کسان تحریک: ہریانہ کے وزیر زراعت کا حیرت انگیز بیان، کہا ’کسان عقل سے کام لیں، یہ لاہور یا کراچی نہیں‘

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

02 Dec 2020, 10:33 PM

کسان عقل سے کام لیں، یہ لاہور یا کراچی نہیں: ہریانہ وزیر زراعت

کسان تحریک کو ایک طرف جہاں مختلف اداروں اور سرکردہ شخصیتوں سے حمایت حاصل ہو رہی ہے، وہیں بی جے پی حکمراں ریاستوں کے وزراء اور بی جے پی لیڈران ان کی حوصلہ شکنی میں مصروف ہیں۔ ہریانہ کے وزیر زراعت جے پی دلال نے کسانوں کے تعلق سے حیرت انگیز بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’کسان بھائیوں سے کہوں گا کہ عقل سے کام لیں، بات چیت کریں۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’یہ اچھی بات نہیں ہے کہ دہلی کا پانی بند کر دیں گے، دہلی کے راستے بند کر دیں گے، دہلی کو گھیر کر بیٹھ جائیں گے۔ یہ لاہور یا کراچی نہیں ہے، یہ ملک کی راجدھانی ہے۔‘‘

02 Dec 2020, 8:45 PM

مودی حکومت بے ایمانی اور دھوکہ چھوڑ کر کسانوں سے بات چیت کرے: کانگریس

کانگریس ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے ایک ٹوئٹ کر کسانوں کے حق میں آواز اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ مودی حکومت کسانوں سے کھلے دل سے بات کرے۔ انھوں نے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’مودی حکومت کو کسان سے بے ایمانی اور دھوکہ بند کر کے کھلے من سے بات چیت کرنی چاہیے۔ اس کی پہلی شروعات ہوگی کہ وزیر اعظم فوری طور سے تینوں سیاہ قوانین کو بلاتاخیر معطل کر دیں۔‘‘

02 Dec 2020, 7:10 PM

کسانوں کی حمایت میں ٹرانسپورٹرس کی ملک گیر ہڑتال 8 دسمبر کو

نئے زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کی تحریک جاری ہے۔ اس درمیان ہندوستان بھر کے ٹرانسپورٹروں نے اعلان کیا ہے کہ کسانوں کی حمایت میں وہ 8 دسمبر کو ملک گیر ہڑتال کریں گے۔


02 Dec 2020, 5:38 PM

مودی حکومت زرعی قوانین کو منسوخ کرنے کے لیے خصوصی پارلیمانی اجلاس طلب کرے، کسان یونین کا مطالبہ

کرانتی کاری کسان یونین کے سربراہ درشن پال نے مرکز کی مودی حکومت کے سامنے مطالبہ کیا ہے کہ وہ زرعی قوانین کو منسوخ کرنے کے لیے پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس طلب کرے۔ درشن پال کا کہنا ہے کہ زرعی قوانین چونکہ کسانوں کے لیے مضر ہیں اس لیے اس قانون کو ختم کیا جانا چاہیے اور پارلیمانی اجلاس کے ذریعہ اس پر عمل کیا جانا چاہیے۔

02 Dec 2020, 4:45 PM

پھل، دودھ، سبزیوں کی فراہمی بند کر دیں گے: کھاپ پنچایت

ہریانہ کے جیند میں کھاپ پنچایت کے نمائندگان نے دہلی کی طرف روانگی کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ پنچایت کا کہنا ہے کہ اگر 3 دسمبر تک حکومت سے بات نہیں بنتی تو پھر وہ دہلی کے لئے کی جانے والی پھل، دودھ اور سبزیوں کی فراہمی بند کر دیں گے۔ یہاں کسان رہنما گھر گھر جا کر لوگوں سے دہلی چلنے کی اپیل کر رہے ہیں۔


02 Dec 2020, 4:30 PM

ہریانہ بارڈر پر روکے گئے راجستھان کے کسان، دہلی سرحد پر مظاہرہ جاری

زرعی قوانین کے خلاف تحریک میں حصہ لینے دہلی جا رہے راجستھان کے کسانوں کو ہریانہ بارڈر پور پولیس نے روک دیا ہے۔ الور ضلع کے راستہ دہلی کوچ کر رہے کسانوں کے ہریانہ میں داخل پر پولیس نے روک لگا دی۔ اس سے کسان ناراض ہو گئے اور سرحد پر ڈٹے ہوئے ہیں۔

02 Dec 2020, 2:15 PM

چنڈی گڑھ میں یوتھ کانگریس کا زبردزت مظاہرہ، پولیس نے کی پانی کی بوچھاڑ

چنڈی گڑھ میں یوتھ کانگریس اور این ایس یو آئی نے ہریانہ کے وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر کے خلاف مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ زیر اعلیٰ کو کسانوں کے خلاف طاقت کا استعمال کرنے پر معافی مانگنی چاہئے۔ اس دوران پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے ٹھنڈے پانی کی بوچھاڑ کا استعمال کیا۔


02 Dec 2020, 1:10 PM

امت شاہ کی رہائش گاہ پہنچے وزیر زراعت نریندر تومر

کسانوں کی تحریک کے درمیان وزیر زراعت نریندر تومر اور کامرس کے وزیر پیوش گوئل بدھ کے روز مرکزی وزیر امت شاہ کی رہائش پر ان سے ملاقات کے لئے پہنچے۔ ان دونون وزرا نے گزشتہ روز کسانوں سے بات چیت کی تھی۔ آج کسانوں کی طرح سے اپنے تحفظات تحریری طور پر پیش کئے جانے کے بعد حکومت کو غور خوض کرنا ہے اور کل کسانوں سے ایک مرتبہ پھر بات چیت ہوگی

02 Dec 2020, 11:39 AM

سنگھو بارڈر پہنچے جینت چودھری

دہلی کی سرحدوں پر کسانوں کا احتجاج لگاتار جاری ہے، دریں اثنا، راشٹریہ لوک دل کے لیڈر جینت چودھری سنگھو بارڈر پہنچ گئے ہیں۔ یہاں کسانوں کی بھاری تعداد کے پیش نظر حفاظت کے سخت انظامات کئے گئے ہیں۔


02 Dec 2020, 10:56 AM

دوستوں کی آمدنی چوگنی اور کسانوں کی آدھی! راہل گاندھی

راہل گاندھی نے کسان تحریک کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں پولیس کی طرف سے مظاہرہ کر رہے کسانوں پر پانی کی بوچھاڑ ماری جا رہی ہے۔ راہل گاندھی نے ٹوئٹ میں لکھا، ’’کہا - کسان کی آمدنی دوگنی ہوگی۔ کیا- دوستوں کی آمدنی چوگنی اور کسان کی آدھی ہوگی۔ جھوٹ کی، لوٹ کی، سوٹ بوٹ کی سرکار۔‘‘

02 Dec 2020, 10:46 AM

دہلی-میور وہار بارڈر پوری طرح بند

کسانوں کی تحریک کے پیش نظر انتظامیہ نے دہلی میں میور وہار - نوئیڈا بارڈر سیل کر دیا ہے۔ اس سے پہلے دہلی پولیس نے بتایا کہ کسان تحریک کے پیش نظر ٹیکری بارڈر، جھاڑودا بارڈر، جھٹیکرا بارڈر ٹریفک کی آمد و رفت کے لئے پوری طرح بند ہے۔ جبکہ بدو سرائے بارڈر صرف ٹو ویلر کے لئے کھلا ہے۔

کسانوں کے احتجاج کے سبب دہلی کی سبزی منڈیوں میں سبزیوں کی فراہمی متاثر ہو رہی ہے۔ دہلی کی دو بڑی سبزی منڈیوں آزادپور اور غازی پور کے کاروباریوں کا کہنا ہے کہ اگر کسان تحریک لمبی چلی تو آنے والے دنوں میں دہلی کے باشندگان کو مہنگائی کے بحران سے دو چار ہونا پڑ سکتا ہے۔


02 Dec 2020, 10:21 AM

زرعی قوانین پر آج اپنے تحفظات سے آگاہ کریں گے کسان، کل پھر ہونگے مذاکرات

مرکزی حکومت اور کسان تنظیموں کے مابین گزشتہ روز ہونے والے مذاکرات بے نتیجہ رہے، جس کے بعد کسانوں نے کہا ہے کہ ان کی تحریک اس وقت تک جاری رہے گی جب تک یہ قوانین واپس نہیں ہو جاتے۔

کسان مورچہ آج مرکزی حکومت کو زرعی قوانین کے تئیں اپنے تحفظات سے آگاہ کرائے گا۔ بھارتیہ کسان یونین (سدھ پور جتھا) کے سربراہ جگجیت سنگھ دھالی وال نے بتایا کہ ہم نے کل ہونے والی میٹنگ میں اپنا موقف پیش کیا تھا، لیکن آج ہم ان کو تحریری طور پر اپنے تحفظات پیش کریں گے۔ کل حکومت کے ساتھ ایک مرتبہ پھر مذاکرات ہوں گے اور ہر نکتے پر تفصیل سے بات چیت ہوگی۔

02 Dec 2020, 10:20 AM

آج دہلی کوچ کریں گے میوات کے کسان، دہلی۔نویئڈا سرحد بند

نئے زرعی قانون کے خلاف کسانوں کا احتجاج ساتوے دن بھی جاری ہے اور مرکزی حکومت سےکل ہوئی بات چیت میں کوئی حل نہیں نکلا ہے۔ کسانوں نے کہا ہے کہ ان کی احتجاجی تحریک جاری رہے گی۔ ادھر خبر ہے کہ آج میوات کے کسان دہلی کوچ کریں گے ۔ حکومت نے اس پیش رفت کو دیکھتے ہوئے دہلی اور نویئڈا کا چلابارڈر بند کر دیا ہے۔ ادھر خبر ہے کہ کسانوں کی تحریک کی وجہ سے کچھ ٹرینوں کو کینسل کر دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔