اہم خبریں: سشیل چندرا کو نیا چیف الیکشن کمشنر مقرر کیا گیا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

12 Apr 2021, 9:57 PM

سشیل چندرا نئے چیف الیکشن کمشنر مقرر

نئی دہلی: سینئر الیکشن کمشنر سشیل چندرا کو چیف الیکشن کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔ قانون اور انصاف کی وزارت کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق صدر رام ناتھ کووند نے سشیل چندرا کو چیف الیکشن کمشنر مقرر کیا ہے۔ چندرا منگل کے روز سے چارج سنبھالیں گے۔ وہ موجودہ چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑا کا عہدہ سنبھالیں گے، جن کے عہدے کی مدت آج ختم ہورہی ہے۔ واضح رہے کہ مرکزی حکومت نے گزشتہ اتوار کے روز ہی الیکشن کمیشن کے سب سے بڑے عہدے کے لئے ان کے نام کو منظوری دے دی تھی۔

12 Apr 2021, 9:35 PM

لالوپرساد کی بیٹی روہنی نے والد کی صحت کے لیے روزہ رکھنے کا کیا اعلان

لالو پرساد کی بیٹی روہنی آچاریہ اپنے والد کی صحت کو لے کر کافی فکر مند نظر آ رہی ہیں۔ اس سلسلے میں انھوں نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ وہ رمضان کے پاک مہینے کے سبھی روزہ رکھیں گی تاکہ لالو پرساد صحت یاب ہو جائیں۔ اپنے ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’اس سال ہم نے بھی فیصلہ کیا ہے کہ پورے مہینے اپنے پاپا کی صحت یابی اور سلامتی کے لیے روزے رکھوں گی۔ پاپا کی حالت میں بہتری ہو اور جلد انصاف مل سکے اس کی بھی دعا کروں گی۔‘‘ علاوہ ازیں ٹوئٹ میں انھوں نے یہ بھی لکھا ہے کہ ’’ساتھ ہی ملک میں امن چین ہو اس لیے اللہ سے دعا کروں گی۔‘‘

12 Apr 2021, 9:10 PM

ماہ رمضان کا چاند نظر نہیں آیا، بدھ کو پہلا روزہ

ممبئی: ممبئی جامع مسجد مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور سنی رویت ہلال کمیٹی نے الگ الگ بیان میں آج شام بعد نماز مغرب اعلان کیا ہے کہ ماہ رمضان کا چاند نظر نہیں آیا ہے،ممبئی اور مہاراشٹر کے ساتھ ساتھ دیگر ریاستوں سے بھی چاند نہ ہونے کی اور موصول ہوئی ہے۔ جامع مسجد نے ایک پریس اعلامیہ میں یہ بات کہی ہے جبکہ سنی ہلال کمیٹی کے قاضی شہر مفتی محمود اختر نے منگل۔کو 30شعبان ہونے اور پہلا روزہ بدھ کو ہوگا، انشااللہ۔


12 Apr 2021, 8:33 PM

الیکشن کمیشن نے 24 گھنٹوں کے لیے ممتا بنرجی کی انتخابی تشہیر پر لگائی پابندی

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے خلاف الیکشن کمیشن نے سخت قدم اٹھاتے ہوئے ان کی انتخابی تشہیر پر پابندی عائد کر دی ہے۔ الیکشن کمیشن نے یہ پابندی 24 گھنٹے کے لیے لگائی ہے۔ حکم کے مطابق ممتا بنرجی آج رات 8 بجے سے کل رات 8 بجے تک کسی طرح سے بھی انتخابی تشہیر نہیں کر سکیں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

/* */