اہم خبریں: دہلی-این سی آر میں ہوا کا معیار نہایت خراب

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

29 Nov 2020, 6:34 PM

دہلی-این سی آر میں ہوا کا معیار نہایت خراب

نئی دہلی: دارالحکومت دہلی اور نیشنل کیپیٹل ریجن (این سی آر) میں اتوار کے روز بڑھتی ہوئی آلودگی کی وجہ سے ہوا کا معیار 'خراب' کیٹیگری میں پہنچ گیا ہے۔ سنٹرل آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے اعدادوشمار کے مطابق دارالحکومت میں آج گیارہ بجے ہوا کی کوالیٹی انڈیکس (اے کیوآئی) 244 پہنچ گیا جو ناقص زمرہ میں ہے۔ گروگرام ، نوئیڈا، غازی آباد اور فرید آباد کے اردگرد کے شہروں میں بھی اوسطاً 240 سے زیادہ ہوا کے معیار کی سطح رہی۔

آج صبح شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 6.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ جبکہ نسبتاً نمی 85 فیصد کے لگ بھگ رہی، جو ہوا کی رفتار کے ساتھ آلودگی والے ذرات کو پھیلنے سے روکتا ہے۔ فضا میں ان ذرات کے بیک وقت جمع ہونے کی وجہ سے آلودگی بڑھ جاتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دن میں آسمان صاف رہنے کی توقع ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ کے لگ بھگ رہنے کا اندازہ ہے۔

29 Nov 2020, 5:27 PM

افغانستان کے شہر غزنی میں خودکش کار بم دھماکے، مرنے والوں کی تعداد 27 ہوئی

کابل: مشرقی افغانستان کے شہر غزنی میں فوجی اڈے پر خودکش کار دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد 27 ہوگئی، جبکہ 17 افراد زخمی ہوئے ہیں پجہاک افغان نیوز ایجنسی نے ایک ذرائع کے حوالے سے یہ اطلاع دی اس سے قبل غزنی کے ایک اسپتال کے سربراہ باز محمد ہمت نے بتایا تھا کہ دھماکے میں 21 فوجیوں کی موت ہوگئی ہے۔ طلوع نیوز کے نشریاتی ادارے نے صوبائی گورنر کے ترجمان وحیداللہ جمزادہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایک خودکش بمبار نے کار کو بارودی مواد سے اڑا دیا۔

29 Nov 2020, 1:39 PM

پوپ فرانسس کی جانب سے پہلے افریقی امریکی کارڈنل کی تقرری

روم: کیتھولک چرچ کی تاریخ میں پہلی بار ایک افریقی امریکی شخص کو اس کے اعلی عہدے پر تقرر کیا گیا ہے۔ پوپ فرانسس نے افریقی نژاد امریکی ولٹن گریگوری سمیت دیگر 12 نئے کارڈنلز کو کیتھولک چرچ کی اعلی عہدوں پر تقرر کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق پوپ فرانسس نے ہفتہ کو ویٹیکن کے سینٹ پیٹرز بیسیلیکا میں منعقد ایک تقریب میں 13 نئے کارڈنلز کا تقرر کیا اور انہیں روایتی انگوٹھی اورسرخ ٹوپی سونپی۔ ولٹن گریگوری کالج آف کارڈینلزکیلئے مقرر ہونے والے پہلا افریقی امریکی بن گئے ہیں۔ وہ مئی 2019 سے واشنگٹن کے آرک ڈیوسس میں آرک بشپ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔


29 Nov 2020, 11:09 AM

ٹرمپ کا پنسلوینیا کے انتخابات میں دھوکہ دہی کا الزام، اپیل کرنے کا فیصلہ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم پنسلوینیا میں صدارتی انتخابات کے دوران پیش آنے والے فراڈ معاملہ میں عدالت کے حالیہ فیصلہ کے خلاف اپیل کرے گی۔ ہفتے کے روز ٹرمپ نے ٹوئٹر پر کہا ’’پنسلوینیا میں بیلٹ فراڈ بہت بڑا ہے۔ دھوکہ دہی اور دھاندلی اس کیس کا ایک اہم حصہ ہیں۔ دستاویزات تیار کی جارہی ہیں۔ ہم اپیل کریں گے‘‘۔

جمعہ کے روز’یوایس کورٹ آف اپیلز فار دی تھرڈ سرکٹ‘ نے پنسلوینیا میں 3 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے دوران مبینہ طور پر دھوکہ دہی کے ایک معاملہ میں ٹرمپ کی ٹیم کے قانونی چیلنجز کو مسترد کر دیا۔ ٹرمپ نے ٹوئٹ کیا’’ہمارے پاس پنسلوانیا معاملہ میں عائد الزامات کے حوالہ سے بڑے ثبوت ہیں۔ کچھ لوگ اسے دیکھنا نہیں چاہتے ہیں۔ وہ ہمارے ملک کو بچانے کے لئے کچھ نہیں کرنا چاہتے ہیں۔ افسوسناک ‘‘۔

29 Nov 2020, 9:02 AM

فرانس میں لا اینڈ آرڈر خلاف مظاہرہ، متعدد پولیس اہلکار زخمی

پیرس: فرانس میں منظور کئے گئے نئے سکیورٹی قانون کے خلاف ملک بھر میں ہونے والے مظاہروں میں کم از کم 37 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔ ملک کے وزیر داخلہ جیرالڈ ڈیرمین نے کہا کہ ہفتے کے روز ملک میں نئے سکیورٹی قانون کے خلاف مظاہروں میں 37 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

انہوں نے ٹویٹ کیا ’’ابتدائی اعدادوشمار کے مطابق مظاہروں کے دوران 37 پولیس اہلکار اور دیگر سیکیورٹی فورسز زخمی ہوئے ہیں۔ میں ایک بار پھر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف ناقابل قبول تشدد کی مذمت کرتا ہوں‘‘۔


29 Nov 2020, 9:01 AM

ماسکو میں کورونا سےتقریباً نو ہزار مریضوں کی موت

ماسکو: روس کے دارالحکومت ماسکو میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران عالمی وبا کورونا وائرس سے مزید 72 مریض ہلاک ہوگئے جس سے دارالحکومت میں ہلاکتوں کی تعداد 8 ہزار 828 ہوگئی ہے۔ ماسکو میں کورونا وائرس رسپانس سینٹر نے ہفتہ کے روز ایک بیان میں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا ’’کورونا وائرس کی زد میں آنے سے ماسکو میں مزید 72 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ اس سے ایک دن قبل ماسکو میں 76 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

29 Nov 2020, 8:44 AM

امریکہ میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے 1404 افراد ہلاک

واشنگٹن: عالمی وبا کورونا وائرس سے دنیا میں سب سے زیادہ متاثر امریکہ میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 2 لاکھ سے زیادہ نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ، جس میں 1400 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے۔ جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق 21 نومبر کو امریکہ میں کورونا کے 189000 نئے کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ وہیں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوروناوائرس کے 205557 نئے کیسز کی رپورٹ کے بعد ملک میں کورونا متاثرین کی تعداد خوفناک حد تک بڑھ کر 1.39 کروڑ ہو گئی ہے۔

اسی عرصے کے دوران کورونا سے مزید 1404 افراد کی ہلاکتوں کے بعد مجموعی تعداد 264866 تک پہنچ گئی ہے۔ کورونا وبا کے آغاز کے بعد سے ملک میں 4947446 افراد اس جان لیوا وبا سے پوری طرح سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔

خیال رہےامریکہ پوری دنیا میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہے جبکہ ہندوستان دوسرے اور برازیل تیسرے نمبر پر ہے۔ کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد دنیا بھر میں 6.09 کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ 14.32 لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔


29 Nov 2020, 8:35 AM

لندن میں لاک ڈاؤن کے خلاف مظاہرہ، 60 افراد گرفتار

لندن: عالمی وبا کوروناوائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے پولیس نے ہفتے کے روز برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں حکومت کی جانب سے لگائے گئے لاک ڈاؤن کے خلاف مظاہرے میں 60 مظاہرین کو گرفتار کیا۔ سینکڑوں افراد لندن کے وسطی علاقے میں سڑکوں پراحتجاج و مظاہرہ کیلئے جمع ہوئے اس دوران کچھ مظاہرین نے پولیس افسران کے ساتھ جھڑپیں بھی کیں۔

لندن پولیس کا کہنا تھا ’’پولیس اہلکاروں نے آج لندن میں گروپس میں جمع ہونے کے لئے 60 سے زائد افراد کو گرفتار کیا ہے۔ یہ گرفتاری مختلف جرائم کے لئے کی گئی ہیں جن میں کوروناوائرس سے متعلق پابندیوں کی خلاف ورزی بھی شامل ہے۔ گرفتار افراد کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے اور ہم لوگوں سے اپنے گھروں کو واپس جانے کی اپیل کرتے ہیں۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ برطانیہ میں کورونا وبا کے آغاز کے بعد سے ہی لاک ڈاؤن کے خلاف مظاہرے ہو رہے ہیں۔ اس سے قبل نومبر میں پولیس نے لاک ڈاؤن کے خلاف احتجاج کے دوران 190 مظاہرین کو گرفتار کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔