اہم خبریں: دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کورونا پازیٹو، ٹوئٹ کر دی جانکاری

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

14 Sep 2020, 9:21 PM

دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا ہوئے کورونا انفیکشن کے شکار

دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کورونا انفیکشن کی زد میں آ گئے ہیں۔ انھوں نے خود ٹوئٹ کر کے اس کی جانکاری دی۔ فی الحال انھوں نے خود کو سیلف آئسولیشن میں رکھا ہے۔ منیش سسودیا نے اپنے ٹوئٹ میں یہ بھی لکھا کہ "فی الحال بخار یا دیگر کوئی پریشانی نہیں ہے۔ میں پوری طرح ٹھیک ہوں۔ آپ سب کی دعاؤں سے جلد ہی مکمل صحت یاب ہو کر کام پر لوٹوں گا۔"

14 Sep 2020, 8:20 PM

دہلی: کورونا انفیکشن کے نئے معاملوں میں کچھ کمی واقع، 3229 کیسز درج

راجدھانی میں کورونا وائرس انفیکشن میں مسلسل پانچ دنوں سے سامنے آرہے 4000 سے زیادہ معاملوں کے بعد پیر کو نئے معاملوں میں کمی درج کی گئی ہے اور آج 3229 معاملے سامنے آئے ہیں۔ دہلی کے وزارت صحت کی طرف سے پیر کو جاری اعدادوشمار میں 3229 نئے مریضوں کے ساتھ ہی مجموعی متاثروں کی تعداد بڑھ کر 221533 ہوگئی ہے۔ اس دوران 3374 اور مریضوں کے صحتیاب ہونے سے اب تک مجموعی طور سے 188122 لوگ کورونا وائرس کو مات دے چکے ہیں۔ اسی مدت میں کورونا انفیکشن سے 26 اور مریضوں کی موت ہونے سے اس وبا سے مرنے والے لوگوں کی تعداد بڑھ کر 4770 ہوگئیں ہے۔

14 Sep 2020, 7:39 PM

سعودی عرب جنوری 2021 سے سفر کی پابندی ہٹائے گا

سعودی عرب نے یکم جنوری 2021 سے سفر کی پابندی ہٹانے کا اعلان کیا ہے۔ وزارت داخلہ نے اتوار کو یہاں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ کچھ ممالک میں کورونا معاملوں کی صورت حال کے پیش نظر سفر کی پابندی ہٹانے میں تاخیر ہو رہی ہے۔ وزارت صحت نے بتایا کہ وہ صورت حال کے مطابق احتیاطی طریقہ کار کا نفاذ کرے گا۔ وزارت کے مطابق کچھ علاقوں کے لوگوں کو سفر کرنے کی اجازت دی جائے گی جن میں سرکاری افسر، ڈپلومیٹ اور بیمار لوگ شامل ہیں۔ بین الاقوامی پروازوں پر جزوی پابندی ہٹالی جائےگی اور ملک میں آمدورفت کے لئے زمینی، بحری اور ہوائی سرحدوں کو کھول دیا جائے گا۔ سعودی عرب میں اس وقت کورونا انفیکشن کے معاملوں میں کمی آرہی ہے۔


14 Sep 2020, 6:27 PM

جے ڈی یورکن پارلیمنٹ ہری ونش نارائن راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین منتخب

راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ اور جنتا دل یو لیڈر ہری ونش نارائن سنگھ کو دوبارہ راجیہ سبھا کا ڈپٹی چیئرمین منتخب کر لیا گیا ہے۔ اپوزیشن کی جانب سے آر جے ڈی لیڈر منوج جھا اور این ڈی اے کی جانب سے جے ڈی یو لیڈر ہری ونش کے درمیان کانٹے کی ٹکر تھی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ایوان میں کہا کہ میں ہری ونش جی کو ڈپٹی چیئرمین منتخب کیے جانے کے لیے مبارکباد دیتا ہوں۔ پی ایم مودی نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ایک صحافی اور سماجی خدمت گار ہونے کے ناطے انھیں بہت لوگ پسند کرتے ہیں۔

14 Sep 2020, 5:58 PM

گھر کے باہر بیٹھی خاتوں کو بے قابو موٹر سائیکل سوار نے ماری ٹکر، ہوئی موت

چھپرہ: بہار میں سارن ضلع کے تریا تھانہ علاقہ میں سموار کو سڑک حادثے میں ایک خاتون کی موت ہوگئی۔ پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ لوہار ٹولی گاﺅں باشندہ لال بہادر شرما کی اہلیہ چمیلی دیوی (50) تریا ۔ پانا پور اسٹیٹ ہائی وے نمبر 104 پر پٹرول پمپ کے نزدیک اپنے گھر کے دروازے پر بیٹھی ہوئی تھی۔ اسی دوران ایک تیز رفتار بے قابو موٹر سائیکل سوار خاتون کو کچلتے ہوئے موٹر سائیکل سمیت مذکورہ خاتون کے اوپر گر گیا۔ اس حادثہ میں خاتون شدید طور سے زخمی ہوگئی ۔ زخمی خاتون کے اہل خانہ علاج کے لئے نزدیکی صحت مرکز لے کر جارہے تھے کہ اسی دوران اس کی موت ہوگئی۔ ذرائع نے بتایا کہ واقعہ میں موٹر سائیکل ڈرائیور بھی جزوی طور سے زخمی ہوگیا ہے۔ جس کا علاج پرائیوٹ نرسنگ ہوم میں کیا جا رہا ہے۔ دریں اثناء واقعہ سے مشتعل گاﺅں والوں نے لاش اسٹیٹ ہائی وے نمبر 104 پر رکھ کر سڑک جام کر دی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچی پولیس نے لوگوں کو سمجھا ۔ بجھا کر جام ختم کرایا۔ لاش پوسٹ مارٹم کے لئے چھپرہ صدر اسپتال بھیج دی گئی ہے۔


14 Sep 2020, 4:55 PM

سری نگر میں واقع بی ایس این ایل کا مرکزی دفتر ایک ہفتے بعد کھل گیا

سری نگر: سرکاری مواصلاتی کمپنی بھارت سنچار نگم لمیٹڈ (بی ایس این ایل) کا یہاں ایکسچینج روڈ پر واقع مرکزی دفتر پیر کو ایک ہفتے کے بعد دو بارہ کھول دیا گیا۔ یہ دفتر کچھ ملازموں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آںے کے بعد 7 ستمبر کو بند کر دیا گیا تھا اس سے قبل بھی یہ دفتر کچھ ملازموں کا ٹیسٹ مثبت آنے کی وجہ سے بند کیا گیا تھا۔ پیر کے روز صارفین کی بڑی تعداد کو دفتر کے باہر اپنے مختلف امور کی انجام دہی کے لئے جمع دیکھا گیا۔ محمد یوسف نامی ایک صارف نے بتایا کہ مرکزی دفتر بند رہنے کی وجہ سے صارفین کو گونا گوں مشکلات سے دوچار ہونا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ ہم قریب ہر روز یہاں آتے تھے لیکن دفتر بند پاکر مایوس ہی گھر واپس لوٹ جاتے تھے۔ موصوف نے کہا کہ دفتر کی حفاظت پر مامور سیکورٹی اہلکار گیٹ سے ہی ہمیں واپس بھیجتے تھے۔ تاہم اس دوران ایک پرائیویٹ ایجنٹ دفتر سے کچھ دوری پر بی ایس این ایل کے سم کارڈس فروخت کر رہا تھا اور بل جمع کرنے کے لئے صارفین سے دس روپے کا اضافی چارج وصولتا تھا۔

14 Sep 2020, 3:58 PM

تھوک مہنگائی میں 0.16 فیصد کا ہوا اضافہ

پچھلے مہینے ہول سیل افراط زر کی شرح سے متعلق ایک رپورٹ جاری کی گئی ہے، جولائی کے مہینہ میں -0.58 فیصد کے مقابلے میں اگست ماہ میں تھوک افراط زر میں 0.16 فیصد کا اضافہ ہوا۔


14 Sep 2020, 2:56 PM

وائی ایس آر کانگریس کے دو ارکان پارلیمنٹ کورونا سے متاثر

حیدرآباد: پارلیمنٹ کے مانسون سیشن میں شرکت کے لئے دہلی پہنچے وائی ایس آرکانگریس کے دو ارکان پارلیمنٹ کورونا سے مثبت پائے گئے، جس کی وجہ سے وہ اس سیشن میں شریک نہیں ہوسکے۔ وشاکھاپٹنم کے اراکو حلقہ کی نمائندگی کرنے والی مادھوی بخار سے متاثر تھی جس پر عہدیداروں نے ان کا کورونا کا معائنہ کیا۔ اس معائنہ کی رپورٹ مثبت آئی، جس کے بعد ان کو قومی دارالحکومت نئی دہلی میں ہی دو ہفتوں تک قیام کرتے ہوئے علاج کروانے کا مشورہ دیا گیا۔ ساتھ ہی ان کی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ریڈپا بھی اس موذی مرض سے متاثر ہوئے۔ ریڈپا حلقہ چتور کی پارلیمنٹ میں نمائندگی کرتے ہیں۔ ان کے بھی کورونا سے متاثر ہونے کے بعد ان کو الگ تھلگ رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

14 Sep 2020, 1:58 PM

قنوج جیل سے فرار ہوا قیدی

قنوج: اترپردیش کے ضلع قنوج میں بنی عارضی جیل سے آج ایک قیدی فرار ہوگیا۔ کورونا بحران کے دوران ضلع میں پولیس لائن روڈ واقع سینٹ جیویرئس اسکول میں عارضی جیل بنائی گئی تھی۔ جیل کی کھڑی کاٹ کر آج قیدی فرار ہوگیا۔ دراصل قیدیوں کو جیل میں ڈالنے سے پہلے انہیں کوارنٹائن کیا جاتا ہے۔ فرار قیدی کا نام پرمود ہے۔ جسے کچھ دن پہلے تال گرام پولیس نے اسلحہ فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ اطلاع ملنے پر سپرنٹنڈنٹ آف جیل نے موقع واردات کاجائزہ لیا اور ملزم کی گرفتاری کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔


14 Sep 2020, 12:52 PM

تاجر کے قتل پر پرینکا گاندھی نے اتر پردیش حکومت کو گھیرا

نئی دہلی: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے مہوبہ میں ایک تاجر کے قتل پر آج اترپردیش سرکار کو گھیرتے ہوئے ریاست میں جنگل راج کا الزام لگایا۔ پرینکا گاندھی واڈرا نے ایک مشہور ہندی روزنامہ کی خبر کا لنک شیئر کرتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا ’’مہوبہ کے تاجر اندراکانت ترپاٹھی کا قتل پوری ریاستی حکومت کے طریق کار پر ایک سوال ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت میں جرائم اوربدعنوانی اپنے عروج پر ہے۔ اب اس حکومت کے افسران بدعنوانی کے خلاف آواز اٹھانے والوں کو سپاری دلوا رہے ہیں‘‘۔ ’’استحصال پر آواز اٹھانا موت کا سبب بنا‘‘ عنوان سے شائع اس خبر پر کانگریس لیڈر نے لکھا ’’یہ جنگل راج کی خوفناک شکل ہے‘‘۔

14 Sep 2020, 11:59 AM

ٹاک ٹاک کے لئے مائیکرو سافٹ کی بولی مسترد

واشنگٹن: مائیکرو سافٹ نے کہا ہے کہ چینی شارٹ دیڈیو ایپ ٹک ٹاک خریدنے کے لئے پروموٹر کمپنی ’بائٹ ڈانس‘ نے اس کی بولی مسترد کردی ہے۔ مائیکرو سافٹ نے ایک بیان میں کہا کہ ان کی بولی مسترد کیے جانے کی جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ بائٹ ڈانس نے کہا ہے کہ وہ ٹک ٹاک کو امریکی مائیکرو سافٹ کو فروخت نہیں کرے گی۔ مائیکرو سافٹ نے گزذشتہ ماہ جاری ایک بیان میں کہاتھا کہ وہ ٹک ٹاک کا امریکہ، کینیڈا اور نیوزی لینڈ میں کاروبار خریدنے کی خواہاں ہے۔ قابل ذکر ہے کہ امریکہ میں چینی ایپ پر پابندی عائد ہونے کے دہانے پر ہے اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بائٹ ڈانس سے ٹک ٹاک کے امریکی کاروبار کو فروخت کرنے کے لئے 100 دن کی مہلت دے رکھی ہے۔ ایسی اطلاعات ہیں کہ امریکی کمپنی ’اوریکل‘ اب ٹک ٹاک خرید سکتی ہے۔


14 Sep 2020, 10:54 AM

امریکہ میں کورونا متاثرین کی تعداد 65 لاکھ سے متجاوز

واشنگٹن: امریکہ میں کورونا وائرس (کووڈ ۔19) سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 65 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سینٹر فار سائنس اینڈ انجینئرنگ (سی ایس ایس ای) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں اتوار کے روز مقامی وقت کے مطابق ایک بجکر چھبیس منٹ تک 6501904 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ کیلیفورنیا اس مہلک وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔ جہاں اب تک اس جان لیوا وائرس کے 759437 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس کے بعد فلوریڈا 660000 اور نیویارک میں 444365 کیسز ہیں۔

14 Sep 2020, 9:56 AM

اپنی جان خود بچائیں کیونکہ وزیر اعظم مور کے ساتھ مصروف ہیں... راہل گاندھی

راہل گاندھی نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ "اس ہفتے کورونا انفیکشن کے اعداد و شمار 50 لاکھ اور 10 لاکھ فعال معاملات کو عبور کرلیں گے۔ غیر منصوبہ بند لاک ڈاؤن ایک شخص کی انا کی پیداوار ہے جس کی وجہ سے پورے ملک میں کورونا پھیل گیا ہے۔ مودی حکومت نے کہا کہ خود کفیل بنیں، یعنی اپنی جان خود بچائیں کیونکہ وزیر اعظم مور کے ساتھ مصروف ہیں۔ "


14 Sep 2020, 8:09 AM

دہلی میں پانچویں دن بھی کورونا کے 4000 سے زائد معاملہ

دارالحکومت دہلی میں کورونا کا قہر تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور مسلسل پانچویں دن اتوار کو بھی کورونا وائرس (کووڈ ۔19) کے 4000 سے زائد کیسز سامنے آئے ۔ انفیکشن کے بڑھتے ہوئے قہر کو روکنے کی کوششوں میں ممنوعہ علاقوں کی تعداد 1480 سے تجاوز کر گئی۔
دہلی میں جمعہ کو 4266 کیسز سامنے آئے اور ہفتہ کو بھی 4،321 نئے کیسزسامنے آئے تھے ۔ تشویش کی بات یہ ہے کہ اس دوران ممنوعہ علاقوں کی تعداد 105 سے بڑھ کر 1488 ہوگئی ہے۔
ادھر نئے کیسز کی نسبت صحت یاب ہونے والوں کی تعداد کم رہنے سے صحت یابی کی شرح بھی کم ہورہی ہے۔ صحت کی شرح کل کے 84.68 فیصد سے گر کر آج 84.62 فیصد ہوگئی ہے۔ دہلی کی وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 4235 نئے مریضوں سے متاثر ین کی مجموعی تعداد 218304 تک پہنچ گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

/* */