اہم خبریں: 25 ستمبر کو کانگریس کے لاکھوں کروڑوں کارکنان راہل جی کی قیادت میں کسانوں کے ساتھ کھڑے ہوں گے... سرجے والا

رندیپ سرجے والا
رندیپ سرجے والا
user

قومی آوازبیورو

24 Sep 2020, 8:23 PM

25 ستمبر کو کسان کی ہُنکار پورے ہندوستان میں گونجے گی: کانگریس

کانگریس ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے 25 ستمبر کو کسانوں کے بند میں ان کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ "کسان کی ہُنکار کل 25 ستمبر، 2020 کو بھارت بند کے ساتھ پورے ہندوستان میں گونجے گی۔ کسان کھیت مزدور پیٹ میں انگارے جلا کر ملک کا پیٹ پالتا ہے اور مودی حکومت نے ان کے کھیت کھلیانوں پر حملہ بولا ہے۔ کانگریس کے لاکھوں کروڑوں کارکنان راہل گاندھی جی کی قیادت میں کسانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔"

24 Sep 2020, 7:56 PM

سری نگر کے حول میں فائرنگ، پیشے سے وکیل بابر قادری ہلاک

سری نگر: سری نگر کے پائین شہر کے حول علاقے میں نامعلوم اسلحہ برداروں نے جمعرات کی شام پیشے سے وکیل بابر قادری کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ حول میں پیش آنے والے ٹارگٹ کلنگ کے ایک واقعے میں نامعلوم اسلحہ برداروں نے بابر قادری پر نزدیک سے گولیاں چلائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ زخمی قادری، جنہیں ایک سے زیادہ گولیاں لگی تھیں، کو فوری طور پر شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز منتقل کیا گیا تاہم انہیں وہاں مردہ قرار دیا۔ سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ ٹارگٹ کلنگ کے اس واقعے کے فوراً بعد سیکورٹی فورسز نے حول کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا ہے۔ بتادیں کہ پیشے سے وکیل بابر قادری ٹی وی چینلوں پر کشمیر کے حالات پر ہونے والے مباحثوں میں شرکت کرتے تھے۔

24 Sep 2020, 6:57 PM

بلیا میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک کی موت، ساتھی زخمی

بلیا: اترپردیش کے ضلع بلیا کے سکندرپور علاقے میں آج بجلی گرنے سے ایک شخص کی موت ہوگئی، جبکہ اس کا ساتھی شدید طور سے زخمی ہوگیا۔ پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ کرامباری گاؤں باشندہ ابھے کمار(30) اپنے ساتھی کھیجوری علاقے کے وشہر گاؤں کے اشونی یادو کے ساتھ بھینس خریدنے نکلے تھے۔ اسی دوران بارش ہونے لگی اسی دوران آسمانی بجلی گری اور دونوں شدید طور سے جھلس گئے۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں کو اسپتال بھیجا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ابھیے یادو کو مردہ قرار دے دیا۔ اشونی کا علاج جاری ہے۔


24 Sep 2020, 5:57 PM

لکھنؤ سمیت آس پاس کے اضلاع میں بارش، موسم ہوا خوشنما

لکھنؤ: اترپردیش کی راجدھانی لکھنؤ سمیت آس پاس کے اضلاع میں بدھ کی رات سے رک رک کر ہورہی بارش نے لوگوں کو گرمی سے راحت دی ہے اور موسم خوشنما ہوگیا ہے۔ ریاست کے کئی علاقوں میں منگل کو بھی بارش ہوئی تھی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 25 ستمبر تک بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ بارش سے راجدھانی کے کئی علاقوں میں پانی اکٹھا ہوگیا اور لوگ گھروں میں ہی قید رہے۔ راجدھانی کے گومتی نگر اور اندرا گنر کے کئی علاقے زیر آب ہوگئے۔ پروا ہواؤں کے جھونکوں کے ساتھ بارش نے درجہ حرات میں بھی کافی کمی لادی۔ دو دنوں میں زیادہ درجہ حرارت میں آٹھ ڈگری سے زیادہ کی گراوٹ درج کی گئی ہے۔ راجدھانی میں درجہ حرارت 30 ڈگری سے نیچے ریکارڈ کیا گیا۔ جب کہ کم سے کم درجہ حرارت 25.7 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج جمعرات کو بھی پورے دن بارش ہوسکتی ہے۔ بنگال کی کھاڑی میں بنے کم دباؤ کی وجہ سے ریاست کے کئی حصوں میں بارش ہونے کے امکانات ہیں۔

24 Sep 2020, 4:57 PM

جنگلی ہاتھی نے کھیت میں کام کر رہی 18 سالہ لڑکی کو روند ڈالا

حیدرآباد: جنگلی ہاتھی کے دیوانہ وار دوڑنے کے نتیجہ میں ایک 18سالہ لڑکی کی موت ہوگئی، جبکہ اس کی ماں شدید زخمی ہوگئی۔ یہ واقعہ اے پی کے ضلع چتور کے پٹی چینو علاقہ میں پیش آیا۔ مہلوک لڑکی کی شناخت سونیا کے طور پر کی گئی ہے۔ یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب سونیا اپنی ماں کے ساتھ مونگ پھلی کے کھیت میں کام کر رہی تھی۔ اسی دوران اچانک ایک ہاتھی نے اس کو روند ڈالا جس کے نتیجہ میں اس کی موت ہوگئی، جبکہ ماں شدید زخمی ہوگئی۔ ہاتھی کی آوازوں کو سن کر مقامی افراد وہاں پہنچے جنہوں نے زخمی خاتون کو علاج کے لئے اسپتال منتقل کیا۔ اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرلیا گیا۔ عہدیداروں کے مطابق ریاست کے چتور، وجیانگرم اورسریکاکلم اضلاع میں گزشتہ چند برسوں سے اسی طرح کی صورتحال پیش آرہی ہے۔


24 Sep 2020, 3:56 PM

بینک آف انڈیا برانچ میں آتشزدگی

لکھنؤ: اترپردیش کی راجدھانی لکھنؤ کی سب سے بڑی کالونی اندرا نگر کے سی بلاک میں واقع بینک آف انڈیا کی برانچ میں جمعرات کی صبح آگ لگ گئی۔ بینک میں آگ لگنے سے آس پاس کےعلاقوں میں ہلچل مچ گئی۔ لوگوں نے پولیس اور محکمہ دمکل کو اس کی اطلاع دی، اطلاع ملنے کے بعد دمکل کے ملازمین نے موقع پر پہنچ کر سخت مشقت کے بعد آگ پر قابو حاصل کیا۔ آتشزدگی کی وجوہات کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔

24 Sep 2020, 2:57 PM

دہلی فساد معاملہ، عمر خالد کو 22 اکتوبر تک عدالتی تحویل میں بھیجا گیا

دہلی کی ایک عدالت نے مشرقی دہلی تشدد میں مبینہ کردار کے سلسلے میں 22 اکتوبر تک جے این یو کے سابق طالب علم عمر خالد کو عدالتی تحویل میں بھیج دیا ہے۔ انہیں غیر قانونی سرگرمیاں روک تھام ایکٹ (یو اے پی اے) کے تحت دہلی پولیس کے خصوصی سیل نے گرفتار کیا تھا۔

https://twitter.com/ANI/status/1309033835087224832?s=20


24 Sep 2020, 1:52 PM

مزدوروں سے متعلق بلوں پر پرینکا گاندھی کا طنز

لکھنؤ: کانگریس جنرل سکریٹری و اترپردیش کی انچارج پرینکا گاندھی واڈرا نے پارلیمنٹ سے پاس کیے گئے نوکری سے متعلق بلوں پر طنز کستے ہوئے اسے نوکری پر سخت حملے سے تعبیر کیا ہے۔ پرینکا واڈرا نے جمعرات کو اپنے ٹوئٹ میں لکھا' اس مشکل وقت کا مطالبہ ہے کہ کسی کی نوکری نہ جائے۔ سب کا ذریعہ معاش محفوظ رہے۔ بی جے پی حکومت کی ترجیحات کو دیکھیے، بی جے پی حکومت اب ایسا قانون لائی ہے جس میں ملازمین کو نوکری سے نکالنا آسان ہوگیا ہے۔ انہوں نے لکھا 'واہ رے سرکار، مظالم کو آسان کردیا'۔ قابل ذکر ہے کہ راجیہ سبھا نے مزدور وں کے فلاح اور ان کے حقوق کو مضبوط کرنے کے دعوے کے ساتھ تین بلوں کو منظوری دی ہے۔

24 Sep 2020, 11:56 AM

نائجیریا میں پٹرول ٹینکر میں دھماکہ، 13 سے زیادہ افراد ہلاک

ابوجہ: نائیجیریا کی راجدھانی کوگی اسٹیٹ کے لوکجا شہر میں ایک گاڑی سے ٹکرانے کے بعد پٹرول ٹینکر میں زوردار دھماکہ ہونے سے 13 سے زیادہ لوگوں کی موت ہوگئی۔ مقامی میڈیا نے یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ یہ حادثہ بدھ کی صبح پیش آیا اور پٹرول ٹینکر میں آگ لگنے سے کم از کم 30 لوگ جھلس گئے۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ وہاں کھڑی دس گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ ایک عینی شاہد کے مطابق پٹرول ٹینکر لے جارہا ڈرائیور گاڑی پرکنٹرول کھو بیٹھا اور ٹینکر ایک گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے بعد اس میں زوردار دھماکہ ہوگیا۔ پولیس اس حادثے میں مارے گئے لوگوں کی تعداد کا پتہ لگا رہی ہے۔


24 Sep 2020, 10:21 AM

مودی جی کا کسانوں کے بعد مزدوروں پر وار: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے جمعرات کے روز اپنے ٹوئٹ میں لکھا، ’’کسانون کے بعد مزدوروں پر وار۔ غریبوں کا استحصال، دوستوں پر مہربانی، یہی ہے بس مودی جی کی حکمرانی!‘‘ راہل گاندھی نے ٹوئٹ کے ساتھ پارلیمنٹ میں لیبر اصلاحات سے متعلق تین بلوں کی منظوری کی خبر کو بھی شیئر کیا ہے۔ اس خبر کے مطابق اب حکومت سے اجازت لئے بغیر 300 ملازمین تک والی کمپنی کسی بھی ملازم کو نوکری سے نکال سکتی ہے۔

24 Sep 2020, 7:12 AM

کورونا سے متاثر منیش سسودیا اسپتال میں داخل

کورونا سے متاثر عام آدمی پارٹی (عآپ) لیڈر اور دہلی کے نائب وزیراعلیٰ منیش سسودیا کی طبیعت خراب ہونے کے بعد کل انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ مسٹر سسودیا کو لوک نائک جے پرکاش اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ نائب وزیراعلیٰ 14 ستمبر کو کورونا سے متاثر پائے گئے تھے اور گھر پر ہی آئیسولیشن میں تھے۔
وہ دہلی حکومت کے دوسرے وزیر ہیں جو کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ اس سے پہلے دہلی کے وزیرصحت ستیندر جین بھی کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے تھے۔مسٹر سسودیا کورونا سے متاثر ہونے کی وجہ سے 14 ستمبر کو دہلی اسمبلی اجلاس میں شریک نہیں ہوئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔