہ نے لگائی مہر

چیف جسٹس آف انڈیا این وی رمنا اور جسٹس اُدئے امیش للت، تصویر آئی اے این ایس
چیف جسٹس آف انڈیا این وی رمنا اور جسٹس اُدئے امیش للت، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

10 Aug 2022, 8:55 PM

جسٹس یو یو للت ہوں گے اگلے چیف جسٹس آف انڈیا، صدر جمہوریہ نے لگائی مہر

صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے اگلے چیف جسٹس آف انڈیا کے نام پر مہر لگا دی ہے۔ وزارت برائے قانون و انصاف کے ذریعہ دی گئی جانکاری کے مطابق جسٹس ادے امیش للت کو ملک کا 49واں چیف جسٹس مقرر کیا گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ دنوں موجودہ چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس این وی رمنا نے جسٹس یو یو للت کا نام آئندہ چیف جسٹس کے لیے پیش کیا تھا۔ جسٹس این وی رمنا کی آئندہ 26 اگست کو سبکدوش ہو رہے ہیں۔

10 Aug 2022, 4:49 PM

نوپور شرما کو سپریم کورٹ سے راحت، توہین رسالتؐ کے تعلق سے درج تمام ایف آئی آرز دہلی منتقل

توہین رسالتؐ کے الزمات کا سامنا کر رہی بی جے پی کی معطل شدہ ترجمان نوپور شرما کو سپریم کورٹ نے راحت فراہم کی ہے۔ عدالت عظمیٰ نے نوپور شرما کے خلاف درج تمام ایف آئی آرز کو یکجا کرتے ہوئے دہلی منتقل کرنے کا حکم صدر کیا ہے۔ اب ان تمام ایف آئی آرز کی تحقیقات دہلی پولیس کے سپرد کی گئی ہے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ تحقیقات مکمل ہونے تک نوپور شرما کو تمام زیر التواء اور مستقبل کی ایف آئی آر میں گرفتاری سے تحفظ جاری رہے گا۔

10 Aug 2022, 3:09 PM

حلف برداری کے فوری بعد نتیش کا بی جے پی پر نشانہ، اپوزیشن سے متحد ہونے کی اپیل

نتیش کمار نے وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لینے کے فوری بعد بی جے پی حملہ بولا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کا خیال تھا کہ اپوزیشن ختم ہو جائے گی لیکن اب ہم بھی اپوزیشن میں ہیں۔ اتنا ہی نہیں نتیش کمار نے بغیر نام لئے وزیر اعظم پر بھی نشانہ لگایا۔ نتیش کمار نے کہا کہ جو 2014 میں آئے تھے وہ 2024 میں رہیں گے تب نا! انہوں نے کہا کہ ہم رہیں یا نہ رہیں وہ 2024 میں نہیں رہیں گے۔ نتیش کمار نے کہا کہ میں اپوزیشن سے 2024 کے لیے متحد ہونے کی اپیل کرتا ہوں۔ تاہم وزیر اعظم کے عہدے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ میں ایسے عہدے کا امیدوار نہیں ہوں۔


10 Aug 2022, 2:25 PM

بہار میں اب عظیم اتحاد کی حکومت، نتیش نے وزیر اعلیٰ اور تیجسوی نے نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر اٹھایا حلف

نتیش کمار نے وزیر اعلیٰ جبکہ آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف اٹھا لیا ہے۔ خیال رہے کہ نتیش کمار نے این ڈی اے سے ناطہ توڑ کر آر جے ڈی-کانگریس-بایاں محاذ سے ہاتھ ملا لیا ہے، جس کے بعد بہار میں عظیم اتحاد کی حکومت قائم ہو گئی ہے۔

10 Aug 2022, 1:24 PM

ہم نے کسی اتحادی جماعت کو توڑنے کی کوشش نہیں کی، شیو سینا ہماری اتحادی نہیں تھی، سشیل مودی

بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ اور بی جے پی کے راجیہ سبھا کے رکن سشیل مودی نے کہا ’’وہ کہہ رہے ہیں کہ جے ڈی یو کو توڑنے کی کوشش کی گئی، شیو سینا کی مثال پیش کی گئی۔ شیو سینا ہماری اتحادی نہیں تھی، وہ وہاں کی برسراقتدار جماعت تھی۔ آپ (جے ڈی یو) ہمارے اتحادی تھے۔ ہم نے کبھی اپنے کسی اتحادی کو توڑنے کی کوشش نہیں کی۔‘‘


10 Aug 2022, 12:10 PM

بہار میں 2017 سے 2020 تک کے مینڈیٹ کی گھر واپسی، منوج جھا

آر جے ڈی کے راجیہ سبھا رکن نے کہا کہ یہ حکومت صرف حلف ہی نہیں لینے جا رہی ہے بلکہ 2017 سے 2022 تک کے مینڈیٹ کی گھر واپسی ہو رہی ہے۔ یہ بہت اہم ہے، کیوں کہ یہ ایسا دور ہے جب بی جے پی نے طے کر لیا ہے کہ جمہوری اقدار کو درہم برہم کرنا ہے۔ بہار نے ایک پیغام دیا ہے۔‘‘

10 Aug 2022, 11:09 AM

اگر کوئی میری فلم نہیں دیکھنا چاہتا، تو میں اس کے جذبات کا احترام کرتا ہوں، عامر خان

عامر خان کی نئی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ ریلیز سے قبل ہی زیر بحث ہے اور کئی لوگ اس کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کر رہے ہیں۔ عامر خان نے ایک سوال کے جواب میں کہا ’’اگر میں نے کسی بھی طرح سے سی کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے تو مجھے افسوس ہے۔ میں کسی کو ٹھیس نہیں پہنچانا چاہتا۔ اگر کوئی فلم نہیں دیکھنا چاہتا، تو میں اس کے جذبات کا احترام کرتا ہوں۔‘‘


10 Aug 2022, 9:43 AM

پرینکا گاندھی دوبارہ کورونا سے متاثر، خود کو گھر پر کیا آئسولیٹ 

کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی ایک مرتبہ پھر کورونا سے متاثر ہو گئی ہیں۔ انہوں نے خود ٹوئٹ کر کے اس کی اطلاع دی۔ پرینکا نے کہا کہ وہ خود کو گھر پر آئسولیٹ کرنے جا رہی ہیں اور کورونا پروٹوکول پر عمل کریں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔