اہم خبریں Live: اجمیرمیں ایک نوجوان نے کی خودکشی

علامتی، تصویر آئی اے این ایس
علامتی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

28 Dec 2020, 5:32 PM

اجمیرمیں ایک نوجوان نے کی خودکشی

اجمیر: راجستھان میں اجمیر کے کلاک ٹاور تھانہ حلقہ میں ایک نوجوان کے خودکشی کر لینے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ پولیس کے مطابق توپدڈا کے کرائے کے مکان میں رہنے والے شکتی (30) کی لاش اس کے کمرے میں لٹکتی ہوئی ملی۔ بتایا جا رہا ہے کہ شکتی کا بیوی کے ساتھ تنازع چل رہا تھا اسی وجہ سے وہ اتوار کی شب اسے چھوڑ کر چلی گئی تھی۔ اس کے بعد شکتی نے شراب پی اور پھانسی کا پھندا لگاکر خودکشی کرلی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو جے ایل این منتقل کیا اورپوسٹ مارٹم کرا کے اسے گھر والوں کے سپرد کر دیا۔ پولیس معاملہ کی جانچ کر رہی ہے۔

28 Dec 2020, 4:29 PM

عاشق جوڑے نے کی ٹرین سے کٹ کر خودکشی

انوپ پور: مدھیہ پردیش کے انوپ پورضلع کے بھالوماڈا تھانہ کے تحت سکولا ریلوے پھاٹک کے پاس ایک عاشق جوڑے نے ٹرین سے کٹ کر خودکشی کرلی۔ پولیس ذرائع کےمطابق سورج پرجاپتی (24) اور کامنی پاوا (20) نےکل ٹرین سے کٹ کر خودکشی کرلی۔ واقعہ کے بعد پولیس موقع پرپہنچی اور ان کی لاشیں اپنے قبضہ میں لے لیں۔ پولیس نے پاس میں پڑے موابائل سے جب پتہ کیا، تب دیر شام ہلاک شدگان کے گھروالے آگئے۔ آج صبح پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں ان کے حوالے کردی گئیں۔ پولیس جانچ میں ابتدائی طور پر معاشقہ کا معاملہ سمجھ میں آرہا ہے۔ پولیس معاملہ درج کرکے جانچ کر رہی ہے۔

28 Dec 2020, 3:32 PM

کورونا وائرس سے متاثرہ قیدی اسپتال سے فرار

پالن پور: گجرات میں ضلع بناس کانٹھا کے پالن پور علاقہ میں واقع سول اسپتال میں علاج کے دوران کورونا وائرس سے متاثرہ قیدی کے فرار ہونے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ پولس نے پیر کے روز بتایا کہ پالن پور منی جیل کے قیدی اسماعیل خان سومرا (22) کی کورونا جانچ رپورٹ مثبت آنے کے بعد اسے سول اسپتال کی پہلی منزل پر کورونا وائرس کے آئزولیشن وارڈ میں بھرتی کرایا گیا تھا۔ وہ اتوار کے روز بیت الخلاء گیا اور وہاں سے کھڑکی کی سلاخوں کو توڑ کر فرار ہوگیا۔ وہ چوری کے الزام میں قید تھا۔ پولس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کرکے قیدی کی تلاش شروع کر دی ہے۔


28 Dec 2020, 2:31 PM

گجرات کے پالن پور میں سڑک حادثہ، چار افراد ہلاک، دو زخمی

پالن پور: گجرات میں بناس کانٹھا ضلع کے بھابھرعلاقہ میں ایک سڑک حادثہ میں چار افراد کی موت اور دوزخمی ہوگئے۔ پولیس نے پیر کے روز بتایا کہ بھابر۔دیودار قومی شاہراہ پر کھارا گاؤں کے نزدیک اتوار کی رات ایک کار بے قابو ہوکر ایک موٹر سائیکل سے ٹکرانے کے بعد درخت سے جاٹکرائی۔ حادثہ میں موٹرسائیکل سوار تین لوگوں اور کار ڈارئیور کی موت ہوگئی اور کار میں سوار دیگر دو افراد زخمی ہوگئے۔ ہلاک شدگان کی شناخت کھارا کے امرت بھائی چودھری، ونود بھائی چودھری، پرتاپ بھائی چودھری اور کار ڈرائیور لاڈو بھائی پرمار کی شکل میں ہوئی ہے۔ زخمیوں کو ڈیسا کے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس نے معاملہ درج کرکے ضروری کارروائی شروع کردی ہے۔

28 Dec 2020, 10:41 AM

کانگریس کا آج یوم تاسیس، پارٹی قومی مفاد میں آواز اٹھانے کے لئے پرعزم... راہل گاندھی

کانگریس رہنما اور سابق صدر راہل گاندھی نے کانگریس پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر ٹوئٹ کر کے پیغام دیا ہے کہ کانگریس قومی مفاد میں آواز اٹھانے کے لئے پابند ہے۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ’ ’قومی مفاد میں آواز اٹھانے کے لئے کانگریس ہمیشہ پابند رہی ہے ۔آج کانگریس کے یوم تاسیس کے موقع پر ہم سچائی اور مساوات کے اپنے اس عزم کو دہراتے ہیں۔‘‘ اس موقع پر کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی دہلی میں میں پارٹی کے دفتر پہنچی۔


28 Dec 2020, 10:16 AM

اسرائیل میں کورونا کیسز کی تعداد 40 لاکھ سے زیادہ

یروشلم: اسرائیل میں کورونا وائرس کے 2084 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس سے جان لیوا متاثرین کی تعداد 400099 ہوگئی ہے۔ وزارت صحت نے اس بارے میں اطلاع دی ہے۔ دریں اثنا مزید 19 مریضوں کی موت کے ساتھ ہی مرنے والوں کی تعداد 3222 ہوچکی ہے جبکہ شدید بیمار مریضوں کی تعداد 604 ہوگئی ہے۔ اسپتال میں مجموعی طور 1056 مریض زیر علاج ہیں۔ اسرائیل میں 1501 مریضوں کی شفایابی سے صحت مند مریضوں کی تعداد بڑھ کر 361317 ہوگئی ہے، جبکہ اس وقت ملک میں 35560 ایکٹیو کیسز ہیں۔ اسرائیل میں کورونا کے اثرات کو روکنے کے لئے تیسرا لاک ڈاؤن اتوار کے بعد سے نافذ کیاجا رہا ہے۔

28 Dec 2020, 9:05 AM

نئے سال کا استقبال، مسوری میں پہلی برفباری

مسوری میں کل رات ہوئی برفباری نے لوگوں میں نئے سال کے استقبال کے لئے جوش بھر دیا ہے۔برفباری سے وہاں پر ٹھنڈ میں اضافہ ہو گیا ہے۔ واضح رہے شہر میں ہلکی بارش کےساتھ برفباری ہوئی ہے۔ شمالی ہندوستان کے کئی پہاڑی علاقوں میں برفباری کے امکان ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */