اہم خبریں: بنگال میں لاک ڈاؤن نافذ ہونے کی جھوٹی خبر پھیلائی جارہی ہے... کلکتہ پولیس

 فیک نیوز
فیک نیوز
user

قومی آوازبیورو

29 Oct 2020, 7:29 PM

بنگال میں لاک ڈاؤن نافذ ہونے کی جھوٹی خبر پھیلائی جارہی ہے... کلکتہ پولیس

کلکتہ: درگا پوجا کے بعد ایک بعد پھرلاک ڈاؤن نافذ کیے جانے کی خبروں کی کلکتہ پولس نے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر جھوٹی خبر پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ درگا پوجا کے بعد ریاست میں کورونا وائرس کے کیسوں میں اضافے کے بعد آج صبح سے ہی سوشل میڈیا پر یہ افواہ گردش کر رہی ہے کہ چند دنوں میں بنگال میں 48 گھنٹے کا لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے گا۔ اس کے بعد ہی کلکتہ پولیس نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ جھوٹی خبر انتشار پھیلانے کے لئے پھیلائی جا رہی ہے اس میں کوئی سچائی نہیں ہے۔

کلکتہ پولیس نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’لاک ڈاؤن کی خبریں افواہ ہیں۔ جو پیغام سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے اس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل رہا ہے اور عام لوگ خوف و ہراس میں مبتلا ہیں۔ ایسی جعلی خبریں نشر کرنے یا اس طرح کے جعلی پیغامات پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ یہ ایک پرانا پیغام ہے جس کو نئے سرے سے پھیلاتے ہوئے لوگوں کے ذہنوں میں الجھن پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

29 Oct 2020, 6:36 PM

صدر رام ناتھ کووند کی عید میلادالنبی کے موقع پر نیک خواہشات

نئی دہلی: صدررام ناتھ کووند نے پیغمبر حضرت محمدؐ کے یوم پیدائش پر قوم کو عید میلادالنبی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ نبی حضرت محمدؐ نے باہمی محبت اور بھائی چارے کا پیغام دے کردنیا کے سامنے انسانیت کا راستہ دکھایا۔ صدر نے جمعرات کو اپنے پیغام میں کہا کہ عید میلاد یا میلاد النبی کے موقع پر میں تمام ملک کے باشندوں کو خصوصاً ہمارے مسلمان بھائیوں اور بہنوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پیغمبرمحمد اسلام کی تعلیمات کے مطابق آئیے ہم سب معاشرے کی فلاح و بہبود اور ملک میں امن و امان کے لئے کام کریں۔ '

29 Oct 2020, 5:33 PM

کرناٹک میں مالپے بندرگاہ سے 17 بچوں کو رہا کرایا گیا

اڈوپی: کرناٹک میں مالپے پورٹ میں ایک سرکاری ٹیم نے جمعرات کے روز ماہی گیری میں لگائے گئے 17 بچوں کو رہا کرایا۔ ذرائع نے بتایا کہ خصوصی کارروائی کرناٹک ویمن اینڈ چائلڈ ڈویلپمنٹ، چائلڈ پروٹیکشن یونٹ، لیبر ڈیپارٹمنٹ اور پولس، چائلڈ ہیلپ لائن اور سول سروس ٹرسٹ کے نمائندوں نے مشترکہ طور پر کی تھی، جس میں ماہی گیری کے کام میں لگائے گئے بچوں کو رہا کرایا گیا۔ رہا کیے گئے بچوں کا تعلق بیلاری اور کوپل سے ہے اور انہیں چلڈرن ویلفیئر کمیٹی کے سامنے پیش کیا گیا۔ افسران کی ٹیم میں ڈسٹرکٹ چائلڈ پروٹیکشن آفیسر سدانند نائک، لیبر آفیسر کمار، لیبر انسپکٹر پروین اور دیگر شامل تھے۔


29 Oct 2020, 2:52 PM

میرٹھ میں دیوالی کے لئے رکھے گئے پٹاخوں سے زبردست دھماکہ، دو افراد ہلاک

یوپی کے میرٹھ میں دیوالی پر فروخت کرنے کے لئے ایک گھر میں رکھے گئے پٹخوں میں اچانک آگ گئی اور زبردست دھماکہ ہو گیا۔ دھماکہ اتنا زبرست تھا کہ کئی گھروں کی چھت اڑ گئی۔ قصبہ سردھنہ یہ واقعہ سردھنہ کے محلہ پیرزادگان میں ہونے والے اس حادثہ میں دو لوگوں کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے، جبکہ 10 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ حادثہ کے بعد لوگوں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ملبے سے باہر نکالا اور انہیں اسپتال پہنچایا۔

29 Oct 2020, 2:18 PM

بہار کے مونگیر میں تازہ تشدد، ہجوم نے ایس ڈی او اور ایس پی آفس کو لگائی آگ

بہار کے مونگیر میں تازہ تشدد ہوا ہے۔ نامعلوم افراد نے ایس ڈی او اور ایس پی آفس کو آگ لگا دی اور متعدد گاڑیوں کو نذر آتش کردیا۔ یہ لوگ 26 اکتوبر کو درگا وسرجن کے وقت فائرنگ کے واقعہ کے دوران ایک شخص کی ہلاکت کے خلاف احتجاج کر رہے تھے اور مونگیر کے ایس پی اور ایس ڈی او کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر رہے تھے۔


29 Oct 2020, 2:08 PM

تریویندر سنگھ راوت کے خلاف سی بی آئی جانچ کے فیصلہ پر سپریم کورٹ کی روک

سپریم کورٹ نے اتراکھنڈ ہائی کورٹ کے اس فیصلہ پر روک لگا دی ہے جس میں بدعنوانی کے ایک معاملہ میں سی بی آئی جانچ کا حکم دیا تھا۔ سپریم کورٹ میں تریویندر سنگھ راوت نے کہا ہے کہ ہائی کورٹ نے بدعنوانی کے معاملہ میں ان کے خلاف سی بی آئی جانچ کا حکم دیتے وقت انہیں اپنی بات رکھنے کا موقع نہیں دیا۔

29 Oct 2020, 12:56 PM

گجرات کے سابق وزیر اعلیٰ کیشو بھائی پٹیل کا انتقال

گجرات کے سابق وزیر اعلیٰ کیشو بھائی پٹیل کا آج دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے انتقال ہو گیا۔ کیشو بھائی پٹیل دو بار گجرات کے وزیر اعلیٰ رہ چکے تھے۔ 92 سالہ کیشو بھائی 92 سال کے تھے اور دو دن قبل کورونا سے متاثر ہوئے تھے۔


29 Oct 2020, 12:21 PM

لیبیا میں بڑے پیمانے پر قبروں کا انکشاف، 12 لاشین برآمد

تریپولی: لیبیا کے دارالحکومت تریپولی سے تقریباً 90 کلومیٹر جنوب میں واقع تارہونا میں بڑے پیمانے پر قبروں کا انکشاف ہوا ہے ہے اور یہاں سے کم از کم 12 نامعلوم لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ گمشدہ کی تلاش اور پہچان کےلئے تشکیل عام اتھارٹی کے ترجمان عبدالعزیز جعفری نے بدھ کو یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ شہر کی چار نئی قبروں سے یہ لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جون سے اب تک تارہونا میں 98 نامعلوم لاشیں برآمد ہوچکی ہیں۔ اقوام متحدہ سے حمایت یافتہ حکومت نے مشرقی علاقے کی باغی فوج پر تارہونا میں بڑے پیمانے پر لوگوں کو قتل کرنے کا الزام لگایا ہے۔

29 Oct 2020, 9:36 AM

پرینکا گاندھی نے بنکروں کے استحصال کے خلاف یوگی کو لکھا خط

پرینکا گاندھی نے بنکروں کو رعایتی شرحوں پر بجلی نہ دینے اور ان سے وصولی کرنے کا معاملہ اٹھاتے ہوئے یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو خط لکھا ہے۔ پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ میں لکھا، ’’دنیا میں بنارس کا نام مشہور کرنے والے بنکروں کو فلیٹ ریٹ پر بجلی نہ دینا، نئے ریٹ پر بجلی بل وصولی کے لئے انہیں حراساں کرنا بے حد غلط ہے۔‘‘

انہوں نے مزید لکھا، ’’بی جے پی حکومت کو بلا تاخیر فلیٹ ریٹ پر بجلی اور پرانی شرح پر بقایہ کی ادائیگی کرنے کی جھوٹ کو لاگو کر کے بنکروں کی حفاظت کرنی چاہئے۔‘‘ پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ ساتھ یوگی کو لکھے خط کو بھی شیئر کیا ہے۔


29 Oct 2020, 7:23 AM

صدر جمہوریہ نے دہلی یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو معطل کر دیا

صدر رام ناتھ کووِند نے دہلی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر یوگیش کمار تیاگی کو آج ان کے عہدے سے علیٰ الفورمعطل کر دیا صدر نے دہلی یونیورسٹی کے وزیٹر کے بطور اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے پروفیسر تیاگی کو فوری اثر سے معطل کر دیا اور ان کے خلاف ذمہ داریوں پر عمل درآمد نہ کرنے کے معاملے میں تفتیش کا حکم دیا ہے۔ یونیورسٹی کےپرو وائس چانسلر پروفیسر جوشی آج سے وائس چانسلر کا عہدہ سنبھالیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔