اہم خبریں: آج کا دن تاریخی ہے کیونکہ اسی دن 'تین طلاق' کا خاتمہ ہوا... شاہنواز حسین

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

31 Jul 2020, 5:31 PM

آج کا دن تاریخی ہے کیونکہ تین طلاق کا خاتمہ اسی دن ہوا تھا: شاہنواز حسین

تین طلاق کو قانونی طور پر غلط ٹھہرائے جانے کے ایک سال مکمل ہونے پر بی جے پی کے قومی ترجمان شاہنواز حسین نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "آج کا دن تاریخی ہے کیونکہ آج ہی کے دن تین طلاق کو مودی جی نے ختم کیا تھا۔ تین طلاق پوری دنیا میں ممنوع تھا لیکن ہندوستان میں کچھ لوگ اس روایت کو چلا رہے تھے۔ مسلم بہنیں اب پی ایم کو مودی بھائی جان ہی کہتی ہیں کیونکہ انھوں نے تین طلاق کا ڈر ختم کیا ہے۔"

31 Jul 2020, 4:12 PM

رام مندر تعمیر: کورونا کے پیش نظر 'بھومی پوجن' پروگرام ملتوی کیا جانا چاہیے تھا: راج ٹھاکرے

مہاراشٹر نو نرمان سینا (ایم این ایس) کے سربراہ راج ٹھاکرے کا بھی یہی ماننا ہے کہ ایودھیا میں رام مندر تعمیر کے لیے بھومی پوجن کی تاریخ کو ٹالا جا سکتا تھا۔ راج ٹھاکرے نے کہا کہ عالمی وبا کووڈ-19 بحران کے مدنظر ایودھیا میں رام مدنر کے لیے ابھی 'بھومی پوجن' پروگرام منعقد کرنے کی ضرورت نہیں تھی اور اسے حالات معمول پر آنے کے بعد منعقد کیا جا سکتا تھا۔

31 Jul 2020, 3:12 PM

روسی سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ 'کورونا وائرس' پانی میں پوری طرح ختم ہو جاتا ہے

کورونا وائرس انفیکشن سے چھٹکارا کس طرح حاصل کیا جائے، اس سلسلے میں پوری دنیا کے سائنسداں تحقیق میں منہمک ہیں۔ اس درمیان روس کے سائنسدانوں نے ایک بڑا دعویٰ کیا ہے۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس پانی میں پوری طرح ختم ہو جاتا ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ پانی کورونا وائرس کو 72 گھنٹوں کے اندر تقریباً پوری طرح ختم کر سکتا ہے۔


31 Jul 2020, 1:21 PM

ایودھیا: رام مندر بھومی پوجن تقریب کے لیے منی داس چھاؤنی میں بن رہے 111000 لڈو

ایودھیا میں رام مندر بھومی پوجن تقریب کی تیاریاں زوروں پر چل رہی ہیں۔ اس درمیان بھگوان رام کے بھوگ کے لیے منی رام داس چھاؤنی میں کثیر تعداد میں لڈو تیار کیے جا رہے ہیں۔ دیوراہا ہنس باباجی کے خادم نے اس سلسلے میں میڈیا کو بتایا کہ ”یہاں بھوگ اور تقسیم کے لیے 111000 لڈو تیار ہو رہے ہیں۔“

31 Jul 2020, 11:55 AM

بہار: بوڑھی گنڈک کا رِنگ باندھ ٹوٹنے سے مظفر پور کے شہری علاقوں میں گھسا پانی

بہار میں سیلاب کی صورت حال لگاتار سنگین ہوتی جا رہی ہے۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق بوڑھی گنڈک ندی کا رِنگ باندھ ٹوٹنے سے مظفر پور کے شہری علاقوں میں سیلاب کا پانی گھس گیا ہے۔ لوگ اپنی جان بچانے کے لیے کشتی بنا کر اونچی جگہ پر پناہ لے رہے ہیں۔ ایک مقامی شخص نے بتایا کہ ”پانی بھرے ہوئے 3 دن ہو گئے ہیں، کسی طرح باہر نکل گئے، لیکن سامان سب ڈوب گیا۔ کوئی دیکھنے نہیں آیا۔“


31 Jul 2020, 10:38 AM

راہل گاندھی اور نوبل اعزاز یافتہ محمد یونس کے درمیان اہم تبادلہ خیال

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے آج بنگلہ دیش کے مشہور ماہر معیشت اور نوبل انعام یافتہ پروفیسر محمد یونس سے انتہائی اہم تبادلہ خیال کیا۔ دونوں کے درمیان کورونا سے پیدا حالات اور ہندوستانی معیشت کے تعلق سے بات چیت ہوئی جس میں محمد یونس نے کہا کہ ہندوستان کو معاشی پالیسی تبدیل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ حالات بہتر ہو سکیں۔

31 Jul 2020, 9:35 AM

ہندوستان: گزشتہ 24 گھنٹے میں ریکارڈ 55 ہزار سے زائد کورونا مریض آئے سامنے

ہندوستان میں کورونا وائرس انفیکشن روزانہ ایک نیا ریکارڈ قائم کر رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ایک بار پھر نئے مریضوں کی تعداد نے ریکارڈ قائم کیا ہے۔ وزارت صحت کے ذریعہ جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 55079 نئے کورونا کیسز درج کیے گئے اور اس درمیان 779 اموات ہوئیں۔ اب ملک میں کورونا کے مجموعی مریضوں کی تعداد بڑھ کر 16 لاکھ 38 ہزار 871 ہو گئی ہے جب کہ مجموعی اموات کی تعداد 35 ہزار 743 تک پہنچ گئی ہے۔


31 Jul 2020, 8:41 AM

کیرالہ: مسجدوں میں محدود لوگوں نے ادا کی نمازِ عید

ہندوستانی ریاست کیرالہ میں عیدالاضحیٰ کا تہوار آج بہت سادگی کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ نہ کسی طرح کی دھوم نظر آ رہی ہے اور نہ ہی نماز کے لیے لوگوں کی بھیڑ گھر سے نکلی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ کورونا بحران کی وجہ سے مساجد میں انتہائی محدود لوگوں نے نمازیں ادا کیں۔ کسی مسجد میں 5، کہیں 7-6 نمازی نماز ادا کرتے ہوئے نظر آئے۔ وزیر اعلیٰ پینارائی وجین نے جمعرات کے روز ہی اعلان کر دیا تھا کہ نمازیں مسجدوں میں مسلم طبقہ محدود تعداد میں ادا کر سکیں گے۔

31 Jul 2020, 7:32 AM

چین کو ایک اور جھٹکا،رنگین ٹی وی کی درآمد ممنوعہ د فہرست میں شامل

حکومت نے گھریلو مینوفیکچرنگ کو فروغ دینے اور دوسرے ممالک خصوصا چین سے رنگین ٹی وی کی درآمد کی حوصلہ شکنی کے مقصد سے اپنی درآمدات کو ممنوعہ زمرے میں ڈال دیا ہے۔غیر ملکی تجارت کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی ایف ٹی) نے ایک نوٹیفکیشن میں کہا ہے کہ رنگین۔ ٹیلی ویڑن کی درآمد کی پالیسی کو اب آزاد زمرے سے ممنوعہ زمرے میں تبدیل کردیا گیا ہے۔

کسی بھی قسم کی اشیاء کو ممنوعہ زمرے میں ڈال دینے سے اس سامان کا درآمد کرنے والے کے لئے ڈی جی ایف ٹی سے لائسنس لینا ہوتا ہے۔واضح رہے کہ ملک میں زیادہ تر رنگین ٹیلی ویژن سیٹ چین سے درآمد ہوتے ہیں۔ گلوان وادی میں 15 جون کوہندوستان اور چین کے فوجیوں کے تصادم کے بعد، نریندر مودی حکومت نے 106 چینی ایپس پر پابندی عائد کردی ہے۔ چینی کمپنیوں کو کئی ہزار کروڑ مالیت کے معاہدے منسوخ کردیئے گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔