اہم خبریں: ’ایک دو دن میں حالات بہتر نہیں ہوئے تو دہلی میں مزید سختی کی جائے گی‘

وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال
وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال
user

قومی آوازبیورو

17 Apr 2021, 6:08 PM

ایک دو دن میں حالات بہتر نہیں ہوئے تو دہلی میں مزید سختی کی جائے گی: کیجریوال

راجدھانی دہلی میں کورونا کے حالات خطرناک ہوتے جا رہے ہیں۔ ہفتہ کے روز دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا کہ آج 24 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں۔ اسپتالوں میں بستر، آکسیجن اور انجکشن کی کمی تیزی سے ہو رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ اگر ایک دو دن میں حالات بہتر نہیں ہوئے تو مزید سخت قدم اٹھائے جائیں گے۔

17 Apr 2021, 2:28 PM

معروف اداکار اور سوشل ایکٹوسٹ سونو سود کورونا وائرس سے متاثر

لاک ڈاؤن سے لے کر اب تک مہاجر مزدوروں اور ضرورت مندوں کی مدد کرنے والے بالی ووڈ کے اداکار سونو سود کورونا وائرس سے متاثر گئے ہیں۔ انہوں نے ٹوئٹر پر اس کی اطلاع دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ خانہ قرنطینہ میں ہیں اور فکر کرنے کی کوئی بات نہیں ہے۔

سونو سود نے ٹوئٹ کے ذریعے کہا، ’’نمسکار دوستو! میں آپ کو مطلع کرنا چاہتا ہوں کہ کووڈ-19 کا میرا ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے۔ اس لئے میں نے خود کو کوارنٹین کر لیا ہے۔ فکر کرنے کی کوئی بات نہیں، الٹے میرے پاس پہلے سے زیادہ وقت رہے گا آپ کی مشکلوں کو ٹھیک کرنے کا۔ یاد رہے کوئی بھی تکلیف ہو، میں آپ کے ساتھ ہوں۔‘‘

17 Apr 2021, 1:25 PM

مرکز نے تین طلاق سے مسلم خواتین کی آزادی کے لئے قانون بنایا، دیدی ناراض ہو گئیں، مودی

اسنسول میں انتخای جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا، ’’گزشتہ 10 سالوں میں دیدی (ممتا بنرجی) نے ترقی کے نام پر آپ (عوام) سے دھوکہ کیا۔ مرکز نے 5 لاکھ تک کی مفت ہیلتھ کیئر فراہم کی، وہ دیوار بن گئیں۔ مرکز نے پناہ گزینوں کے حق میں قانون بنایا تو اس کی بھی انہوں نے مخالفت کی۔ مرکز نے مسلم خواتین کی تین طلاق سے آزادی کے لئے قانون بنایا وہ تب بھی ناراض ہو گئیں۔ مرکز نے کسانوں کو بچولیوں سے آزاد کرنے کے لئے قانون بنایا وہ ناراض ہو گئیں۔ بنگال کو وہ حکومت نہیں چاہیئے جو ترقی کو بلاک کرتی ہو بلکہ بنگال کو ڈبل انجن کی حکومت چاہیئے۔‘‘


17 Apr 2021, 11:44 AM

لال قلعہ تشدد کے ملزم دیپ سدھو کی درخواست ضمانت منظور

یومِ جمہوریہ کے موقع پر دہلی میں نکالی جانے والی کسان ٹریکٹر پریڈ کے دوران ہونے والے تشدد کے کلیدی ملزم دیپ سدھو کی درخواست ضمانت دہلی ہائی کورٹ سے منظور کر لی گئی ہے۔

17 Apr 2021, 10:30 AM

کورونا کے حالات کا جائزہ لینے کے لئے کیجریوال نے اجلاس طلب کیا

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے آج کورنا کے حالات کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس طلب کیا ہے۔ اجلاس میں کووڈ-19 منیجمنٹ کے نوڈل منسٹر منیش سسودیا، وزیر صحت ستیندر جین اور دیگر عہدیداران شرکت کریں گے۔


17 Apr 2021, 9:27 AM

کورونا بحران کے سبب کمبھ میلہ کو اب علامتی طور پر چلایا جائے، وزیر اعظم مودی

وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’آچاریہ مہامنڈلیشور سوامی اودھیشانند گری سے آج فون پر بات کی۔ تمام سنتوں کے صحت کا حال جانا۔ تمام سنت انتظامیہ کو ہر طرح کا تعاون دے رہے ہیں۔ میں نے اس کے لئے دنیائے سنت کا شکریہ ادا کیا۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’میں نے درخواست کی ہے کہ دو شاہی اسنان ہو چکے ہیں اور اب کمبھ کورونا بحران کے سبب علامتی ہی رکھا جائے۔ اس سے اس بحران سے لڑائی کو ایک طاقت ملے گی۔‘‘

17 Apr 2021, 7:37 AM

مغربی بنگال میں پانچوے مرحلہ کے لئے ووٹنگ شروع، 342 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ہوگا

مغربی بنگال اسمبلی کے لئے جاری انتخابات کے پانچوے مرحلہ کےلئےآج صبح ووٹنگ شروع ہو گئی۔ اس مرحلہ میں 45 اسمبلی نشستوں کےلئےووٹنگ ہونی ہے اور اس میں 342 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ہوگا ۔ اس مرحلہ میں ایک کروڑ 13 لاکھ 73ہزار 307 ووٹر اپنی رائے کا اظہار کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔