اہم خبریں: پرینکا گاندھی نے کانگریس کے سینئر لیڈر سریندر پرکاش گویل کے انتقال پر کیا اظہارِ غم

پرینکا گاندھی، تصویر گیٹی ایمج
پرینکا گاندھی، تصویر گیٹی ایمج
user

قومی آوازبیورو

14 Aug 2020, 2:02 PM

پرینکا گاندھی نے کانگریس کے سینئر لیڈر سریندر پرکاش گویل کے انتقال پر کیا اظہارِ غم

کانگریس کے سینئر لیڈر سریندر پرکاش کی موت آج علی الصبح کورونا انفیکشن کی وجہ سے ہوگئی۔ اس خبر کو سننے کے بعد کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے انتہائی افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے اپنے ایک فیس بک پوسٹ میں لکھا ہے کہ ”سریندر پرکاش گویل جی کے انتقال کی خبر ملی۔ وہ کانگریس کے ایک مضبوط اور وفادار لیڈر و مقبول عوامی نمائندہ تھے۔ ان کے انتقال سے کانگریس پارٹی کو ناقابل تلافی خسارہ ہوا ہے۔ اس غم کے لمحات میں بھگوان ان کے اہل خانہ کو تکلیف برداشت کرنے کی ہمت دے۔“

14 Aug 2020, 1:20 PM

اتر پردیش کے رکن اسمبلی وجے مشرا کو مدھیہ پردیش پولس نے کیا گرفتار

اتر پردیش کے گیان پور سے زور آور رکن اسمبلی وجے مشرا کو مدھیہ پردیش پولس نے گرفتار کر لیا ہے۔ یہ گرفتاری آگر مالوا ضلع سے ہوئی ہے۔ اس سلسلے میں اتر پردیش کی بھدوہی پولس کو مطلع کر دیا گیا ہے اور بھدوہی پولس وجے مشرا کو یو پی لانے کے لیے مدھیہ پردیش کے لیے روانہ ہو گئی ہے۔

14 Aug 2020, 11:51 AM

توہین عدالت کے قصوروار ٹھہرائے گئے پرشانت بھوشن، 20 اگست کو سزا پر بحث

سپریم کورٹ نے سینئر وکیل پرشانت بھوشن کے ذریعہ ملک کے چیف جسٹس اور ان کے پہلے کے چار چیف جسٹس آف انڈیا کے متعلق کیے گئے ٹوئٹ کو عدالت کی توہین قرار دیا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق اس سلسلے میں اب سپریم کورٹ میں آئندہ 20 اگست کو سزا پر بحث ہوگی۔


14 Aug 2020, 11:10 AM

جیا خان کی طرح سوشانت کی موت کو بھی خودکشی ٹھہرایا جا رہا: رابعہ خان

سوشانت سنگھ راجپوت کی موت معاملہ کی جانچ سی بی آئی سے کرانے کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے۔ اب اس فہرست میں بالی ووڈ اداکارہ جیا خان کی ماں رابعہ خان کا بھی نام شامل ہو گیا ہے۔ انھوں نے اپنے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ سوشانت کی موت خودکشی نہیں بلکہ قتل ہے۔ ساتھ ہی رابعہ خان نے یہ بھی لکھا ہے کہ ”جس طرح ان کی بیٹی کی موت کو خودکشی ٹھہرا دیا گیا تھا، ٹھیک ویسے ہی سوشانت کے کیس میں بھی ہوا ہے۔“

14 Aug 2020, 10:38 AM

جموں و کشمیر: نوگام میں پولس اہلکاروں پر دہشت گردوں کی فائرنگ، دو جوان شہید

جموں و کشمیر کے نوگام میں سری نگر کے باہری علاقہ میں ایک پولس پارٹی پر دہشت گردوں کے ذریعہ حملے کی خبر سامنے آئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس حملہ میں دو پولس اہلکار شہید ہو گئے ہیں جب کہ ایک کو زخمی حالت میں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولس نے اس علاقے کا محاصرہ کر لیا ہے اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائی شروع کی گئی ہے۔


14 Aug 2020, 9:51 AM

ہندوستان کووڈ-19 ویکسین بنانے والے ممالک میں شامل ہوگا: راہل گاندھی

کانگریس کے سابق صدر اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے کورونا ویکسین کے تعلق سے آج ایک بڑا بیان دیا ہے۔ انھوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ”ہندوستان کووڈ-19 ویکسین بنانے والے ممالک میں شامل ہوگا۔ یہ ضروری ہے کہ ویکسین کی لوگوں تک رسائی ایک واضح، جامع اور مساوی حکمت عملی کے تحت ہو۔ حکومت ہند کو اس طرف توجہ دینی چاہیے۔“

14 Aug 2020, 9:21 AM

کانپور: زبردست بارش کے بعد ہٹیا بازار میں چار منزلہ عمارت منہدم، 2 افراد کی موت

اتر پردیش کے کانپور واقع ہٹیا بازار میں جمعرات کی دیر شام زبردست بارش کے بعد ایک چار منزلہ عمارت منہدم ہو گیا۔ اس حادثہ میں دو لوگوں کی موت واقع ہوئی ہے۔ کانپور کے ڈی آئی جی پریتیندر سنگھ نے میڈیا سے بات چیت کے دوران بتایا کہ ”دو لاشوں کو نکال لیا گیا ہے اور ملبہ ہٹانے کا کام ہنوز جاری ہے۔“


14 Aug 2020, 8:36 AM

ہندوستان میں آج پھر ٹوٹا کورونا کا ریکارڈ 69 ہزار سے زائد نئے کیسز درج

ہندوستان میں کورونا وائرس انفیکشن روزانہ نئی اونچائیاں چھوتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں اب تک کے سب سے زیادہ 69612 کورونا مریض سامنے آئے ہیں اور اس دوران ایک ہزار سے زائد مریضوں کی موت بھی واقع ہو گئی ہے۔ اس طرح سے اب ہندوستان میں مجموعی مریضوں کی تعداد بڑھ کر 24 لاکھ 56 ہزار 73 ہو گئی ہے۔

14 Aug 2020, 8:12 AM

سوشانت کیس: 21 اگست کو اجے اگروال کی درخواست پر سماعت

سپریم کورٹ نے اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کی تحقیقات کے لئے بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر اور وکیل اجے اگروال کی درخواست پر سماعت 21 اگست تک ملتوی کردی۔
چیف جسٹس شرد اروند بوبڈے، جسٹس اے ایس بوپنا اور جسٹس وی راما سبرمنیم کے ڈویژن بنچ نے درخواست گزار کی علالت کے سبب سماعت ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔ مسٹر اگروال نے ایک خط لکھا تھا جس میں ان کے علیل ہونے کی وجہ سے سماعت میں شرکت نہ کرنے کا حوالہ دیا گیا تھا، جس کے بعد سماعت اگلے ہفتے جمعہ تک کے لئے ملتوی کردی گئی۔
مسٹر اگروال نے مفاد عامہ کی اپنی عرضی میں کہا ہے کہ جس طرح ممبئی پولیس اس معاملے کی تحقیقات کررہی ہے اس سے پورا ملک حیران ہے اور اس کے لئے مربوط تفتیش ضروری ہے۔ عدالت عظمی نے اس سے قبل 30 جولائی اور 7 اگست کو الکا پریا اور ممبئی میں مقیم قانون کی طالب علم دویندر دوبے کی مفاد عامہ کی درخواستوں کو خارج کردیا تھا۔
اہم بات یہ ہے کہ 7 اگست کو عدالت نے دوبے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ مقتول کے والد نے اس معاملے میں خود ہی عدالت سے رجوع کیا ہے، لہذا اس میں کسی دیگر کی مداخلت کی ضرورت نہیں ہے۔


14 Aug 2020, 7:32 AM

سٹہ بازار کے کنگ جیگنیش ٹھاکر کے قتل کاکلیدی ملزم گجرات سے گرفتا ر

تھانہ پولیس کی کرائم برانچ نے 43 سالہ سٹہ بازار کے کنگ مٹکا کنگ جیگنیش ٹھاکر کے قتل کے الزام میں کلیدی ملزم سمیت دوملزمین کو گرفتار کیا ہے ۔مضافاتی علاقے کلیان میں جیگنیش ٹھاکر کو 31 جولائی کو گولی مارکر قتل کردیاگیاتھا۔گرفتارملزمین میں 43 سالہ دھرمیش شاہ کلیدی ملزم ہے اور اس کاٹھاکر سے مالی تنازعہ تھا جس کے بعد اس نے ٹھاکرکو قتل کرنے کافیصلہ کیاتھا۔ دوسرے ملزم کی شناخت 35سالہ سنیل گجانن نارویکر کے طورپر ہوئی ہے۔ کرائم برانچ نےاس قتل معاملےمیں اب تک 5؍ افراد کو گرفتار کیا ہے۔جیگنیش ٹھاکر کو 31 جولائی کورات دس بجے کے لگ بھگ سویاش پلازہ بلڈنگ کمپاؤنڈ میں چار بائیک سوار وں نے فائرنگ کر کے ہلاک کردیا تھا۔مہاتما پھلے پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر این بنکر نے کہا کہ ’’ہم نے ٹھاکر کے قتل کے ذمہ دار پانچوں افراد کو گرفتار کیا ہے۔ دھرمیش کو تھانہ کرائم برانچ نے بدھ کے روز گجرات سے گرفتار کیا تھا۔تمام گرفتارملزمین پر قتل کے الزام میں دفعہ 302کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔مہاتما پھلے پولیس کے مطابق ، اس سے قبل کرائم برانچ نے جے پال بال سنگھ کو گرفتار کیاتھاجس نے دھرمیش کے ساتھ مل کر فائرنگ کی تھی ۔بعد میں پولیس نے دو اور ملزمین امجد پٹھان اور دھرمیش کے چھوٹے بھائی دھن راج شاہ کو گرفتارکیاہے ۔امجد پٹھان منشیات کے معاملات میں ملوث ہے جبکہ دھن راج شاہ قتل کے چھ معاملات میں مطلوب ملزم ہے ۔پولیس نے دھرمیش کے دوست چیتن پٹیل کو بھی گرفتارکیاہے ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔