اہم خبریں: کرناٹک میں بھدراوتی کے رکن اسمبلی کورونا پازیٹو

کورونا وائرس، تصویر یو این آئی
کورونا وائرس، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

21 Sep 2020, 5:56 PM

کرناٹک میں بھدراوتی کے رکن اسمبلی کورونا پازیٹو

شیوموگا: کرناٹک کے بھدراوتی کے رکن اسمبلی بی کے سنگامیش کے کورونا سے متاثر ہونے کی تصدیق کے بعد بنگلورکے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ سنگامیش کے افراد خانہ نے یہ اطلاع دی۔ ایم ایل اے کے گھر چار ممبران کے کورونا متاثر ہونے کے بعد 18 ستمبر سے ان کی رہائش گاہ اور دفتر میں لوگوں کی آمدو رفت بند کردی گئی ہے۔ انہوں نے اپنے رابطہ میں آئے لوگوں سے احتیاط کے طور پر خود کی جانچ کرانے کی اپیل بھی کی ہے۔

21 Sep 2020, 4:56 PM

گوپال گنج میں 175 کارٹن انگریزی شراب کے ساتھ دو اسمگلر گرفتار

گوپال گنج: بہار میں گوپال گنج ضلع کے کچائے کوٹ تھانہ علاقہ سے ایکسائز محکمہ کی ٹیم نے سموار کو 175 کارٹن انگریزی شراب کے ساتھ دو اسمگلروں کو گرفتار کرلیا۔ ایکسائز سپرنٹنڈنٹ راکیش کمار نے یہاں بتایا کہ اطلاع ملی تھی کہ اسمگلر شراب کی کھیپ لیکر جارہے ہیں۔ اسی بنیاد پر بلتھری جانچ چوکی کے نزدیک ایک ٹرک کو روک کر تلاشی لی گئی۔ تلاشی کے دوران ماسک لدے ٹرک کے نیچے چھپاکر لے جائی جارہی 175 کارٹن انگریزی شراب برآمد کی گئی۔ برآمد شراب دہلی سے آسام لے جائی جارہی تھی۔ کمار نے بتایا کہ ٹرک پر سوار دہلی باشندہ دو اسمگلر سندیپ اور مکیش کو گرفتار کرلیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ تفتیش کے بعد اسمگلروں کو شراب کے ساتھ کچائے کوٹ تھانہ کو سپرد کر دیا گیا ہے۔

21 Sep 2020, 3:57 PM

وارانسی میں کورونا وائرس کے 101 نئے معاملے

وارانسی: اترپردیش کے ضلع وارانسی میں پیر کو کورونا وائرس کے 101 نئے مریضوں کی تصدیق کے بعد ضلع میں مجموعی متاثرین کی تعداد بڑھ کر 11722 ہوگئی ہے۔ آفیشیل ذرائع نے یہاں بتایا کہ بی ایچ یو سے موصول جانچ رپورٹ میں 101 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ جنہیں کووڈ اسپتالوں میں علاج کے لئے داخل کرایا گیا ہے۔ ضلع میں مجموعی متاثرین میں سے 9805 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ 1727 افراد کا علاج چل رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میں ابھی تک 190 افراد کی موت ہوچکی ہے۔


21 Sep 2020, 2:46 PM

دو لڑکیوں کی مشتبہ حالت میں موت

بہرائچ: اترپردیش کے ضلع بہرائچ کے رات گاؤں علاقے میں دو بچیوں کی لاشیں ایک درخت سے لٹکی ہوئی ملی ہیں۔ جس سے علاقے میں ہلچل مچ گئی۔ حادثے کی اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچی پولیس نے دونوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں بچیوں میں گہری دوستی تھی اور اتوار کو دونوں گھر سے گھاس کاٹنے کی بات کہہ کر نکلی تھیں۔ رات میں ان کی لاشیں ایک درخت سے لٹکی ہوئی ملی ہیں۔

اڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (دیہات) اشوک کمار نے پیر کو بتایا کہ رام گاؤں علاقے کے گرام لونین پوروا میں اتوار کی رات دو لڑکیاں پریما (17) و لکشمی(15) کی لاشیں ڈوپٹے کے پھندے سے لٹکی ہوئی ملی ہیں۔ دونوں کے مابین کافی گہری دوستی تھی۔ دونون گھر اور کھیت کا کام ساتھ ساتھ کرتی تھیں۔ اڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے کہا کہ گاؤں کے لوگوں سے پوچھ گچھ میں پتا چلا ہے کہ دونوں کے اہل خانہ ان کی دوستی سے ناخوش تھے۔ گھر والوں کے منع کرنے کے باجود دونوں ساتھ ساتھ رہتی تھیں۔

21 Sep 2020, 1:55 PM

کسان بل کے خلاف احتجاج کر رہے دہلی کانگریس کے صدر انل چودھری کو پولیس نے کیا گرفتار

دہلی پولیس نے دہلی کانگریس کے صدر انل چودھری کو گرفتار کر لیا ہے ، جو راجیہ سبھا سے منظور شدہ کسان بل کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔


21 Sep 2020, 11:56 AM

مراٹھواڑہ میں کووڈ۔19 سے ایک دن میں 49 ہلاکتیں، 1348 نئے کیسز

اورنگ آباد: گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مہاراشٹر کے خطہ مراٹھواڑہ کے آٹھ اضلاع میں کورونا وائرس (کووڈ۔19) کی وبا سے مزید 49 افراد کی موت ہوگئی ہے، جبکہ ایک 1348 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ یہ اطلاع اضلاع کے ہیلتھ افسران نے دی۔ موصولہ اعدادوشمار کے مطابق آٹھ اضلاع میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا سے سب سے زیادہ متاثر لاتور ہوا، جہاں 330 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 12 افراد کی موت ہوگئی، اس کے بعد ضلع اورنگ آباد میں 277 نئے کیسز اور 10 اموات، عثمان آباد میں 182 نئے کیسز اور 10 اموات، ضلع ناندیڑ میں 249 نئے کیسز اور چھ اموات، ضلع بیڈ میں 159 نئے کیسز اور چھ اموات، ضلع جالنہ میں 100 نئے کیسز اور دو اموات، ضلع پربھنی میں 36 نئے کیسز اور دو اموات اور ضلع ہنگولی میں 24 نئے کیسز اور ایک مریض کے موت اطلاعات ہیں۔

21 Sep 2020, 10:55 AM

ٹیکساس میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ، 4 افراد ہلاک

ہیوسٹن: امریکہ کے صوبہ ٹیکساس میں ایک طیارہ حادثہ میں چار افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ مقامی میڈیا نے اتوار کے روز ٹیکساس کے محکمہ پبلک سیفٹی کے ایک اہلکار کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہوسٹن کے قریب تقریباً 200 کلو میٹر شمال مغرب میں ہل ٹاپ لیک ایئرپورٹ کے قریب صبح گیارہ بجے ہونے والے حادثہ میں دو مرد اور دو خواتین ہلاک ہوگئیں۔ مقامی افسر نے بتایا کہ پائلٹ ہنگامی حالت میں ہوائی جہاز کو لینڈ کرنے کی کوشش کر رہا تھا اور حادثہ پیش آنے سے قبل فیڈرل ایوی ایشن انتظامیہ سے ریڈیو کے رابطے میں تھا۔ مقررہ شیڈول کے مطابق طیارہ ٹیکساس کے ہارس شو بے سے صبح 10 بجے سے پہلے لوزیانا کے نیٹیچوسس کے لئے پرواز کیا تھا۔


21 Sep 2020, 9:31 AM

12 جماعتوں کا راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین کے خلاف عدم اعتماد کا نوٹس

راجیہ سبھا میں زرعی بلوں کی منظوری کو لے کر حزب اختلاف میں کافی غصہ ہے اور اس کے لئے وہ راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئمین کے طریقہ کار پر سوال اٹھا رہے ہیں۔ حزب اختلاف کی 12 جماعتوں نے ڈپٹی چیئرمین ہری ونش کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کا نوٹس دے دیا ہے۔ حزب اختلاف کا الزام ہے کہ ڈپٹی چیئرمین نے نہ صرف ارکان کے حقوق کو پامال کیا ہے، بلکہ قانون کو اپنے حساب سے استعمال کیا۔ کانگریس نے کل کے واقعہ کو ملک کی پارلیمانی جمہوریت کے لئے یوم سیاح قرار دیا ہے۔

21 Sep 2020, 8:39 AM

بھیونڈی میں تین منزلہ عمارت گری، 10 لوگوں کی موت

مہاراشٹر کی راجدھانی ممبئی سے ایک بڑے حادثہ کی خبر آئی ہے۔ بھیونڈی میں ایک تین منزلہ عمارت کے گرنے کی خبر آئی ہے جس میں ابھی تک 10 لوگوں کے جاں بحق ہونے کی خبر موصول ہوئی ہے۔خبر کے مطابق اس بلڈنگ میں 35 سے 40 لوگ پھنسے ہوئے ہیں۔ خبر ہے کہ یہ حادثہ صبح تین بجے کے آس پاس ہوا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔