اہم خبریں: ویڈیو کانفرنسنگ میں بغیر قمیض پہنے پیش ہونے والے وکیل کو پھٹکار

سپریم کورٹ آف انڈیا - فائل تصویر / Getty Images
سپریم کورٹ آف انڈیا - فائل تصویر / Getty Images
user

قومی آوازبیورو

01 Dec 2020, 5:50 PM

ویڈیو کانفرنسنگ میں بغیر قمیض پہنے پیش ہونے والے وکیل کو پھٹکار

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے منگل کے روز ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ہونے والی سنوائی کے دوران بغیر قمیض پہنے پیش ہونے والے وکیل کو سخت پھٹکار لگاتے ہوئے کہا کہ ویڈیو کانفرنسنگ سے سنوائی ہوتے سات۔ آٹھ ماہ گزر چکے ہیں اور اب بھی وکیل اس قدر لاپرواہ ہیں۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب جسٹس ایل ناگیشور راؤ کی صدارت والی بنچ چائلڈ پروٹیکشن ہومس میں کورونا وائرس کے پیش نظر از خود نوٹس لیے گئے کیسز کی سنوائی کر رہی تھی۔ جسٹس راؤ نے متعلقہ وکیل کو سخت پھٹکار لگائی اور تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا، کہ ’یہ کیا ہے؟ سات۔آٹھ ماہ بعد بھی آپ اتنے لاپرواہ کیسے ہو سکتے ہیں‘؟

گزشتہ دو ماہ کے اندر سپریم کورٹ کے سامنے غیر مناسب لباس پہن کر پیش ہونے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اکتوبر 2020 میں عدالت اس وقت حیران رہ گئی تھی جب ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے سنوائی کے دوران ایک وکیل ان کے سامنے قمیض پہنے بغیر پیش ہوا تھا۔ اس وقت بنچ کی صدارت کرنے والے جسٹس ڈی وائی چندرچوڈ نے وکیل کی اس طرح کی حرکت پر ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ کچھ ڈسپلن کا مظاہرہ کیا جانا چاہیے۔

01 Dec 2020, 3:26 PM

جی ایچ ایم سی انتخابات، اگزٹ پولز پر پابندی

حیدرآباد: تلنگانہ اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپویشن (جی ایچ ایم سی) انتخابات کے اگزٹ پولز پر پابندی عائد کر دی۔ یہ پابندی بعض تکنیکی وجوہات کی بناپر بعض بوتھوں میں دوبارہ رائے دہی کے پیش نظر 3 دسمبر کی شام تک عائد کر دی گئی۔اولڈ ملک پیٹ ڈیویثرن میں رائے دہی،بیلٹ پیپر پر سی پی آئی کے نشان کی غلط طباعت کی وجہ سے روک دی گئی۔

01 Dec 2020, 2:03 PM

پونچھ میں 135 سالہ بزرگ نے ووٹ ڈالا

سری نگر: جموں و کشمیر میں ضلع پونچھ کے سرنکوٹ علاقے کے ایک دور افتادہ گاؤں ہلجارہ میں منگل کے روز ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل کے انتخابات میں ایک 135 سالہ شخص نے ووٹ ڈالا۔ ادھر سرحدی ضلع کپوارہ میں بھی سردی کے باوجود 105 سالہ بزرگ نے پولنگ بوتھ پر پہنچ کر اپنی رائے کا اظہار کیا۔

صوبہ جموں کے ضلع اودھم پور کے پنچھاری علاقے میں ایک تازہ شادی شدہ جوڑا شادی کے لباس میں ہی پولنگ بوتھ پر پہنچا اور ووٹ ڈالا۔ جموں و کشمیر میں آٹھ مرحلوں پر محیط ڈی ڈی سی اور پنچایتی و بلدیاتی ضمنی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی پولنگ منگل کے روز ہوئی۔ ان انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ ہفتے کے روز ہوئی تھی جس میں قریب 52 فیصد ووٹنگ ریکارڈ ہوئی تھی۔


01 Dec 2020, 1:58 PM

بی جے پی انتخابات میں دھاندلیوں کو یقینی بنانے کے لئے کوشاں... محبوبہ مفتی

سری نگر: پی ڈی پی صدر و سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے الزام لگایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) جموں و کشمیر کے انتخابات میں دھاندلیوں کو یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہند کے جمہوریت کا رخ موڑنے سے مجھے انتخابات میں ماضی میں ہونے والی دھاندلیاں یاد آ گئیں۔

انہوں نے اپنی ایک ٹوئٹ میں کہا کہ 'سال 2002 میں بی جے پی کے واجپئی جی نے جموں و کشمیر میں صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا تھا اور سال 2020 میں یہی بی جے پی جموں و کشمیر میں تمام انتخابات، میونسپل سے لے کر ڈی ڈی سی تک، میں دھاندلیوں کو یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہے'۔

موصوفہ نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ 'پی ڈی پی کے روف بٹ کو سری نگر میں بلدیاتی انتخابات کی ووٹنگ کے روز نظر بند کیا گیا۔ حکومت ہند کی طرف سے جمہوریت کا رخ موڑنے سے مجھے ماضی میں انتخابات میں ہونے والی وہ دھاندلیاں یاد آ گئیں جو جموں و کشمیر میں ہنگامہ آرائی کی وجہ بن گئیں'۔

01 Dec 2020, 9:38 AM

9 بجے تک 4.2 فیصد ووٹنگ

گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کے لئے ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔ صبح 9 بجے تک 4.2 فیصد پولنگ درج کیا گیا۔


01 Dec 2020, 9:37 AM

پہلے ووٹنگ کریں، پھر شکایت کریں: جی کسن ریڈی

مرکزی وزیر مملکت کشن ریڈی نے عوام سے ووٹ ڈالنے اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھر میں بیٹھے رہنا، ووٹ نہ ڈالنا اور حکومت پر تنقید کرنے کا کوئی مطلب نہیں ہے۔ آپ پہلے ووٹ کریں پھر حکومت پر سوال اٹھائیں۔ جی کشن ریڈی نے کہا کہ سبھی کو اپنے آئینی حقوق استعمال کرنے چاہئیں۔

01 Dec 2020, 8:59 AM

جموں و کشمیر: ڈی ڈی سی انتخابات کے دوسرے مرحلہ کی ووٹنگ جاری

جموں و کشمیر میں آج ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل (ڈی ڈی سی) کے دوسرے مرحلہ کے لئے ووٹنگ کی جا رہی ہے۔


01 Dec 2020, 8:51 AM

ووٹ ڈال کر جمہوریت کو مضبوط بنائیں: اویسی

جی ایچ ایم سی کے انتخابات کے لئے ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔ مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی نے صبح کے وقت اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ ووٹ ڈالنے کے بعد اویسی نے کہا کہ وہ حیدرآباد کے عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لئے ووٹ ڈالیں۔

انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’برائے کرم باہر نکلیں اور ووٹ ڈالیں۔ پُر امن حیدرآباد کے لئے ووٹ ڈالیں، حیدرآباد کی یکتا ثقافت اور شناخت اور ہندوستانی جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لئے ووٹ ڈالیں۔‘‘

01 Dec 2020, 8:11 AM

حیدرآباد کارپوریشن کے لئے ووٹنگ شروع، اویسی کاگڑھ ہے حیدرآباد

گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کےلئے ووٹنگ شروع ہوگئی ہے۔ ان انتخابات میں کل 1122 امیدوار ہیں اور ان امیدواروں میں سے 150 کونسلر منتخب کئے جانے ہیں۔ویسے حیدرآباد کو اسدالدین اویسی کاگڑھ تسلیم کیاجاتا ہے لیکن پچھلے انتخابات میں حکمراں ٹی آر ایس 99 سیٹیں جیت کر سب سے بڑی پارٹی کی شکل میں کامیاب ہوئی تھی۔واضح رہے گزشتہ انتخابات میں اویسی کی پارٹی کو 44 سیٹیں حاصل ہوئی تھیں۔اس مرتبہ بی جےپی کی اعلی قیادت نےان انتخابات پر بہت زیادہ توجہ دی ہے ۔ واضح رہےووٹنگ شام چھہ بجےتک ہوگی اور نتائج کااعلان 4دسمبر کو ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔