اہم خبریں: باندہ جیل میں مختار انصاری کورونا سے متاثر

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

25 Apr 2021, 8:20 PM

باندہ جیل میں مختار انصاری کورونا سے متاثر

باندہ: اترپردیش کے باندہ ضلع جیل میں قید رکن اسمبلی مختارانصاری کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے ہیں، ہفتہ کے روز محکمہ صحت کی ٹیم نے جیل کے اندر ان کا نمونہ لیا تھا اتوار کے روز کورونا کی جانچ رپورٹ میں 291 افراد کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں، ان میں مختار انصاری سمیت جیل کے کئی قیدی پازیٹو آئے ہیں۔ تاہم، مختارانصاری کی حالت مستحکم ہے۔ باندہ میں کورونا وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد 6760 تک پہنچ گئی ہے۔ ضلع میں زیر علاج مریضوں کی تعداد 1538 ہے۔ ضلع میں اب تک کورونا وائرس سے 76 اموات ہوئی ہیں۔

25 Apr 2021, 6:29 PM

بس پلٹنے سے آدھا درجن مسافر زخمی

گوالیار: مدھیہ پردیش کے گوالیار ضلع کے جھانسی مارگ پر کلیان تراہے کے نزدیک ایک بس کے بے قابو ہوکر پلٹنے سے تقریباً آدھا درجن لوگ زخمی ہوگئے۔ آنتری کے تھانہ انچارج امیت شرما نے بتایا کہ آج علی الصبح دہلی سے پونا جا رہی ایک بس گوالیار۔جھانسی مارگ پر کلیان تراہے کے نزدیک بے قابو ہوکر پلٹ گئی جس سے تقریباً آدھا درجن مسافر زخمی ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر پولس فورس جائے واقع پر پہنچ گئی۔ زخمیوں کو بس سے اتار کر ان کا ابتدائی علاج آنتری کے اسپتال میں کرایا گیا۔ اس کے بعد انہیں دوسری بس سے ان کے گھروں کے لئے روانہ کر دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ کسی گاڑی کے اوورٹیک کرتے وقت یہ حادثہ پیش آیا۔

25 Apr 2021, 4:56 PM

گوپال گنج میں کیرانہ دکان میں آگ لگنے سے لاکھوں کی املاک جل کر خاک

گوپال گنج: بہار میں گوپال گنج ضلع کے وجے پور تھانہ علاقہ میں کرانہ دکان میں آگ لگ جانے سے لاکھوں روپے کی املاک جل کر خاک ہوگئی۔ پولیس ذرائع نے اتوار کو یہاں بتایا کہ وجے پور بازار واقع گوپی ناتھ ورما کے کیرانہ دوکان اور مکان میں سنیچر کی دیر رات شارٹ سرکٹ سے آگ لگ گئی۔ واقعہ کے وقت گوپی ناتھ ورما اپنے کنبہ کے اراکین کے ساتھ گھرمیں سورہے تھے۔ واقعہ کی جانکاری کے بعد موقع پر پہنچی فائربریگیڈ کی ٹیم نے بڑی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا۔ ذرائع نے بتایا کہ آگ لگنے سے لاکھوں کی املاک جل کر خاک ہوگئی۔ حالانکہ اس میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔


25 Apr 2021, 2:34 PM

ریاستی حکومت مہاراشٹر کے تمام لوگوں کو مفت کورونا کا ٹیکہ لگائے گی، نواب ملک

مہاراشٹر حکومت نے اعلان کیا ہے کہ مہاراشٹر سے تعلق رکھنے والے تمام افراد کو کورونا کا ٹیکہ مفت فراہم کیا جائے گا۔ ریاست کے وزیر اور مخلوط حکومت کی ایک اتحادی این سی پی کے لیڈر نواب ملک نے اتوار کے روز یہ اطلاع دی۔

25 Apr 2021, 12:17 PM

دہلی میں لاک ڈاؤن میں 3 مئی تک توسیع، وزیر اعلیٰ کیجریوال کا اعلان

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کورونا وائرس کی صورت حال میں بہتری نہ آنے کے باعث راجدھانی میں جاری لاک ڈاؤن میں توسیع کر دی ہے۔ کیجروال نے اتوار کو اعلان کیا کہ دہلی میں اب 3 مئی کو صبح 5 بجے تک لاک ڈاؤن بدستور جاری رہے گا۔


25 Apr 2021, 10:01 AM

ہندوستان میں کورونا کے 349691 نئے کیسز، 2767 اموات

مرکزی وزارت صھت کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 349691 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی، اس دوران 2767 مریضوں کی موت ہو گئی جبکہ 217113 افراد نے شفایابی حاصل کر لی۔

ہندوستان میں اب تک مجموعی طور پر 16960172 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جبکہ 14085110 افراد شفایابی حاصل کر چکے ہیں۔ مجموعی طور پر 192311 لوگوں کی موت ہو چکی ہے اور فی الحال 2682751 کیسز فعال ہیں۔ ملک میں تاحال 140915417 افراد ٹیکہ لگوا چکے ہیں۔

25 Apr 2021, 9:49 AM

ہندوستان کی کورونا صورت حال پر امریکہ کا اظہارِ یکجہتی

امریکہ نے ہندوستان کی کورونا صورت حال پر ہر طرح کی مدد کرنے اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ امریکہ کے سکریٹری آف اسٹیٹ اینٹونی بلنکن نے کہا، ’’اس خطرناک کورونا بحران کے وقت ہم ہندوستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم اپنے شراکت دار اور حکومت ہند کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں اور ہندوستانی عوام اور ہیلتھ کیئر ہیروز کے لئے اضافی امداد فراہم کریں گے۔‘‘


25 Apr 2021, 4:59 AM

کیا دہلی میں لاک ڈاؤن کی مدت بڑھے گی؟

دہلی میں کورونا وبا سے حالات انتہائی خراب ہیں اور اس کےاوپر آکسیجن کی قلت نجی اسپتالوں میں ایک مسئلہ بنا ہوا ہے ایسے میں کیا دہلی حکومت لاک ڈاؤن کی مدت میں اضافہ کرسکتی ہے؟ کیجریوال نےجس ایک ہفتے کے چھوٹے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا اس کی مدت کل صبح پانچ بجے ختم ہوجائے گی اور اگر اس میں توسیع کرنی ہو گی تو اس کا اعلان آ ج ہی کر نا ہوگا۔ حکومت کے اوپر کئی تنظیموں کی جانب سے دباؤ ہے کے اس میں توسیع کی جائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

/* */