اہم خبریں: مکیش امبانی کے گھر کے قریب بارود سے بھری اسکارپیو کار برآمد

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

25 Feb 2021, 10:06 PM

مکیش امبانی کے گھر کے قریب دھماکہ خیز مواد سے بھری اسکارپیو کار ملی

ممبئی: ہندوستان کے متمول بزنس مین اور ریلائنس انڈسٹریز کے مالک مکیش امبانی کی رہائش گاہ کے باہر بارود سے بھری جیپ ملی۔ ممبئی میں انتیلیا کی رہائش گاہ کے قریب جیلاٹین کا ذخیرہ برآمد ہوا ہے۔ ممبئی پولیس، فورنسینک ٹیم اور ڈاگ اسکواڈ موقع پرپہنچ چکے ہیں اور تفتیش جاری ہے۔ دھماکہ خیز مواد کے ساتھ ایک خط بھی ملا ہے جس سے یہ سمجھا جارہا ہے کہ حادثہ کا خطرہ تھا۔ پولیس اور تفتیش کار سی سی ٹی وی فوٹیج کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

25 Feb 2021, 9:04 PM

اوڈیشہ اسمبلی میں کسانوں کے مسئلے پر چار بار کاروائی ملتوی

بھونیشور: اوڈیشہ اسمبلی میں جمعرات کو کسانوں اور کوٹیا پنچایت کے مسائل پر ایوان کی کاروائی چار بار ملتوی کرنا پڑی۔ اس وقت ایوان میں نائب صدر آر کے سنگھ کو اپوزیشن کے ہنگامے اور شور شرابہ کے سبب تین بار ایوان کی کاروائی ملتوی کرنا پڑی اور آخری بار 12:35 بجے چار بجے تک کے لیے ایوان کی کاروائی ملتوی کی گئی۔ ایوان کی کاروائی شروع ہوتے ہی اپوزیشن بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور کانگریس کے اراکین ایوان کے درمیان چلے آئے اور نعرے بازی شروع کر دی۔ اپوزیشن رکن کسانوں کے تحفظ اور ضلع کوروپُٹ کے کوٹیا پنچایت کے جغرافیائی علاقے کو بنائے رکھنے کی مانگ کرتے ہوئے ہنگامہ کر رہے تھے۔ اس کے سبب ایوان کی کاروائی کو مناسب ڈھنگ سے چلانے کے سلسلے میں ڈپٹی اسپیکر نے سب سے پہلے 1159 میں 10 منٹ کے لیے ایوان کی کاروائی ملتوی کی تھی اور مسئلے کے حل کے لیے کل جماعتی میٹنگ بھی بلائی تھی۔ اس میٹنگ کے بعد بھی ایوان کی کاروائی تین بار ملتوی کرنا پڑی۔ کل جماعتی میٹنگ میں بھی کوئی نتیجہ سامنے نہیں آیا ہے ۔ وقفہ صفر ختم ہونے کے فوراً بعد ہی اپوزیشن اراکین کا ہنگامہ شروع ہو گیا۔

25 Feb 2021, 7:58 PM

احمد آباد ٹیسٹ: ہندوستان کی انگلینڈ پر 10 وکٹ سے جیت، سیریز میں 2-1 سے آگے

ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا ٹیسٹ احمد آباد میں کھیلا جا رہا تھا جہاں دوسرے ہی دن ہندوستان نے فتح کا پرچم لہرا دیا۔ ہندوستان نے انگلینڈ کو 10 وکٹ سے شکست فاش دے کر سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کر لی ہے اور اس کے ساتھ ٹیسٹ چمپئن شپ میں پہنچنے کی ہندوستان کی راہیں بھی آسان ہو گئی ہیں۔ انگلینڈ کی دوسری اننگ محض 81 رنوں پر سمٹ گئی تھی جس کے بعد ہندوستان کو جیت کے لیے 49 رنوں کا ہدف ملا جسے روہت شرما (25 گیندوں میں 25 رن) اور شبھمن گل (21 گیندوں میں 15 رن) نے بغیر آؤٹ ہوئے بہ آسانی بنا دیے۔

25 Feb 2021, 7:05 PM

مہاتما گاندھی کاشی ودیاپیٹھ اسٹوڈنٹس یونین الیکشن میں ’اے بی وی پی‘ کی شرمناک شکست

گزشتہ منگل کو اختتام پذیر مہاتما گاندھی کاشی ودیاپیٹھ اسٹوڈنٹس یونین الیکشن میں کانگریس کی طلبا تنظیم این ایس یو آئی (نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا) نے تاریخی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بی جے پی کی طلبا تنظیم اے بی وی پی امیدواروں کو شکست فاش دی۔ این ایس یو آئی نے نائب صدر، جنرل سکریٹری اور 6 ڈپارٹمنٹس کے نمائندہ عہدوں پر کامیابی حاصل کی۔ نائب صدر عہدہ پر این ایس یو آئی امیدوار سندیپ پال کو 1269 ووٹوں سے کامیابی ملی، جب کہ جنرل سکریٹری عہدہ پر پرفل پانڈے 801 ووٹوں سے کامیاب ہوئے۔ صدر عہدہ پر سماجوادی پارٹی امیدوار نے کامیابی حاصل کی۔

25 Feb 2021, 6:29 PM

پنجاب یونیورسٹی میں آن لائن اردو خطاطی کا مقابلہ ہوا

چنڈی گڑھ : پنجاب یونیورسٹی کے اردو محکمے نے پہلے ’اردو خطاطی‘ آن لائن مقابلے کا انعقاد کیا جس میں طلبہ نے جوش و خروش سے حصہ لیا۔ محکمے کے کنوینر ڈاکٹر علی عباس نے بتایا کہ حالانکہ یہ آن لائن مقابلہ تھا لیکن چلبہ نے بھرپور جوش دکھایا، جو اس بات کا اشارہ ہے کہ طلبہ اپنی خوشخط بہتر کرنے کی اہمیت سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیلی گرافی ایک قدیم فن ہے جو مسلسل مطالع اور محنت سے کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوشخط کسی بھی شخص کے دل، دماغ اور ہاتھ کو ایک خوبصورت آرٹ پروان چڑھانے کے لئے تیار کرتی ہے۔ مقابلے میں پہلا مقام کامینی چودھری کو ملا جبکہ دوسرے اور تیسرے مقام پر ایشوریہ بھاٹیہ اور مانک آہوجا رہے۔

25 Feb 2021, 5:30 PM

بھاگلپور سڑک حادثہ میں دو لڑکوں کی موت

بھاگلپور: بہار میں بھاگلپور ضلع کے سجور تھانہ علاقے میں سڑک حادثے میں دو لڑکوں کی موت ہوگئی۔ پولیس ذرائع نے جمعرات کو یہاں بتایا کہ بانکہ ضلع کے امرپور علاقے میں بھدریا گاؤں کے اکھلیش ہریجن (17) اور امن کمار (16) بدھ کی رات ایک گاڑی میں ریت بھرکر فروخت کے لئے بھاگلپور کی جانب جارہے تھے، تبھی راستے میں اندھیری پہل کے نزدیک سامنے سے تیز رفتار سے آرہے ٹرک نے ان کی گاڑی کو ٹکر مار دی۔ ذرائع نے بتایا کہ اس حادثے میں دونوں لڑکوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ حادثے کے بعد ڈرائیور ٹرک سمیت فرار ہوگیا۔ پولیس نے اس سلسلے میں نامعلوم لوگوں کے خلاف معاملہ درج کرکے لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے بھاگلپور کے جواہر لال نہرو میڈیکل کالج اسپتال بھیج دی ہیں۔

25 Feb 2021, 4:29 PM

ملک میں مہنگائی کی مار، بے روزگاری کی سب حدیں پار، حکومت ہوگئی ناکام... راہل گاندھی

کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے مودی سرکار پر حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ناکام ہوچکی ہے، عوام پر مہنگائی کی مار پڑ رہی ہے اور بے روزگاری کی تمام حدیں عبور ہوچکی ہیں۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں ہیش ٹیگ ’مودی جاب دو‘ کا بھی استعمال کیا۔

25 Feb 2021, 3:30 PM

موہن بھاگوت کا عادل آباد دورہ، کسانوں سے کریں گے ملاقات

حیدرآباد: آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت جمعہ کو تلنگانہ کے عادل آباد ضلع کا دورہ کریں گے۔ موہن بھاگوت ضلع کے گڈی ہاٹنور منڈل کے لنگا پور کا دورہ کرتے ہوئے کسانوں سے ملاقات کریں گے۔ آر ایس ایس کے سربراہ اس موقع پر روایتی طریقہ سے کاشت کرنے والے کسانوں کے ساتھ بات چیت کریں گے۔ عادل آباد کی رضاکارانہ تنظیم ایکالویہ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ان کے دورہ کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

25 Feb 2021, 2:29 PM

55 سالہ خاتون کا گلا ریت کر قتل

پرتاپ گڑھ: اترپردیش میں پرتاپ گڑھ ضلع ہیڈکواٹر سے تیس کلومیٹر مسافت پر تھانہ جیٹھوارہ علاقے کے پربت پور گاؤں میں جمعرات کی صبح ایک خاتون کی خون سے لت پت لاش پائی گئی جس کا گلا ریت کر قتل کیا گیا ۔ ڈی ایس پی صدر تنوں اپادھیائے نے بتایا کہ پربت پور گاؤں کے سمر بہادر پٹیل کی اہلیہ دھنپتّی دیوی (55) بدھ کی شب کھانا کھا کر گھر کے باہرصحن میں چارپائی پر سوئی تھی، جبکہ گھر کے دیگر اراکین گھر کے اندر سوئے ہوئے تھے۔ جمعرات کی صبح جب اہل خانہ سو کر اٹھے تو دیکھا کہ دھنپتّی کی لاش خون سے لت پت پڑی ہوئی ہے اور گلے پر دھاردارہتھیار کے نشانات ہیں۔ چیخ و پکار پر گاؤں کے لوگ وہاں پہنچے۔ موصولہ اطلاع کی بنیاد پر پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش قبضے میں لے کر پوسٹمارٹم کے لئے بھیج دی ہے۔

25 Feb 2021, 1:30 PM

دلّی میں آسمان صاف، درجہ حرارت میں اضافہ

نئی دہلی: راجدھانی میں جمعرات کی صبح آسمان صاف رہا اور درجہ حرارت میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ دلی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سیلسیس تک پہنچنے کا امکان ہے جبکہ کم از کم درجہ حرارت 13 ڈگری سیلسیس رہا۔ دلی میں منگل اور بدھ کو درجہ حرارت بالترتیب 31.5 ڈگری رہا جو معمول سے سات اور 8 ڈگری زیادہ تھا۔ پچھلے 15 سالوں میں بدھ کے روز فروری کا گرم ترین دن رہا ہے، جبکہ 2006 کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب فروری میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32.5 ڈگری تک پہنچ گیا ہے۔ اس سے قبل 26 فروری 2006 کو یہ 34.1 ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا۔ دہلی میں آئی ایم ڈی کے علاقائی موسم کی پیشن گوئی کرنے والے سنٹر کے سربراہ کلدیپ سریواستو نے کہا کہ فروری کے آخر میں درجہ حرارت عام طور پر بڑھنے لگتا ہے اگرچہ یہ مغربی حالات منحصر کرتا ہے۔

25 Feb 2021, 11:59 AM

تیل قیمتوں میں اضافہ کے خلاف ممتا بنرجی کا دلچسپ احتجاج، گلے میں پوسٹر ڈال کر اسکوٹر پر سواری

ملک میں بڑھتی ہوئی تیل قیمتوں کے خلاف وزیر اعلیٰ مغربی بنگال ممتا بنرجی نے دلچسپ انداز میں احتجاج کرتے ہویے اسکوٹر کے پیچھے بیٹھ کر اپنے دفتر پہنچیں۔ اس دوران انہوں نے اپنے گلے میں ایک پوسٹر بھی ڈالا ہوا تھا جس پر تیل قیمتوں میں اضافہ کے خلاف کچھ لکھا ہوا تھا۔ خیال رہے کہ اس وقت کولکاتا میں پٹرول 91.20 روپے فی لیٹر پر فروخت ہو رہا ہے۔

25 Feb 2021, 10:44 AM

ہندوستان میں کورونا کے 16738 نئے کیسز، 11799 ڈسچارج، 138 اموات

مرکزی وزارت صحت کے مطابق ہندوتان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 16738 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ اسی اثنا میں 11799 افراد نے شفایابی حاصل کر لی جبکہ 138 افراد لقمہ اجل بن گیے۔

کیسز کی مجموعی تعداد - 11046914

شفایاب ہونے والے افراد - 10738501

اموات کی مجموعی تعداد - 156705

فعال کیسز کی تعداد - 151708

ٹیکہ لگوا چکے افراد کی تعدد - 12671163

25 Feb 2021, 9:31 AM

شمال مشرقی دہلی تشدد کے سلسلہ میں دہلی پولیس کی ضمنی چارج شیٹ داخل

سے اے اے مخالف مظاہروں کے بعد شمال مشرقی دہلی میں ہونے والے تشدد کے سلسلہ میں دہلی پولیس کی خصوصی سیل نے عدالت میں ایک اور ضمنی چارج شیٹ داخل کی گئی ہے۔ یہ چارج شیٹ دہلی کی کڑکڑڈومہ کورٹ میں دائر کی گئی ہے، جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کس طرح منظم طریقہ سے تشدد کو انجام دیا گیا۔

25 Feb 2021, 8:03 AM

’ہولی کی لپٹوں کے بعد کسان دہلی کے آس پاس نظر نہیں آئیں گے‘

ہریانہ کے سابق وزیر تعلیم رام ولاس شرما نے کسان تحریک پر سخت طنز کرتے ہوئے کہا ہے ’’ سیاست میں جو اتھل پتھل ہورہی ہے، اسے 132 کروڑ عوام دیکھ رہے ہیں ،سچ ہمیشہ سچ ہی رہے گااور دہلی کے آس پاس جو ایک لاکھ لوگ بیٹھے ہیں وہ ہولی کے بعد دکھائی نہیں دیں گے۔‘‘

رام ولاس شرما ایک کتاب کے اجرا کے موقع پر بول رہےتھےاور اس کتاب کا اجرا آر ایس ایس کے اندریش کمار نے کیا تھا۔ اس موقع پر شرما نے دعوے کےساتھ کہا کہ ہولی کی لپٹوں کےبعد دہلی کےآس پاس کچھ دکھائی نہیں دے گا۔ نیوز 18 پر شائع خبر کےمطابق انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم مودی سب کچھ ٹھیک کر یں گے کیونکہ ان کو گجرات کے وزیر اعلی کے طور پر بھی سب نے دیکھا ہے اور سات سال سےوزیر اعظم کے طور پر بھی دیکھ رہے ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔