اہم خبریں: بنگلہ دیش، عتیق اللہ قتل معاملے میں سات افراد کو سزائے موت

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

02 Dec 2020, 7:30 PM

بنگلہ دیش، عتیق اللہ قتل معاملے میں سات افراد کو سزائے موت

ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں ڈھاکہ کی ایک عدالت نے ڈھاکہ کے کیرانی گنج ذیلی ضلع میں کونڈا یو پی کے صدر اور عوامی لیگ کے سابق کنوینر عتیق اللہ چودھری کے قتل کے معاملے میں سات افراد کو سزائے موت سنائی ہے۔ ڈھاکہ ایکسیلیریٹڈ ٹریبونل۔ 1 کے جسٹس ابو ظفر محمد قمرالزماں نے بدھ کے روز یہ حکم دیا۔ عدالت کے حکم مطابق عتیق 10 دسمبر 2013 کو لاپتہ ہو گئے تھے۔ اس کے اگلے دن 11 دسمبر کو پولیس نے جنوبی کیرانی گنج کے ڈولیشور علاقے میں ایک اسپتال کے پاس ان کی مسخ شدہ لاش برآمد کی۔ بعد میں ان کے بیٹے سعید الرحمن فاروق چودھری نے کاغذات اور اے ٹی ایم کارڈ دیکھ کر لاش کی شناخت کی۔ سیعد نے 12 دسمبر 2013 کو جنوبی کورانی گنج تھانے میں معاملہ درج کروایا تھا۔ اس مقدمے میں گلزار حسین، شمپا، عاشق، شہاب عرف شیبو، احسان اللہ کبیر ایمون، تاج الاسلام تنو، جہانگیر خان عرف جہانگیر اور رفیق الاسلام عرف آمین، ٹُنڈا آمین کو ملزم بنایا گیا تھا جن میں سے شمپا، جہانگیر اور احسان الکبیر جیل میں ہیں۔

02 Dec 2020, 6:30 PM

سشیل مودی نے داخل کیا راجیہ سبھا ضمنی انتخاب کے لئے پرچہ

پٹنہ: بہار کے نائب وزیر اعلیٰ سشیل کمار مودی نے آج راجیہ سبھا ضمنی انتخاب کے لئے پرچہ داخل کیا۔ سشیل مودی نے وزیراعلیٰ نتیش کمار کی موجودگی میں پٹنہ کے ڈویژنل کمشنر دفتر میں نامزدگی کا پرچہ داخل کیا۔ اس موقع پر نائب وزیراعلیٰ تارکشور پرساد، بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی) کے ریاستی صدر سنجے جیسوال اورسابق وزیر نند کشور یادو بھی موجود تھے۔

پرچہ نامزدگی کے بعد وزیراعلیٰ نتیش کمار اور سشیل مودی جب باہر نکلے تب انہوں نے نامہ نگاروں کے سامنے فتح کا نشان دکھایا اور کہا کہ سشیل مودی کی جیت یقینی ہے۔ انہوں نے طویل عرصے تک بہار کی خدمت کی ہے اور اب نریندرمودی حکومت انہیں مرکز میں لے جانا چاہتی ہے۔ وہ ان کے شاندار مستقبل کے متمنی ہیں۔

02 Dec 2020, 5:40 PM

ہماچل میں کورونا وائرس سے 21 لوگوں کی موت

شملہ: ہماچل پردیش میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی وجہ سے 21 لوگوں کی موت ہوئی ہے جن میں دس مرد اور گیارہ خواتین ہیں۔ ریاست میں اس وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد اب 656 ہوگئی ہے۔ ریاست کے محکمہ صحت کے ایک بلیٹن میں یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اس دوران بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن پارلیمان اور بالی ووڈ اداکار سنی دیول سمیت کورونا کے 709نئے معاملے سامنے آئے ہیں اور 759 نے کورونا کو شکست دے دی۔ اسی مدت میں کانگڑہ ضلع میں چھ، منڈی چار، کلو اور شملہ میں تین تین، سولن میں دو، چمبا، ہمیر پور اور اونامیں ایک ایک شخص کی موت ہوئی ہے۔ ریاست میں اب تک سب سے زیادہ 168 اموات شملہ میں ہوئی ہیں۔ اس کے بعد کانگڑہ میں 134، منڈی میں 84، کلو میں 72، سولن 54، چمبا میں 33، سرمو میں 21، اونا میں 25، ہمیر پور میں 27، بلاس پور میں 16، کنور میں 13لاہول اسپتی میں نو لوگوں کی موت ہوئی ہے۔


02 Dec 2020, 4:36 PM

جی ایچ ایم سی انتخابات، مہم چلانے والے گھروں میں الگ تھلگ ہوجائیں… صحت حکام

حیدرآباد: تلنگانہ کے محکمہ صحت کے حکام نے گزشتہ روز ہوئے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) کے انتخابات کی انتخابی مہم چلانے والے تمام افراد سے خواہش کی ہے کہ وہ ایک ہفتہ تک خود کو الگ تھلگ کرلیں۔ کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر صحت کے حکام نے تمام سیاسی جماعتوں کے لیڈروں، پارٹی کے کارکنوں اور دیگر کو مشورہ دیا ہے کہ وہ الگ تھلگ ہوجائیں۔ ساتھ ہی قریبی اربن پرائمری ہیلت سنٹر میں کورونا کا معائنہ کروانے کی بھی خواہش کی گئی ہے۔ تمام کو مشورہ دیا گیا کہ وہ گھروں میں الگ تھلگ رہنے کے دوران ماسک، ہینڈ سینیٹائزر اور جسمانی فاصلہ کو یقینی بنائیں۔

02 Dec 2020, 3:44 PM

تالاب میں ڈوب جانے سے 17 سالہ نوجوان کی موت، 20 گھنٹے بعد لاش برآمد

پنا: مدھیہ پردیش کے پنا ضلع کے سلیہا تھانہ علاقہ کے مڑوسا گاوں کے باشندہ 17 سالہ نوجوان کے تالاب میں ڈوب جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ پولیس ذرائع نے آج بتایا کہ یکم دسمبر کو دن میں تقریباَ 12 بجے کٹن گاوں کے ہائی اسکول کے پاس واقع تالاب میں جل وہار پروگرام کے دوران کافی تعداد میں گاوں والے نہانے کے لئے پہنچے تھے۔ اسی دوران نوجوان ہنومنت لال چودھری (17) باشندہ گاوں مڑوسی نہانے کے لئے تالاب میں کودا۔ کافی دیر تک باہر نہیں نکلنے پر گاوں والوں کو شبہ ہوا اور تلاش کرنے کی کوشش شروع کی۔ کافی کوشش کے باوجود بچے کا کوئی پتہ نہ چلنے پر سلیہا تھانہ پولیس کو اطلاع دی گئی۔

اس کے بعد سلیہا تھانہ سے اے ایس آئی شیومنی شکلا پولیس ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچے اور ہوم گارڈ کی ریسکیو ٹیم کو اطلاع دی گئی۔ شام ساڑھے چار بجے ہوم گارڈ کی ریسکیو ٹیم کے غوطہ خوروں نے بچاو مہم شروع کی۔ واقعہ کے دوسرے دن آج بیس گھنٹے کی مشقت کے بعد بچاو ٹیم نے نوجوان کی لاش برآمد کی۔ نوجوان کی موت سے علاقہ میں غم کا ماحول ہے۔ لاش پوسٹ مارٹم کے بعد رشتہ داروں کو سونپ دی گئی ہے۔


02 Dec 2020, 2:25 PM

سڑک حادثے میں دو کی موت، 2 زخمی

اناؤ: اترپردیش کے ضلع اناؤ کے بانگر مئو کوتوالی علاقے میں آگرہ۔لکھنؤ ایکسپریس وے پر بدھ کو ایک سڑک حادثے میں کار سوار دو افراد کی موت ہوگئی، جبکہ دیگر دو شدید طور سے زخمی ہوگئے۔ پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ ایکسپریس وے کے سنگ میل 234 پر گرام گولواپور کے نزدیک ایک سوفٹ ڈیزائر کار تیز اپنے آگے چل رہی گاڑی سے ٹکرا کر حادثے کا شکار ہوگئی۔ اس حادثے میں کار سوار ڈرائیور اور آگے کی سیٹ پر بیٹھی خاتون کی موت ہوگئی۔ وہیں پیچھے سیٹ پر بیٹے مرد و خاتون شدید طور سے زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو مقامی سی ایچ سی میں داخل کرایا گیا جہاں سے انہیں ضلع اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کار میں چار افراد سوار تھے۔ حادثے میں کار چلا رہے دیپک کمار پانڈے (24) کی موت ہوگئی حالانکہ ہلاک ہونے والی خاتون کی شناخت نہیں ہو پائی ہے۔ موصول اطلاع کے مطابق کار سوار گڑگاؤں سے گورکھپور جا رہے تھے۔

02 Dec 2020, 11:01 AM

حکومت کا مقصد جھوٹی تشہیر ہو، تو مشن فیل ہو ہی جائیں گے: پرینکا گاندھی

اتر پردیش میں خواتین کے تئیں ظلم و ستم کے معاملہ میں یوگی حکومت کو ناکام قرار دیتے ہوئے کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کیا، ’’جب حکومت کا مقصد محض ڈھونگ اور جھوٹی تشہیر ہو تو مشن فیل ہو ہی جائیں گے۔ یو پی میں خواتین کے خلاف بڑھتے جرائم پر پردہ ڈالنے کے لئے بی جے پی حکومت کا مشن شکتی فیل ہو رہا ہے۔ خاتون کو جلانے والوں کے خلاف ایک مہینے بعد کیس ہوا رہا ہے۔ جرائم بڑھتے جا رہے ہیں۔‘‘


02 Dec 2020, 10:40 AM

امریکہ میں کورونا ویکسین کی پہلی خوراک طبی کارکنوں کو دینے کا فیصلہ

امریکی مراکز برائے امراض کنٹرول نے ہیلتھ کارکنوں اور نرسنگ ہوم ورکرز کو کورونا ویکسین کی پہلی خوراک دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں بیماریوں کے کنٹرول اور روک تھام مرکز (سی ڈی سی) کی کمیٹی نےاپنی ہری جھنڈی دے دی ہے۔

سی ڈی سی کی ڈائرکٹر برائے ٹیکہ کاری اورسانس کی بیماری(ریاسپائریٹری ڈسیز) نینسی میسونس نے امید ظاہر کی ہے کہ بیشتر ریاستی اور مقامی صحت کے دفاتر تین ہفتوں میں اپنے ہیلتھ کارکنوں کو ویکسی نیشن کرنے کے اہل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ نرسنگ ہوم کے ملازمین کو انفیکشن ہونے کا سب سے زیادہ خطرہ رہتا ہے۔

سی ڈی سی کو توقع ہے کہ دسمبر کے آخر تک کورونا ویکسین کی چار کروڑ خوراکیں دستیاب ہوں گی ، جن میں سے 50لاکھ سے ایک کروڑ خوراک کو ہر ہفتہ دستاب کیا جائے گا۔

02 Dec 2020, 10:37 AM

دنیا بھرمیں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 14 لاکھ 85 ہزار سے متجاوز

جنیوا: دنیا بھر میں مہلک ترین اور جان لیوا عالمی وبا کوروناوائرس ’کووڈ19‘ سے مرنے والوں کی تعداد 14لاکھ 85 ہزار سے اور اور 6 کروڑ 41 لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

دنیا بھر کورونا وائرس سے سب سے زیادہمتاثر امریکہ ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید ڈھائی ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوئیں ہیں اور پونے دو لاکھ مریض سامنے آئے۔ اٹلی میں تقرینا آٹھ سو، برطانیہ میں600 اور فرانس میں 450 سو سے زائد ہلاکتیں ہوئیں ہیں۔

ترکی نے مسلسل نویں روز ریکارڈ اموات کے بعد ہفتےکی شب اور اتوار کو پورا دن ملک گیر لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔ جان لیوا کورنا وائرس سے متاثر ہونے کے معاملہ میں دنیا بھرمیں امریکہ ، ہندوستان اور برزایل بالترتیب پہلے دوسرے اور تیسرے مقام پر ہے جبکہ ہلاکتوں کے معاملہ میں امریکہ ،برازیل اور ہندوستان ہے۔


02 Dec 2020, 10:28 AM

ہندوستان میں کورونا کے 36 ہزار سے زیادہ نئے کیسز، 501 اموات

ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 36604 نئے کیسز درج کئے گئے، اس کے ساتھ ہی کورونا کے معاملوں کی مجموعی تعداد 9499414 ہو گئی۔ اسی اثنا میں 501 نئی اموات درج کی گئی، جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 138122 ہو گئی۔ جبکہ اب 428644 کیسز فعال رہ گئے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 43062 افراد نے شفایابی حاصل کی، جبکہ شفایابی حاصل کرنے والے افراد کی مجموعی تعداد 8932647 ہو گئی۔

02 Dec 2020, 10:30 AM

ٹرمپ کے کووڈ۔19 خصوصی مشیر نے استعفی دیا

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے خصوصی مشیر (کووڈ۔19) اسکاٹ ایٹلس نے اپنے عہدہ سے استعفی دے دیا ہے۔ فاکس نیو زنے اپنی رپور ٹ میں یہ اطلاع دی۔

فاکس نیوز نے ایٹلس کی طرف سے موصول استعفی کی کاپی کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں یہ اطلاع دی ہے۔ خط میں انہوں نے ٹرمپ کی کوششوں کی تعریف کی ہے اور آئندہ دنوں نومنتخب صدر جوبائیڈن کی آنے والی انتظامیہ کو نیک خواہشات پیش کی ہیں۔

ایٹلس نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ وہ امریکی صدر کے خصوصی مشیر کے عہدہ سے استعفی دے رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ایٹلس نے گزشتہ اگست میں خصوصی مشیر کی ذمہ دار ی سنبھالی تھی اور اگلے ہفتہ انکی مدت کار ختم ہونے و الی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔