اہم خبریں: سیدھا سادہ شوہر پسند نہیں تھا تو بیوی نے قتل کر دیا

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

25 Jan 2021, 5:29 PM

سیدھا سادہ شوہر پسند نہیں تھا تو بیوی نے قتل کر دیا

چتوڑ گڑھ: راجستھان میں چتوڑ گڑھ ضلع کے وجے پور تھانہ علاقے میں ہوئے ایک شخص کے قتل کے معاملے میں پولیس نے انکشاف کرتے ہوئے قتل کے الزام میں مقتول کی نابالغ بیوی کو نابالغ اور بچوں کے قانون کی دفعات کے تحت گرفتار کیا ہے۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ دیپک بھارگو نے بتایا کہ گزشتہ 20 جنوری کو وجے پور گرام کے باہر سڑک کنارے ویران جگہ پر ایک نوجوان کی خون میں سنی لاش پڑی ملی، جس کا قتل موقع پر ہی کیا گیا تھا۔ متوفی نوجوان کی پہچان علاقے کے گاؤں مائرہ کے رہنے والے رتن لال بھیل کے طورپر ہوئی ہے۔

تھانہ افسر دیپک بنجارہ نے اس قتل کے معاملے میں جانچ کی تو پتہ چلا کہ مقتول بے حد سیدھا سادہ اور بھولا بھالا انسان تھا جسے اس کی بیوی جو نابالغ ہے، پسند نہیں کرتی تھی، اسی ناپسندیدگی کی وجہ سے وہ پہلے اسے چھوڑ کر چلی گئی تھی لیکن والدین اسے پھر سسرال لے آئے تھے۔ اسی بنیاد پر پولیس نے اسے حراست میں لے کر پوچھ تاچھ کی تو وہ ٹوٹ گئی اور اس نے بتایا کہ اس نے رتن سے چھٹکارہ پانے کے لئے منصوبہ بند طریقے سے واقعہ کو آدھی رات کو گھر سے باہر لے گئی اور ویران مقام پر اس کے ہاتھ پیر باندھنے کے بعد اس کے سر پر بھاری پتھر اور اپنے ساتھ لائی پتھر کی ٹانکی سے بھی سر پر وار کرکے قتل کردیا اور پھر گھر آکر سوگئی۔

25 Jan 2021, 4:29 PM

کارگل میں قومی یوم سیاحت منایا گیا

نئی دہلی: مقامی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور کارگل کو عالمی معیار کے ایڈوینچر اسپورٹس کے مرکز کے طورپر قائم کرنے کے لئے جموں و کشمیر کے کارگل میں آج قومی یوم سیاحت منایا گیا۔ وزارت سیاحت نے آج بتایا کہ کارگل میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف اسکیئنگ اینڈ ماونٹینئرنگ (آئی آئی ایس ایم) کی ایک برانچ قائم کی جائے گی۔ اس موقع پر منعقدہ پروگرام میں مرکزی وزیرثقافت و سیاحت (آزادانہ چارج) پرہلاد سنگھ پٹیل مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے۔ انہوں نے یوم سیاحت کے موقع پر کارگل کے آئی ہاکی رِنک، بیماتھانگ میں منعقدہ آئس ہاکی میچ کا بھی لطف لیا اور لنکی پال سکی سلوپ میں آئس اسکیئنگ پروگرام میں شامل ہوئے۔ اس موقع پر پٹیل نے کہا کہ کارگل میں آئی آئی ایس ایم کی طرز پر بین الاقوامی معیارات کے مطابق ایک انسٹی ٹیوٹ قائم ہوگا۔ اس کے لئے کارگل اور ہل کاونسل نے 25 ایکڑ زمین دینے کا وعدہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارگل کو عالمی معیار کے ایڈونچر کھیلوں کی منزل قائم کرنے اور کوہ پیمائی، اسکیئنگ، آئس ہاکی و دیگر ونٹر کھیلوں کے شعبے میں سب سے اچھی تعلیم کے ذریعہ سے مقامی صلاحیتوں کو سامنے لایا جائے گا۔

25 Jan 2021, 3:39 PM

سی آر پی ایف اہلکار کی حرکت قلب بند ہونے سے اسپتال میں موت

سری نگر: وسطی ضلع بڈگام میں تعینات ایک سینٹر ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) اہلکار کی پیر کی صبح یہاں شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائسنز صورہ میں حرکت قلب بند ہونے سے موت واقع ہوئی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ میں زیر علاج ایک 50 سالہ سی آر پی ایف اہلکار کی پیر کی صبح حرکت قلب بند ہونے سے موت واقع ہوئی۔ متوفی اہلکار کی شناخت سدھیر پرتی ہار کے بطور ہوئی ہے جو سی آر پی ایف کی 86 بٹالین سے وابستہ تھے۔ قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر میں حرکت قلب بند ہونے سے اموات ہونے کے واقعات میں اضافہ درج ہوا ہے جس سے اہلیان وادی میں تشویش کی لہر پھیل گئی ہے۔ وسطی ضلع گاندربل کے شالہ بگ علاقے میں اتوار کے روز بھائی بہن کی حرکت قلب بند ہونے سے موت واقع ہوئی۔


25 Jan 2021, 1:29 PM

ورون دھون شادی کے بندھن میں بندھے، بیوی نتاشا کے ساتھ شیئر کی تصویر

فلمی اداکار ورون دھون شادی کے بندھن میں بندھ ھئے ہیں۔ انہوں نے اپنی اہلیہ نتاشا کے ساتھ اپنی شادی کی تصویر انسٹاگرام پر شیئر کی ہے۔ انہوں نے تصویر کے ساتھ لکھا ہے کہ زندگی بھر کا پیار آکر آفیشیل ہوگیا ہے۔

25 Jan 2021, 12:36 PM

روس میں کورونا کے مزید 21127 نئے کیسز

ماسکو: روس میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 21127 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3719400 ہوگئی ہے۔ یہ نئے کیسز 3069 روس کے دارالحکومت ماسکو اور 2929 سینٹ پیٹربرگ میں رپورٹ ہوئے ہیں۔ رسپانس سینٹر نے بتایا کہ 491 مریضوں کی موت کے ساتھ ہی ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 69462 ہوگئی ہے۔ دریں اثنا وائرس سے 27779 مریضوں کے شفایاب ہونے سے مجموعی تعداد بڑھ کر 3131760 ہوگئی ہے۔


25 Jan 2021, 11:43 AM

پرتگال کے صدر ڈیسوزا کو پہلے مرحلے میں سبقت

میڈرڈ: پرتگال کے صدر مارسیلو ڈوارٹو ریبیلو ڈیسوزا نے اتوار کے انتخابات میں پہلے مرحلے میں برتری حاصل کی ہے۔ پرتگال میں اتوار کے روز انتخابات ہوئے تھے جس میں 66 فیصد ووٹ ڈالے گئے تھے۔ ڈیسوزا 50 فیصد ووٹوں کے بعد گنتی میں سب سے آگے ہیں۔ چیگا پارٹی کے اینڈریا وینچورا 12 فیصد ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ سوشلسٹ امیدوار انا گومز 9.3 فیصد ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر ہیں۔ پرتگال میں کورونا کی وبا کے درمیان صدارتی انتخابات ہوئے ہیں جس میں ڈیسوزا سمیت چھ دیگر امیدوار میدان میں ہیں۔ پری پول سروے میں ڈیسوزا کو تقریباً 60 فیصد ووٹ حاصل کرنے اور پہلے مرحلے میں کامیابی کی پیش گوئی کی گئی تھی۔

25 Jan 2021, 10:27 AM

عالمی ادارہ صحت نے مدینہ منورہ کو صحت افزا شہر قرار دیا

الریاض: دنیا کے مسلمانوں کے انتہائی مقدس سعودی عرب کے شہر مدینہ منورہ کو ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) نے دنیا کے صحت افزا شہروں میں سے ایک شہر قرار دے دیا۔ عالمی ادارہ صحت کی ایک ٹیم نے مدینہ منورہ کا دورہ کیا اور صحت سے متعلق تمام سہولیات کا جائزہ لیکر قرار دیا، صحت مند شہر کے لئے جتنے عالمی معیار طے کیے گئے تھے، مدینہ منورہ ان عالمی معیار پر پورا اترتا ہے۔ مدینہ منورہ کی آبادی 20 لاکھ سے زائد افراد پر مشتمل ہے۔ اس حوالہ سے عالمی ادارہ صحت نے سرٹیفکیٹ بھی جاری کر دیا ہے۔ سعودی عرب کے وزیر صحت نے عالمی ادارہ صحت کی جانب سے مدینہ منورہ کو جاری کیا گیا صحت مند شہر کا سرٹیفکیٹ گورنر مدینہ شہزادہ فیصل بن سلمان کو پیش کیا۔


25 Jan 2021, 6:59 AM

چینی فوج کو روکنےکے بجائے کسانوں کوروک رہی ہےحکومت: راہل-پرینکا

سابق کانگریس صدر راہل گاندھی اور پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا ہے کہ حکومت کسانوں کا حق چھین کر اپنے صنعتکار دوستوں کو فائدہ پہنچانا چاہتی ہے اس لئے دہلی کی سرحدوں کی ناکہ بندی کی جارہی ہے۔ کانگریس رہنماؤں نے کہا کہ جس حکومت کو چینی فوجوں کو سرحد پر ہندوستانی حدود میں داخل ہونے سے روکنا چاہئے تھا وہ اپنے حق کی مانگ کے لئے آرہے کسانوں کو روکنے کے لئے دہلی کی سرحدوں پر ناکہ بندی کررہی ہے۔
مسٹرراہل گاندھی نے کہا کہ"حکومت کا کام تھا چین کو سرحد پر روکنا، نہ کہ ستیہ گرہ کررہے کسانوں کو دہلی کے بارڈر پر روکنا۔مودی حکومت - نااہل اور متکبر۔‘‘
محترمہ پرینکا وڈرا نے کہا کہ "بی جے پی اپنے ارب پتی دوستوں کے لئے سرخ قالین بچھاکر ملک کی ساری دولت ان کے حوالے کررہی ہے لیکن کسان اپنا حق مانگنے دہلی آنا چاہتے ہیں تو ناکہ بندی کی جارہی ہے۔ ‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔