اہم خبریں: دہلی میں کورونا کے 312 نئے کیسز، 3 اموات

کورونا وائرس / آئی اے این ایس
کورونا وائرس / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

05 Mar 2021, 7:48 PM

دہلی میں کورونا کے 312 نئے کیسز، 3 اموات

دہلی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 312 نئے کیسز رپورٹ ہویے جبکہ اسی اثنا میں 312 افراد نے شفایابی حاصل کر لی اور 3 افراد لقمہ اجل بن گیے۔

مجموعی کیسز - 640494

شفایاب ہونے والے افراد کی تعداد - 627797

اموات کی تعداد - 10918

فعال کیسز - 1779

05 Mar 2021, 5:28 PM

دوسرے دن کا کھیل ختم، ٹیم انڈیا کا اسکور 294/7، رشبھ پنت نے بنائی سنچری

چوتھے اور آخری ٹیسٹ کے دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک ٹیم انڈیا نے 7 وکٹ کے نقصان پر 294 رن اسکور کر لیے۔ رشبھ پنت نے شاندار سنچری اسکور کی اور 101 رن پر آؤٹ ہوئے، جبکہ واشنگٹن سندر 60 رن بنا کر نابعد تھے۔ انگلینڈ کے لیے جیمز اینڈرسن نے 40 رن دے کر 3 وکٹ حاصل کیے جبکہ جیک لچ نے 2 وکٹ حاصل کیے۔ انگلینڈ کی پہلی اننگ کے اعتبار سے اٹیم انڈیا کو 89 رنوں کی برتری حاصل ہوئی ہے۔

05 Mar 2021, 4:42 PM

’ون نیشن، ون الیکشن‘ آر ایس ایس کا پوشیدہ ایجنڈا، سدھارمیا

کرناٹک اسمبلی میں آج کانگریس کے اراکین اسمبلی نے آر ایس ایس کا ایجنڈا قرار دیتے ہوئے 'ون نیشن، ون الیکشن' پر بحث کے خلاف احتجاج کیا۔ اس کے جواب میں وزیر اعلیٰ بی ایس یدیورپا نے کھڑے ہو کر کہا کہ وہ آر ایس ایس کے قابل فخر ممبر ہیں اور سدھارمیا کو آر ایس ایس کے بارے میں بات کرنے کا اخلاقی حق نہیں۔

کرناٹک کے سابق وزیر اعلی اور کانگریس لیڈر سدھارمیا نے کہا، ’’یہاں پنچایتوں، میونسپلٹیوں، کوآپریٹو سوسائٹیوں، بلدیاتی اداروں کے انتخابات منعقد ہوتے ہیں۔ انہیں ہم آہنگ نہیں کیا جا سکتا۔ ’ون نیشن، ون الیکشن‘ آر ایس ایس کا پوشیدہ ایجنڈا ہے، جس کے ذریعے وہ ایک رہنما چاہتے ہیں، لہذا ہم اس کی مخالفت کر رہے ہیں۔‘‘


05 Mar 2021, 3:53 PM

میری حمایت کرنے کے لیے تیجسوی یادو، اروند کیجریوال کا شکریہ، ممتا بنرجی

مغربی بنگال کے آئندہ انتخابات میں حمایت کرنے پر وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے تیجسوی یادو، اروند کیجریوال، ہیمنت سورین اور شیو سینا کا شکریہ ادا کیا ہے۔

05 Mar 2021, 2:56 PM

ٹی ایم سی کی 291 امیدواروں کی فہرست جاری، 42 مسلم اور 50 خواتین شامل

مغربی بنگال کے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ریاست کی برسراقتدار جماعت ٹی ایم سی نے جمعہ کے روز اپنی 291 امیدواروں کی فہرست جاری کر دی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا، ’’آج ہم 291 امیدواروں کی فہرست جاری کر رہے ہیں، جس میں 50 خواتین اور 42 مسلم امیدوار شامل ہیں۔ بنگال کی تین سیٹوں پر ہم امیدوار کھڑے نہیں کر رہے۔ میں نندیگرام سے انتخاب لڑوں گی۔‘‘ ممتا بنرجی نے کہا کہ بھوانی پور اسمبلی حلقہ انتخابت سے اس مرتبہ سوبھادیب چٹوپادھیائے انتخابی میدان میں اتریں گے۔


05 Mar 2021, 2:31 PM

پڈوچیری میں 9 کروڑ روپے مالیت کا 18 کلو سونا ضبط

پڈوچیری: پڈوچیری کے ماہے علاقے میں پولیس نے جمعہ کی صبح الصبح نو کروڑ روپے مالیت کے تقریباً 18 کلوگرام سونے کے زیورات ضبط کیے۔ پولیس ہیڈ کوارٹر کو یہاں موصولہ رپورٹ کے مطابق سونا مہاراشٹر نمبر کی مہندرا گاڑی سے پوجیتھلا ناکے سے ضبط کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سونا کیرالا کے معروف زیورات کے شو روم میں پہنچایا جانا تھا۔ انکم ٹیکس اور گڈس سروس اینڈ ٹیکس (جی ایس ٹی) کے افسر معاملے سے متعلق دستاویزات کی جانچ کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ماہے، پلور اور پنڈککل میں چھ سے زیادہ چیکنگ پوائنٹ بنائے گئے ہیں جہاں 24 گھنٹے گاڑیوں کی چیکنگ کا کام جاری ہے۔

05 Mar 2021, 1:59 PM

افغانستان میں برفانی تودے گرنے سے 14 افراد ہلاک، 5 زخمی

کابل: افغانستان کے صوبہ بدخشاں کے ضلع راغستان میں برفانی تودہ گرنے سے کم از کم 14 افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے۔ میڈیا نے احکام کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں یہ اطلاع دی۔ افغانی پورٹل ٹولو نیوز کے مطابق برفانی تودے گرنے کا واقعہ جمعرات کی دوپہر کو جرندب گاؤں میں پیش آیا۔ ٹولو نیوز نے بدخشاں کے گورنر کے ترجمان نیک محمد کے حوالے سے بتایا ہے کہ جس علاقے میں یہ واقعہ پیش آیا وہ طالبان کے زیر کنٹرول تھا۔ رپورٹ کے مطابق برفانی تودے گرنے کے بعد برف کے نیچے دبے افراد کو بچانے کے لئے راحت و بچاؤ کاروائیاں جاری ہیں۔


05 Mar 2021, 12:45 PM

پٹرول ، ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں اضافے سے ملک میں بدامنی جیسا ماحول... الکا لامبا

بڑھتی مہنگائی کو لے کر کانگریس کی رہنما الکا لامبا نے کہا، "بے روزگاری کے ساتھ ساتھ مہنگائی بھی پورے ملک کو متاثر کر رہی ہے، لوگ پریشان ہیں اور اب پٹرول، ڈیزل اور گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے بدامنی پیدا کردی ہے۔

05 Mar 2021, 11:34 AM

نیوزی لینڈ میں آئے شدید زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ

ویلنگٹن:نیوزی لینڈ کے شمالی جزیرے کے متعدد حصوں میں آئے شدید ترین زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔ یہ جانکاری مقامی میڈیا نے جمعہ کے روز دی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کرماڈیک جزیرے میں گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران کئی مرتبہ زلزلے کے تیز جھٹکے محسوس کیے گئے جن میں سے ایک کی شدت 8.1 ریکارڈ کی گئی ہے۔ ’نیوزی لینڈ ہیرالڈ ‘ اخبار کے مطابق لوگوں کو ساحلی علاقے خالی کرنے کے لئے کہا گیا ہے۔ امریکہ کے سونامی وارننگ سسٹم کے مطابق ساحلی علاقوں کو تین سے 10 فٹ کی بلند سنامی لہروں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔


05 Mar 2021, 10:42 AM

ملک میں چھٹے روز تیل کی قیمتیں مستحکم

ملک میں چھٹے روز بھی ایندھن کی قیمتیں مستحکم

نئی دہلی: تیل پیدا کرنے والے ممالک کے گروپ اوپیک پلس کی جانب سے پیداوار میں اضافہ نہ کرنے کے فیصلے کے بعد خام تیل میں تقریباً 4 فیصد کے اضافے کے باوجود گھریلو سطح پر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں آج مسلسل چھٹے روز بھی مستحکم رہیں۔ دارالحکومت دہلی میں فی الوقت ابھی پٹرول 91.17 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 81.47 روپے فی لیٹر ہے۔ 27 مارچ کو ان دونوں اندھنوں کی قیمتوں میں بالترتیب 24 پیسے اور 15 پیسے فی لیٹر اضافہ ہوا تھا۔ آئل مارکیٹنگ کی سرکاری کمپنی انڈین آئل کارپوریشن کے مطابق آج ان دونوں ایندھن کی قیمتیں مستحکم ہیں۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل میں تیزی آئی ہے۔ لندن برینٹ کروڈ- 66 ڈالر فی بیرل کو عبور کرچکا ہے۔

05 Mar 2021, 8:33 AM

ترکی میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ، نو ہلاک ، چار زخمی

مشرقی ترکی میں ہیلی کاپٹر حادثے کے نتیجے میں نو افراد ہلاک اور چار زخمی ہوگئے۔ترکی کی وزارت دفاع نے یہ اطلاع دی۔
جمعرات کو وزارت دفاع نے بتایا کہ "ہیلی کاپٹر 13.55 بجے بنگول سے ٹٹوان کے لئے روانہ ہوا اور شام 14.25 بجے اس سے رابطہ ٹوٹ گیا۔ اس کے فورا بعد بغیر پائلٹ کے سی این 235 طیارہ اور ایک ہیلی کاپٹر تلاش کرنے کے لئے روانہ کیا گیا۔ تلاش کے دوران حادثے کے بارے میں اطلاع موصول ہوئی۔ جائے واقع سے نو لوگوں کی لاشیں ملی ہیں اور چار زخمی حالت میں پائے گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔