اہم خبریں: بائیں بازو لیڈر روزہ کا 92 سال کی عمر میں انتقال

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

19 Sep 2020, 10:01 PM

بائیں بازو کی لیڈر روزہ کا 92 سال کی عمر میں انتقال

ممبئی: بائیں بازو کی لیڈر و سابق رکن پارلیمنٹ روزہ دیش پانڈے کا ہفتہ کو انتقال ہوگیا۔ وہ 92 سال کی تھیں۔ خاندانی ذرائع نے یہ معلومات دی۔ وہ مشہور بائیں بازو لیڈر ایس اے ڈانگ کی بیٹی تھیں۔ انہیں بڑھاپے کی بیماریوں کی وجہ سے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ پسماندگان میں ایک بیٹی اور ایک بیٹا ہے۔

19 Sep 2020, 9:28 PM

آئی پی ایل 2020: ممبئی انڈینز نے چنئی سپر کنگز کے سامنے جیت کے لیے رکھا 163 رنوں کا نشانہ

آئی پی ایل کے تیرہویں سیزن میں پہلا میچ ممبئی انڈینز اور چنئی سپر کنگز کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔ ممبئی انڈینز نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے چنئی سپر کنگز کے سامنے جیت کے لیے 163 رنوں کا نشانہ دیا ہے۔ حالانکہ جس طرح کی تیز شروعات کپتان روہت شرما اور کوئنٹن ڈی کوک نے ممبئی انڈینز کو دی تھی، اس سے امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ ٹیم کا اسکور 190 کے آس پاس جائے گا، لیکن دونوں ہی اوپنر کے پانچویں اور چھٹے اوور میں آؤٹ ہونے کے بعد رن ریٹ کچھ نیچے چلا گیا۔ بعد ازاں جب سوربھ تیواری نے 42 رن بنا لیے تھے تو ایک بار پھر ممبئی انڈینز کی ٹیم بڑے اسکور کی طرف بڑھتی ہوئی دکھائی دے رہی تھی، لیکن فیف ڈوپلیسس نے باؤنڈری لائن پر ان کا بہترین کیچ پکڑ کر چنئی سپر کنگز کی بڑی کامیابی دلائی۔ چنئی سپرکنگز کی جانب سے لنگی انگیڈی نے سب سے زیادہ 3 وکٹ لیے۔

19 Sep 2020, 7:56 PM

گوپال گنج میں شوہر نے بیوی کا کیا قتل

گوپال گنج: بہار میں ضلع گوپال گنج تھانہ علاقہ میں ہفتہ کو ایک شخص نے اپنی بیوی کا قتل کردیا۔ پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ تلاچھا پور گاؤں کے رہائشی برجیش شاہ اپنی بیوی روبی دیوی (35)کو کھیت میں کام کرنے کے بہانے آج صبح اپنے ساتھ لے گیا، جہاں اس نے روبی کے سر پر کدال سے حملہ کر کے قتل کر دیا۔ واقعہ کو انجام دینے کے بعد وہ فرار ہوگیا۔ ذرائع نے بتایا کہ خبر ملنے پر موقع پر پہنچی پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔ پولیس ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپہ ماری کر رہی ہے۔


19 Sep 2020, 6:55 PM

لکھنؤ سے جعل ساز گروہ کا سرغنہ گرفتار

لکھنؤ: اترپردیش پولیس کے اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) نے الاسکا ریئل اسٹیٹ وغیرہ کمپنی کھول کر سرمایہ کاری پر 60 فیصدی کے حساب سے سود دینے کا لالچ دے کر سینکڑوں لوگوں سے تقریباً 60 کروڑ روپئے ہڑپنے والے گروہ کے سرغنہ اور کمپنی کے سی ایم ڈی ہری اوم یادو کو آج لکھنؤ کے گوسائی گنج علاقے سے گرفتار کیا ہے۔ ایس ٹی ایف کے ترجمان نے ہفتہ کو یہاں بتایا کہ گوسائی گنج علاقے کے سکٹو کا پوروا باشندہ ہری اوم یادو نے صدر پور کرورا گاؤں میں اپنی زمین پر دفتر بنا کر الاسکا ریئل اسٹیٹ اور الاسکا کموڈیج و ہری الاسکا انٹر پرائزز نام کی کمپنی کھول رکھی تھی اور خود اس کا ڈائریکٹر تھا۔

انہوں نے بتایا کہ کافی لمبے عرصے سے ملٹی لیول مارکیٹنگ کے ذریعہ سے عوام سے کروڑ روپئے کی ٹھگی کرنے والے گروہ کی اطلاعات موصول ہو رہی تھیں۔ اس ضمن میں پولیس نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آج صبح اس گروہ کے ماسٹر مائنڈ ہری اوم یادو کو سب انسپکٹر منوج سنگھ کی قیادت میں تشکیل ایس ٹی ایف کی ٹیم اور گوسائی گنج کی پولیس نے مل کر گرفتار کیا ہے

19 Sep 2020, 6:02 PM

پلوامہ میں فوجی گاڑی حادثے کا شکار، دو فوجی زخمی

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے اونتی پورہ علاقے میں ہفتے کے روز ایک فوجی گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس میں دو فوجی جوانوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اونتی پورہ کے ڈانگر پورہ علاقے میں ہفتے کو ایک فوجی گاڑی سڑک سے لڑھک کر کھیت میں جا گری جس کے نتیجے میں دو فوجی اہلکار زخمی ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ زخمی فوجی جوانوں کو علاج و معالجے کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق فوجی گاڑی کو بھی کافی نقصان پہنچا ہے۔


19 Sep 2020, 4:56 PM

ممبئی سے گوہاٹی کے لئے ایئر ایشیاء کی پرواز شروع

نئی دہلی: کفایتی ایئر لائن کمپنی ایئر ایشیاء انڈیا نے ہفتہ کے روز ممبئی سے گوہاٹی کے لئے اپنی نئی پرواز کا آغاز کیا۔ ایئر لائن کمپنی نے بتایا کہ وہ ممبئی میں اپنے نیٹ ورک کو مضبوط بنانے کے لئے، دو نئی پروازیں شروع کر رہی ہیں۔ گوہاٹی کے لئے پرواز آج سے شروع ہوگئی ہے، جبکہ سری نگر کے لئے پرواز پیر سے شروع ہوگی۔ ان راستوں پر مسافر کرایہ 5192 روپے سے شروع ہوگا۔

19 Sep 2020, 3:57 PM

آسمانی بجلی گرنے سے ایک بچے کی موت، 3 جھلسے

سلطانپور: اترپردیش کے ضلع سلطانپور کے گوسائی گنج علاقے میں ہفتہ کو بارش کے دوران آسمانی بجلی کی زد میں آکر ایک بچے کی موت ہوگئی جبکہ دیگر تین شدید طور سے زخمی ہوگئے۔ پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ گوسائی گنج علاقے کے مگن گنج (گڑولی) گاؤں کے 4 بچے صبح باغ میں کھیل رہے تھے۔ اس درمیان بارش کے دوران باغ میں آسمانی بجلی گری۔ جس سے باغ میں کھیل رہے گاؤں کے چار بچے بجلی کی زد میں آگئے۔ انہوں نے بتایا کہ اس حادثے میں ساجد(10) کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ جبکہ رجب علی، افسر اور سگن شدید طور سے زخمی ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی اہل خانہ موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا۔


19 Sep 2020, 2:54 PM

کورونا سے بچنے کے لئے باقاعدگی سے ٹسٹ کرائیں… نائیڈو

نئی دہلی:راجیہ سبھا کے چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے ہفتہ کے روز ایوان کے ممبران سے اپیل کی ہے کہ وہ باقاعدگی سے کورونا وائرس سے بچنے کے لئے جانچ کرائیں، تغذیہ سے خوراک لینے اور قوت مدافعت بڑھانے کے لئے دادی اماں کے نسخوں سے بھی مدد لینے کی اپیل کی ہے۔ ایوان کی کارروائی شروع ہونے کے بعد نائیڈو نے کہا کہ وہ ممبروں کی صحت کے حوالہ سے بہت پریشان ہیں اور اس سلسلے میں انہوں نے ہیلتھ، ہوم اور انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ سے بات چیت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ ہاؤس کیمپس میں کورونا سے متعلق آر ٹی، پی سی آر جانچ باقاعدگی سے ہو رہی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی آکسیجن کی سطح کی جانچ کی سہولت بھی یہاں دستیاب ہے۔ نائیڈو نے کہا کہ کورونا سے تحفظ کے لئے ماسک بہت ضروری ہے۔ لیڈروں کو گھر آنے والے لوگوں سے ماسک پہن کر مقررہ فاصلے سے بات کریں۔ انہوں نے کہا کہ انفیکشن سے بچنے کے لئے وقتاً فوقتاً ہاتھ دھوتے رہنا چاہیے۔ قوت مدافعت بڑھانے کے لئے تغذیہ سے بھرپور خوراک کے ساتھ دادی اماں کے نسخوں کو بھی آزمائیں، اس کے ساتھ ساتھ ورزش یا یوگا بھی کیا جاسکتا ہے۔

19 Sep 2020, 1:58 PM

پنجی: گوا میں پچھلے 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس (کووڈ-19) انفیکشن کے 644 نئے معاملے سامنے آنے کے ساتھ ہی متاثرین کی تعداد 26,783 ہوگئی ہے۔ اس دوران کورونا انفیکشن کی وجہ سے آٹھ لوگوں کی موت ہونے سے ریاست میں اس وبا سے مرنے والے لوگوں کی تعداد بڑھکر 327 ہوگئی ہے۔ گوا کے ہیلتھ سروس ڈائریکٹوریٹ کے مطابق پچھلے 36 گھنٹے کے دوران کورونا کے 399 مریض پوری طرح سے ٹھیک بھی ہوئے ہیں، جس سے کورونا ریکوری شرح بڑھ کر 77.82 ہوگئی ہے اور اب تک کل 20,844 مریض ٹھیک ہوچکےہیں۔ گوا میں کورونا کے 356 مریض گھر میں ہی قرنطینہ میں ہیں جبکہ 202 لوگ اسپتال میں داخل ہیں۔ ریاست میں جمعہ کو 1925 نمونوں کی کورونا جانچ کی گئی تھی۔ گوا میں اس وقت کورونا کے کل 5612 فعال معاملے ہیں۔


19 Sep 2020, 12:55 PM

اے پی کے وجئے واڑہ میں 6 ماہ بعد دکھائی دیں سٹی بسیں

حیدرآباد: تقریباً 6 ماہ کے عرصہ کے بعد اے پی کے وجئے واڑہ میں سڑکوں پر آرٹی سی سٹی بسیں دکھائی دیں۔ ہفتہ کو ان بسوں کو تجرباتی طور پر چلایا گیا۔ کووڈ-19 وبا کے پیش نظر ایک سیٹ پر صرف ایک مسافر کو ہی بیٹھنے کی اجازت دی گئی۔ سٹی بسوں کو نہ چلانے سے گزشتہ چھ ماہ سے غریب افراد اور چھوٹے تاجروں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ ان بسوں کا اقل ترین کرایہ پانچ روپئے ہے۔ ہر سٹی بس میں صرف تقریباً 60 فیصد ہی مسافرین کو بیٹھنے کی اجازت دی گئی۔ ہر اسٹاپ پر آرٹی سی ملازمین موجود ہوں گے۔ مسافرین کو سینیٹائزر ہاتھ پر لگانے کے بعد ہی بس میں چڑھنے کی اجازت دی گئی، ساتھ ہی ہر مسافر کے لئے ماسک لازمی قرار دیا گیا۔ تجرباتی بنیادوں پر فی الحال تقریباً 100 بسیں میلارم، ارگی پلی، وسناپیٹ، پامورو، ودیا دھرپور، منگل گری علاقوں میں چلائی گئیں۔

19 Sep 2020, 11:35 AM

ہندوستانی قوم کبھی بھی ظلم، تشدد، مذہبی فرقہ واریت کی حمایت نہیں کرسکتی... راہل

کانگریس رہنما و سابق صدر راہل گاندھی نے کہا کہ سوراج اور قوم پرستی کا براہ راست تعلق عدم تشدد سے ہے اور ہندوستانی قوم کبھی بھی ظلم، تشدد اور مذہبی فرقہ واریت کی حمایت نہیں کرسکتی۔


19 Sep 2020, 11:19 AM

این آئی اے نے القاعدہ کے 9 ارکان کیے گرفتار

کوچی: قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے) نے ہفتہ کے روز بین الاقوامی دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے 9 ارکان کو گرفتار کیا ہے جن میں چھ مغربی بنگال اور تین کیرالہ کے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایجنسی نے اپنی ملک گیر مہم کے تحت اس تنظیم کے تین ارکان کو کیرالہ کے ارناکلم اور چھ کو مغربی بنگال کے ضلع مرشد آباد سے گرفتار کیا۔ انہیں آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ذرائع نے دعویٰ کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتارافراد کا پاکستان سے رابطہ ہے اور ان کا نئی دہلی سمیت ملک کے بہت سے سرکاری اداروں کو نشانہ بنانے کا تھا۔ ان کے پاس سے متعدد دھماکہ خیزآلات اورجہادی ادب برآمد ہوئے ہیں۔

19 Sep 2020, 10:07 AM

امریکی سپریم کورٹ کی جج روتھ گنز برگ کا انتقال، ٹرمپ کا اظہار تعزیت

مریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سپریم کورٹ کی جج روتھ گنز برگ کی موت پرتعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ گنزبرگ کی موت سے غمزدہ ہیں ۔ انہوں نے کہا ’’وہ ایک حیرت انگیز خاتون تھیں ۔‘‘ صدر نے ابھی تک عدالت عظمی کے جج کے عہدے کے لئے کسی امیدوار کا اعلان نہیں کیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے پریس کے ترجمان کے میک نینی نے کہا کہ وائٹ ہاؤس کے جھنڈے کو گنز برگ کے اعزاز میں جھکا دیا گیا ہے۔

خیال رہے گنزبرگ کا جمعہ کو انتقال ہوگیا تھا۔ وہ 87 سال کی تھیں اور کینسر سے لڑ رہی تھیں۔ وہ 27 سال تک اس منصب پر فائز رہیں۔ اے بی سی نیوز کے مطابق اس عہدہ کے لئے ممکنہ امیدواروں کی فہرست میں صرف ایک خاتون کا نام شامل ہے۔


19 Sep 2020, 8:07 AM

نرسنگ کالج کی طالبہ نے پھندہ لگاکر خودکشی کی

ہماچل پردیش کے سرمور ضلع میں پچھاد اسمبلی حلقہ کے بڈوصاحب اکال نرسنگ کالج کی طالبہ نے اپنے کمرے میں آج پھندہ لگاکر خودکشی کرلی۔
پولیس نے بتایا کہ طالبہ پانوٹہ صاحب سب ڈویژن کی رہنے والی تھی۔ طالبہ نے ہوسٹل میں اپنے کمرے میں پنکھے سے دوپٹہ کا پھندہ لگاکر خودکشی کی۔ خودکشی کے اسباب کا پتہ نہیں چل سکا ہے اور جانچ جاری ہے۔
پولیس کے مطابق طالبہ صبح کی شفٹ میں ڈیوٹی کرکے اپنے کمرے میں آئی تھی۔ اس کی دیگر دو روم میٹ میں سے ایک شام کی شفٹ میں ڈیوٹی کرنے اور دوسری کسی دیگر کام سے باہرگئی ہوئی تھی۔ جب ایک۔طالبہ ریسرچ بک لینے کمرے میں گئی تو اس نے دروازہ کھٹکھٹایا لیکن دروازہ نہیں کھلا۔ طالبہ نے اس کی اطلاع کالج انتظامیہ کو دی۔ جس کے بعد دروازہ توڑا گیا توطالبہ کمرے میں پنکھے سے لٹکی ہوئی ملی۔
سرمور ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ اجے کرشن شرما نے بتایا کہ پولیس نے معاملہ درج کرکے طالبہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد رشتہ داروں کے سونپ دی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔